عمران خان کا دورہ امریکا جولائی میں، ٹرمپ سے بھی ملیں گے
30 جون 2019
پاکستانی وزیر اعظم عمران خان جولائی کے اواخر میں امریکا کا ایک سرکاری دورہ کریں گے، جس دوران وہ صدر ٹرمپ سے بھی ملیں گے۔ یہ گزشتہ کئی برسوں کے دوران دونوں ممالک کے رہنماؤں کی اعلیٰ ترین سطح پر پہلی تفصیلی ملاقات ہو گی۔
اشتہار
پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد سے اتوار تیس جون کو ملنے والی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں کے مطابق پاکستان کے سائنس اور ٹیکنالوجی کے وزیر فواد چوہدری نے آج بتایا کہ خاص طور پر امریکا اور افغان طالبان کے نمائندوں کے مابین دوحہ میں مذاکرات کے آغاز اور اب اس مکالمت کے ممکنہ طور پر ایک بہت نازک مرحلے میں داخل ہو جانے کے بعد یہ اسلام آباد اور واشنگٹن کے اعلیٰ ترین حکومتی عہدیداروں کا اپنی نوعیت کا پہلا سیاسی مذاکراتی رابطہ ہو گا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ افغانستان میں دیرپا قیام امن کی خاطر امریکا اور افغان طالبان کے مابین قطر میں ہونے والی بات چیت، جس کے اب تک متعدد ادوار مکمل ہو چکے ہیں، ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔ اس پاکستانی وزیر نے یہ بھی کہا کہ ان مذاکرات کو ممکن بنانے کے سلسلے میں پاکستان کی کوششوں کا امریکا کی طرف سے واضح طور پر اعتراف کیا جاتا ہے۔
قبل ازیں گزشتہ ہفتے اپنے دورہ برسلز کے دوران پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی کہا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان اگلے ماہ اس لیے امریکا کا دورہ کریں گے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ علاقائی نوعیت کے متعدد انتہائی اہم امور پر بات چیت کر سکیں۔
کپتان سے وزیر اعظم تک
پاکستان کی قومی اسمبلی کے اراکین نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو ملک کا نیا وزیراعظم منتخب کر لیا ہے۔
تصویر: Getty Images
بطور وزیراعظم حلف
ہفتہ یعنی اٹھارہ اگست کو تقریب حلف برداری میں عمران خان بطور وزیر اعظم حلف اٹھائیں گے۔
تصویر: picture alliance/dpa/MAXPPP/Kyodo
کرکٹر
عمران خان پانچ اکتوبر 1952ء کو لاہور میں پیدا ہوئے تھے۔ بچپن سے ہی کرکٹ میں دلچسپی تھی اور ان کا شمار پاکستان کرکٹ ٹیم کےکامیاب ترین کپتانوں میں ہوتا ہے۔
تصویر: picture-alliance/Dinodia Photo Library
سیاست میں قدم
عمران خان نے تبدیلی اور حکومتی بدعنوانی کے خاتمے کے نعرے کے ساتھ ایرپل 1996ء میں پاکستان تحریک انصاف کی بنیاد رکھی۔ ایک کرکٹ لیجنڈ ہونے کے باوجود انہیں ابتدا میں سیاسی میدان میں کوئی خاطر خواہ کامیابی نہیں ملی تھی۔
تصویر: picture-alliance/AP Photo/K.M. Chaudary
نوجوانوں کا ’ہیرو‘
پاکستان میں ’دو پارٹیوں کی سیاست‘ کے خاتمے کے لیے جب عمران خان نے سیاسی میدان میں قد م رکھا تو نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے انہیں خوش آمدید کہا۔
تصویر: AAMIR QURESHI/AFP/Getty Images
حادثہ
2013ء کے انتخابات گیارہ مئی کو منقعد ہوئے تھے۔ تاہم عمران خان سات مئی کو اس وقت ایک لفٹر سے گر کر زخمی ہو گئے تھے، جب انہیں لاہور میں ہونے والے ایک جلسے سے خطاب کے لیے اسٹیج پر لے جایا جا رہا تھا۔
تصویر: Getty Images
’امید‘
کہا جاتا ہے کہ 2013ء کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی مقبولیت اپنے عروج پر تھی تاہم عمران خان کی جماعت 27 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی تھی۔ مسلم لیگ نون کی حکومت قائم ہوئی اور عمران خان نے حکمران جماعت پر الیکشن میں دھاندلی کے الزامات عائد کیے۔
تصویر: Reuters/C. Firouz
’میں اسپورٹس مین ہوں‘
2008ء اور 2013ء کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف اپنی توقعات کے مطابق ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی تھی۔ اس موقع پر جب بھی عمران خان سے پارٹی کے مستقبل کے حوالے سے سوال کیا جاتا تو وہ اکثر کہتے تھےکہ انہوں نے زندگی بھر کرکٹ کھیلی ہے۔ وہ ایک اسپورٹس مین ہیں اور شکست سے گھبراتے نہیں ہیں۔
تصویر: Reuters
جلسے جلوس
عمران خان نے حالیہ انتخابات سے قبل ملک بھر میں جلسے کیے۔ مبصرین کی رائے تحریک انصاف کے ان جلسوں نے حامیوں کو متحرک کرنے اہم کردار ادا کیا۔
تصویر: picture-alliance/dpa
عمران خان وزیر اعظم منتخب
عمران خان کی جماعت نے 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں اکثریتی ووٹ حاصل کیے تھے۔ لیکن پاکستان تحریک انصاف اتنے ووٹ حاصل نہیں کر پائی تھی کہ وہ سیاسی جماعتوں سے اتحاد کے بغیر حکومت قائم کر سکے۔ وزیر اعظم کے عہدے کے لیے عمران خان کا مقابلہ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما شہباز شریف سے تھا۔ عمران خان کو 176جبکہ شہباز شریف کو 96 ووٹ ملے۔
تصویر: picture-alliance/dpa
9 تصاویر1 | 9
دوطرفہ بنیادوں پر صدر ٹرمپ کے اقتدار میں آنے کے بعد سے لے کر اب تک اسلام آباد اور واشنگٹن کے باہمی تعلقات میں کافی کھچاؤ بھی پایا جاتا ہے، جس کا سبب افغانستان میں پاکستان کے کردار کے سلسلے میں صدر ٹرمپ کی طرف سے اسلام آباد پر کھل کر کی جانے والی تنقید بھی بنی تھی۔ اس کے علاوہ ڈونلڈ ٹرمپ ہی کے دور میں امریکا پاکستان کے لیے فوجی اور غیر فوجی نوعیت کی اربوں ڈالر کی امداد بھی معطل کر چکا ہے۔