1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
آفاتترکی

عمارتوں میں ناقص میٹریل، ترک میئر سمیت 184 افراد گرفتار

25 فروری 2023

ترک حکومت نے عمارتوں میں مبینہ طور پر ناقص میٹریل استعمال کرنے کے الزام میں ایک مئیر اور درجنوں ٹھیکداروں سمیت کُل ایک سو چوراسی افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ حالیہ زلزلے سے ڈیڑھ لاکھ سے زائد عمارتیں متاثر ہوئی ہیں۔

ناقص میٹریل استعمال کرنے کے الزام میں ایک مئیر اور درجنوں ٹھیکداروں سمیت کُل ایک سو چوراسی افراد کو گرفتار کر لیا ہے
ناقص میٹریل استعمال کرنے کے الزام میں ایک مئیر اور درجنوں ٹھیکداروں سمیت کُل ایک سو چوراسی افراد کو گرفتار کر لیا ہےتصویر: Clodagh Kilcoyne/REUTERS

ترک وزیر انصاف بیکر بوزداگ نے ہفتے کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ملک کے جنوب میں تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں منہدم ہونے والی عمارتوں کی تیاری میں مبینہ غفلت برتنے پر 184 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ترک حکومت کو تعمیراتی معیارات نظرانداز کرنے اور عمارتوں کی تیاری میں ناقص میٹریل استعمال ہونے کے حوالے سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔ جن افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، ان میں درجنوں ٹھیکدار بھی شامل ہیں۔ ترک نیوز ایجنسی انادولو کے مطابق صوبے غازی انتیپ کے ضلع نورداغی کے میئر کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ وزیر انصاف نے مزید کہا کہ میئر اوکیس کاواک کو عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے۔

حکومتی اعداد و شمار کے مطابق چھ فروری کو آنے والے تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں ایک لاکھ تہتر ہزار سے زائد عمارتیں متاثر ہوئی ہیں جبکہ بے گھر ہونے والے متاثرین کی تعداد تقریبا 20 لاکھ بنتی ہے۔

استنبول میں پانچ لاکھ عمارتوں کو ممکنہ زلزلے سے خطرہ

دریں اثناء ترکی کے سب سے بڑے شہر استنبول کے میئر اکرام امام اوغلو نے ہفتے کے روز کہا کہ انہیں متوقع بڑے زلزلے کی تیاری کے لیے ''تقریباً 30 بلین سے 40 بلین ڈالر‘‘ فوری ضرورت ہے۔ ترکی کا تاریخی شہر استنبول بھی ایک بڑی فالٹ لائن کے قریب واقع ہے اور اس شہر کی لاکھوں عمارتیں  7.5 شدت کا زلزلہ برداشت کرنے کی سکت نہیں رکھتیں۔

 امام اوغلو کا ایک سائنس کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا، ''یہ رقم استنبول شہر کے سالانہ بجٹ سے تین گنا زیادہ ہے لیکن اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے، ہمیں تیار رہنے کی ضرورت ہے‘‘۔

ایک جائزہ رپورٹ کے مطابق 7.5 کی شدت کا ممکنہ زلزلہ استنبول کی تقریباً پانچ لاکھ عمارتوں کو نقصان پہنچائے گاتصویر: Emrah Gurel/AP/picture alliance

ایک جائزہ رپورٹ کے مطابق 7.5 کی شدت کا ممکنہ زلزلہ استنبول کی تقریباً پانچ لاکھ عمارتوں کو نقصان پہنچائے گا۔ ایسی عمارتوں میں مقیم افراد کی تعداد تقریبا 62 لاکھ بنتی، جو کہ اس شہر کی آبادی کا 40 فیصد ہے۔

صنعتی شہر اور ثقافتی مرکز استنبول کی آبادی 15 ملین نفوس پر مشتمل ہے اور یہ شہر شمالی اناطولیائی فالٹ لائن کے ساتھ واقع ہے۔ 1999ء میں استنبول سمیت مارمارا کے علاقے میں ایک بڑا زلزلہ آیا تھا، جس کے نتیجے میں 18 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔

استنبول کی شہری انتظامیہ نے حال ہی میں تعمیراتی خطرات کی وجہ سے تقریباً 100 اسکولوں کی عمارتوں کو خالی کرایا ہے اور اب انہیں دوبارہ تعمیر یا مضبوط کیا جائے گا۔

ترکی اور شام میں زلزلے کے تین ہفتے بعد کی صورتحال

ترکی اور شام کے سرحدی علاقوں میں شدید زلزلے کے تقریباً تین ہفتے بعد ہلاکتوں کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ ترکی میں شہری تحفظ کے ادارے نے جمعے کی شام بتایا کہ صرف ترکی میں 44 ہزار سے زائد افراد مارے گئے ہیں۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) نے شام میں کم از کم چھ ہزار اموات کی اطلاع دی ہے۔ طبی حکام کے مطابق سینکڑوں شدید زخمیوں کی حالت اب بھی تشویش ناک ہے۔ گزشتہ چند دنوں میں منہدم مکانات کے ملبے سے زندہ بچ جانے کی کوئی نئی اطلاع سامنے نہیں آئی ہے۔

ا ا / ع ب (ڈی پی اے، اے پی، روئٹرز)

ترکی میں زلزلے کے بعد نامعلوم میتوں کی تجہیز و تکفین

02:50

This browser does not support the video element.

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں