عمان کے سلطان قابوس انتقال کر گئے
11 جنوری 2020عمان کے سرکاری ٹی وی چینل نے تصدیق کی ہے کہ سلطان قابوس بن سعید 79 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ ستر کی دہائی میں وہ عمان کی سابقہ نوآبادیاتی طاقت برطانیہ کی مدد سے بغیر خون بہائے ایک بغاوت کے بعد حکومت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے اور پھرگزشتہ نصف صدی عمان پر ان کی حکومت قائم رہی۔
سلطان قابوس بے اولاد تھے اور ان کے بعد ملک کے نئے سلطان کی تقرری کے حوالے سے چہ مگوئیاں کی جا رہی تھیں، تاہم عمان سرکاری ٹی وی نے تصدیق کی ہے کہ سلطان قابوس بن سعید کے کزن حشام بن طارق السعید کو ان کی جگہ ملک کا نیا حکمران مقرر کر دیا گیا ہے۔
عمان کے قانون کے مطابق سلطان قابوس سے اہل خانہ کو اگلے تین روز میں ملک کے نئے حکم ران کا فیصلہ کرنا ہے اور اگر وہ اس میں ناکام رہتا ہے، تو ملک کی عسکری کونسل، سکیورٹی حکام، سپریم کورٹ کےچیف اور ملک کی دونوں اسمبلیوں کے سربراہان کے نام اس سربہ مہر خفیہ خط کو کھول دیں گے، جس میں سلطان قابوس نے اپنے جانشین کا نام تحریر کر رکھا ہے۔
یہ بات اہم ہے کہ عمان میں سلطان کا عہدہ سب سے زیادہ طاقت ور ہے، جو بیک وقت ملک کا وزیراعظم، مسلح افواج کا سپریم کمانڈر، وزیردفاع، وزیر خزانہ اور وزیر خارجہ ہوتا ہے۔ ریاستی میڈیا کے مطابق سلطان قابوس کے انتقال پر ملک میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔
ع ت، ا ب ا (روئٹرز، اے ایف پی)