عمران خان اور ریحام خان کا نکاح
8 جنوری 2015
عمران خان کے ایک انتہائی قریبی دوست نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ نے اینکر پرسن ریحام خان سے بنی گالہ میں واقع اپنی رہائش گاہ پر آج شادی کر لی ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی سیکرٹری اطلاعات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عمران خان کے نکاح کی تصدیق کی ہے۔ شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ اس تقریب کا انعقاد انتہائی سادگی سے کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں کسی بھی بڑی تقریب کا انعقاد نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس خوشی میں کل غریب بچوں میں کھانا تقسیم کیا جائے گا۔
فیس بک پر عمران خان کے آفشیل پیج پر جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کی رہائش گاہ پر یہ نکاح مفتی سعید نے پڑھایا۔ اس تقریب کے بعد مفتی سعید نے میڈیا سے مختصر گفتگو میں بتایا کی انہوں نے عمران خان اور ریحام خان کا نکاح آج ہی پڑھایا ہے۔ اس پہلے ان سے صحافیوں نے سوال کیا تھا کہ کیا عمران خان کی ریحام خان سے پہلے ہی شادی ہو چکی ہے؟ پاکستانی میڈیا میں کئی ہفتوں سے یہ افواہیں جاری تھیں کہ عمران خان بی بی سی کی اس سابق صحافی سے شادی کر چکے ہیں۔ میڈیا پر یہ خبریں منظر عام پر آنے کے بعد عمران خان کے اہل خانہ نے سختی سے ایسی خبروں کی تردید کی تھی۔
ریحام خان کا تحریک انصاف میں ممکنہ کردار
بھارتی نیوز ایجنسی پی ٹی آئی نے اس حوالے سے لکھا ہے کہ مستقبل میں عمران خان کی بیوی ریحام خان پاکستان تحریک انصاف میں بھی اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ تحریک انصاف کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا ہے کہ شادی کی باقاعدہ تصدیق کے بعد وہ ڈان نیوز کی موجودہ اینکر پرسن ریحام خان کا پارٹی امور میں بااثر کردار دیکھ رہے ہیں۔ تحریک انصاف کے اس عہدیدار کا کہنا تھا، ’’ریحام خان نے اپنے شو میں ہر طرح سے عمران خان کا دفاع کیا تھا اور ایسے بھی اشارے موجود ہیں کہ انہیں پارٹی میں باقاعدہ ایک پوزیشن دی جائے گی۔‘‘
دوسری جانب پاکستان کے سیاسی مبصرین کہہ رہے ہیں کہ شادی کے باقاعدہ اعلان کے بعد خواتین ووٹروں میں عمران خان کی مقبولیت کم ہو سکتی ہے۔ تحریک انصاف کے ایک دوسرے عہدیدار کا کہنا تھا کہ یہ بات ابھی مذاق لگتی ہے لیکن حقیقت میں بہت سی خواتین عمران خان کی کرشماتی شخصیت کی وجہ سے جلسے جلوسوں میں شرکت کرتی ہیں۔
پاکستانی صحافی فرخ ملک کا کہنا ہے کہ اگر ماضی میں کسی سیاستدان کی شادی سے متعلق میڈیا پر اس قدر زیادہ سوال جواب کیے گئے تھے تو وہ پاکستان کے سابق صدر آصف علی زرداری کی مقتول بے نظیر بھٹو سے شادی سے متعلق تھے۔