بھارتی وزیراعظم نے کرتارپور راہداری کے افتتاح کے موقع پر اپنے پاکستانی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا ہے۔ کرتار پور کوریڈور کا باضابطہ افتتاح آج ہفتہ نو نومبر کو ہو رہا ہے۔
اشتہار
ساری دنیا میں موجود سکھ مذہب کے ماننے والے سکھ مذہب کے بانی بابا گورو نانک کے پانح سو پچاسویں جنم دن کے موقع پر کرتار پور راہداری کو کھولنے پر بھرپور مسرت کا اظہار کر رہے ہیں۔ ایسی ہی مسرت و شادمانی بھارتی سکھ کمیونٹی میں بھی پائی جاتی ہے۔
راہداری کھولنے کے موقع پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی خصوصی پیغام دیا ہے۔ اپنے اس پیغام میں مودی نے پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے تعاون کا بھرپور الفاظ میں شکریہ ادا کیا ہے۔ مودی نے کہا کہ وہ بھارتی عوام کے جذبات کا احساس اور احترام کرنے پر پاکستانی وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ مودی نے شکریہ کا یہ پیغام بھارتی ٹیلی وژن پر دیا ہے۔
تجزیہ کاروں نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارتی وزیراعظم کی جانب سے شکریہ ادا کرنے کے پیغام پر حیرانی کا اظہار کیا ہے۔ گزشتہ کئی ماہ سے پاکستان اور بھارت کے درمیان سرحدی کشیدگی کے ساتھ ساتھ سفارتی محاذ پر بھی گرما گرمی جاری ہے۔
اسی دوران رواں برس پانچ اگست کو نریندری مودی حکومت نے کشمیر کی خصوصی دستوری حیثیت، پارلیمنٹ سے منظور کی گئی ایک قرارداد کے ذریعے ختم کر دی۔ تب سے اب تک کشمیر میں لاک ڈاؤن کی سی صورتحال ہے۔ یہ غیر معمولی اقدامات بھی دونوں ملکوں کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔
دوسری جانب کرتارپور راہداری کے ذریعے بابا گورو نانک کے سن 1504 میں تعمیر کردہ گوردوارے کی زیارت کے لیے بھارت سے سکھ یاتریوں کی آمد بھی آج ہفتہ کی صبح سے شروع ہو گئی۔ بھارتی سکھوں کے جتھے میں سابق بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ بھی شامل تھے۔
یہ اہم ہے کہ سینکڑوں بھارتی سکھ شہری پاکستانی حکومت کی جانب سے دربار صاحب کرتارپور کی یاترا کرنے کے لیے دی گئی ویزہ فری سہولت کا بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش میں ہیں۔ نو سے بارہ نومبر تک دربار صاحب کرتارپور پہنچنے والے سکھ یاتریوں سے بیس ڈالر کی داخلہ فیس بھی نہیں لی جائے گی۔
ع ح ⁄ ا ب ا (اے ایف پی)
دربار صاحب کرتارپور: سکھ مذہب کا انتہائی مقدس مقام
سکھ مذہب کے بانی گورو نانک کی پیدائش کا مقام اور جائے رحلت دونوں پاکستان میں واقع ہیں۔ ان کی پیدائش پاکستانی صوبہ پنجاب کے شہر ننکانہ صاحب میں ہوئی اور انہوں نے عمر کے آخری کئی سال کرتارپور میں بسر کیے تھے۔
تصویر: Getty Images/AFP/A. Ali
سکھ مذہب کے بانی
سکھ مذہب کے بانی بابا گورو نانک بعض روایتوں کے مطابق پندرہ اپریل سن 1469 کو رائے بھوئی کی تلونڈی نامی قصبے میں پیدا ہوئے تھے۔ پاکستانی پنجاب میں واقع یہ قصبہ اب ننکانہ صاحب کے نام سے مشہور ہے۔ اُن کا انتقال بائیس ستمبر سن 1539 میں کرتارپور میں ہوا تھا۔ انہوں نے اپنی زندگی کے آخری تقریباً اٹھارہ برس کرتارپور میں گزارے تھے۔
دربار صاحب کرتارپور کو پاکستان میں سکھ مذہب کے اہم ترین مقدس مقامات میں شمار کیا جاتا ہے۔ ننکانہ صاحب میں، جہاں سن 1469 میں بابا گرو نانک پیدا ہوئے تھے، وہاں گوردوارہ جنم استھان واقع ہے۔ بابا گورو نانک کی نسبت سے حسن ابدال میں گوردوارہ پنجہ صاحب ہے اور فاروق آباد میں گوردوارہ سچا سودا ہے۔ یہ تمام مقامات پاکستانی پنچاب میں ہیں۔
تصویر: Getty Images/AFP/A. Ali
دربار صاحب کرتارپور
سکھ مذہب کے بانی اور پہلے گورو بابا نانک نے کرتا پور گوردوارے کا سنگ بنیاد سن 1504 میں رکھا تھا۔ یہ دریائے راوی کے پاکستان میں داخل ہونے کے مقام کے قریب دریا کے دائیں کنارے پر ہے۔ گورو نانک سن 1539 میں اسی مقام پر انتقال کر گئے تھے۔
تصویر: picture-alliance/AP Photo/K.M. Chaudary
شری کرتارپور صاحب
دربار صاحب کرتارپور سے سکھ مذہب کے پیروکاروں میں شدید عقیدت پائی جاتی ہے۔ دنیا بھر کی سکھ کمیونٹی کرتارپور کوریڈور کھولنے کا دیرینہ مطالبہ رکھتی تھی۔ وہ اس سے قبل بھارتی پنجاب سے دوربینوں کے مدد سے کرتارپور کے گوردوارے کی زیارت کیا کرتے تھے۔ تصویر میں گوردوارے کا ماڈل ایک آرٹسٹ گورپریت سنگھ نے بنایا ہے۔
تصویر: Getty Images/AFP/N. Nanu
کرتارپور راہداری
بھارتی پنجاب کے میں واقع ڈیرہ بابا نانک صاحب کو پاکستانی حدود میں واقع دربار صاحب سے منسلک کرنے والی سرحدی راہداری کو کرتارپور کوریڈور (راہداری) کا نام دیا گیا ہے۔ یہ تقریباً پانچ کلومیٹر طویل ہے۔ سرحد سے گوردوارے تک کے راستے کو بہتر بنا دیا گیا ہے۔ سکھ مذہب کے پیروکار خصوصی ویزا سکیم کے تحت اسے استعمال کر سکیں گے۔
تصویر: Getty Images/AFP/A. Ali
سکھوں یاتریوں کی آمد
بھارت سے آنے والے سکھ یاتری منگل پانچ نومبر کی شام ننکانہ صاحب پہنچے جہاں وہ اگلے دو دنوں تک اپنی مذہبی رسومات ادا کریں گے۔ نو نومبر کو سکھ یاتری کرتار پور صاحب میں ہونے والی مرکزی تقریب میں شرکت کے لیے جائیں گے جہاں پاکستانی وزیراعظم کرتارپور راہداری کا افتتاح کریں گے۔
تصویر: PID
بابا نانک صاحب کا 550واں جنم دن
بابا گورنانک کے پانچ سو پچاسویں جنم دن کی تقریبات ساری دنیا میں منائی جا رہی ہیں۔ ان تقریبات میں مرکزیت کرتارپور راہداری کا کھولنا قرار دیا گیا ہے۔ اس راہداری کا باضابطہ افتتاح نو نومبر کو پاکستانی وزیراعظم عمران خان کریں گے۔ دنیا بھر سے پچاس ہزار کے لگ بھگ سکھ یاتری ممکنہ طور پر اس تقریب میں شرکت کریں گے۔
تصویر: PID
کرتارپور راہداری اور عمران خان
عمران خان نے منصب وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے فوری بعد کرتارپور کوریڈور کھولنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اسے بابا گورو نانک کے پانچ سو پچاسویں جنم دن کے ساتھ بھی نتھی کیا گیا تھا۔ اس راہداری کی تعمیر کا سنگ بنیاد وزیراعظم عمران خان نے اٹھائیس نومبر سن 2018 کو رکھا تھا۔ اس کی تعمیر اور مہمان خانوں کے ساتھ ساتھ گوردوارے کی تزئین ریکارڈ مدت میں مکمل کی گئی ہے۔