عمان: مسجد میں مجلس عزا پر فائرنگ، پانچ افراد ہلاک
16 جولائی 2024فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق عمان کے دارالحکومت مسقط کے علاقے وادی الکبیر کی امام علی مسجد میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک اور پندرہ دیگر زخمی ہو گئے۔
رائل عمان پولیس نے تبایا کہ وادی الکبیر کے علاقے میں ایک مسجد پر فائرنگ کی اطلاعات ملیں۔ فائرنگ کے واقعے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک اور پندرہ دیگر زخمی ہو گئے۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ پولیس نے بھی حملہ آوروں کے خلاف جوابی کارروائی کی ہے۔
تاہم حملہ آوروں کی تعداد اور ہلاکت سے متعلق معلومات حاصل نہیں ہو سکیں۔
غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے عمان کے طویل المدتی رہائشی ویزے
امریکا کو عمان کی دو بندرگاہوں تک عسکری رسائی مل گئی
یاد رہے کہ علاقائی تنازعات میں باقاعدگی سے ثالث کا کردار ادا کرنے والی سلطنت عمان میں اس طرح کے حملے شاذ و نادر ہی ہوتے ہیں۔
زخمیوں میں پاکستانی بھی شامل
رائل عمان پولیس نے ابتداء میں چار لوگوں کی ہلاکت اور "کئی دیگر" کے زخمی ہونے کی اطلاع دی تھی۔
میڈیا رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں نے جس وقت حملہ کیا اس وقت مسجد میں مجلس عزا جاری تھی، جس میں سات سو سے زائد افراد موجود تھے۔ فائرنگ کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک اور پندرہ زخمی ہوگئے، جن میں پاکستانی شامل ہیں۔
رپورٹوں کے مطابق مجلس عزا میں شریک بیشتر افراد پاکستانی شہری تھے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر رائل عمان پولیس کے ایک بیان میں کہا گیا،"صورت حال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری حفاظتی اقدامات اور طریقہ کار اختیار کیے گئے ہیں اور حکام واقعے کی وجوہات کا پتہ لگانے لیے شواہد جمع کر رہے جبکہ اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔"
عمان شام میں اپنا سفیر بحال کرنے والی پہلی خلیجی ریاست
عمان میں موجود اے ایف پی کے ذرائع نے بتایا کہ فائرنگ کے واقعے کے بعد لوگوں کو امام علی مسجد سے بھاگتے ہوئے دیکھا گیا، اس دوران مسلسل گولیوں کی آوازیں سنائی دے رہی تھیں، جب کہ لوگ 'یا حسین، یاحسین' کا ورد کرتے ہوئے باہر نکل رہے تھے۔
امریکہ کی طرف سے الرٹ جاری
فائرنگ کے اس واقعے کے بعد مسقط میں امریکی سفارت خانہ نے ایک سکیورٹی الرٹ جاری کیا ہے اور منگل کے روز ویزاء کے تمام اپوائنمٹنٹس منسوخ کردیے ہیں۔
سفارت خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس‘ پر لکھا کہ امریکی شہریوں کو چوکنا رہنا چاہیے، اور مقامی حکام کی ہدایات پر مکمل عمل کرنا چاہیے۔
عمان پولیس کے مطابق فی الحال یہ واضح نہیں ہے کہ اس حملے کے پیچھے کون لوگ یا کس تنظیم کا ہاتھ ہے۔
ج ا / ص ز (ا ے ایف پی، اے پی، روئٹرز)