1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عمران خان کی القادر ٹرسٹ کیس میں ضمانت پر رہائی کا حکم

15 مئی 2024

اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190ملین پاؤنڈ کی کرپشن سے متعلق کیس میں عمران خان کی ضمانت منظور کر لی۔ تاہم دیگر مقدمات میں سزا کی وجہ سے عمران خان ابھی جیل میں ہی قید رہیں گے۔

Pakistan Lahore | Gerichtsprozess: Imran Khan und Bushra Bibi
القادر ٹرسٹ کیس میں ضمانت پر رہائی کے عدالتی حکم کے باجود عمران خان دیگر مقدما ت میں قید رہیں گےتصویر: K.M. Chaudary/AP/picture alliance

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی القادر ٹرسٹ کیس میں ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے اس مقدمے میں ان کی رہائی کا حکم دیا ہے۔  اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق سمیت ایک دو رکنی بینچ نے آج بدھ کے روز عمران خان کی درخواست ضمانت پر ایک روز قبل محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا۔

عدالت نے عمران خان کو ضمانت کے عوض 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔ القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان پر الزام ہے کہ انہوں نے پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض کو غیر قانونی مراعات دینے کے بدلے رشوت میں اپنے اور اپنی اہلیہ کے ملکیتی ٹرسٹ کے لیے سینکڑوں کنال اراضی حاصل کی تھی۔ عمران خان اس الزام کو مسترد کرتے آئے ہیں۔

عمران خان اور ان کی اہلیہ کو متعدد مقدمات کا سامنا ہے اور دونوں اس وقت راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید ہیںتصویر: Arif AliAFP

استغاثہ کا دعویٰ تھا کہ عمران خان نے بطور وزیر اعظم  ملک ریاض کی ملکیتی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی بحریہ ٹاؤن کی برطانیہ میں منجمد کی گئی 190ملین پاؤنڈ یا 60 ارب روپے کی رقم سرکاری خزانے میں جمع کرانے کی بجائے بالواسطہ طور پر بحریہ ‌ٹاؤن کو واپس کر دی تھی۔ اس مقدمے میں احتساب عدالت کی جانب سے 30 سے زائد گواہان کے بیانات قلم بند ہوچکے ہیں جبکہ نیب حکام کے مطابق مزید 10 گواہوں کے بیانات قلم بند ہونا ہیں۔

عمران خان جیل میں ہی رہیں گے

گزشتہ اگست سے مختلف مقدمات کی وجہ سے جیل میں قید اکہتر سالہ عمران خان القادر ٹرسٹ کیس میں ضمانت ملنے کے باوجود جیل سے رہا نہیں ہو سکیں گے کیونکہ سائفر کے مقدمے کےعلاوہ انہیں عدت کے دوران نکاح کے ایک مقدمے میں بھی سزا سنائی گئی ہے۔

سائفرکیس پر سماعت نہ ہو سکی

 اسلام آباد ہائی کورٹ اس سے قبل عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ کیس میں سزا معطل کر چکی ہے۔ اس مقدمے میں عمران خان  پر بطور وزیر اعظم سرکاری تحائف کو غیر قانونی طور پر مارکیٹ سے انتہائی کم قیمت میں فروخت کرنے کے الزامات کا سامنا ہے۔  اس کے ساتھ ساتھ بطور وزیر اعظم اہم سرکاری راز عام کرنے سے متعلق عمران خان اور ان کی پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کا مقدمہ بھی حتمی مراحل میں ہے۔

اس  مقدمے میں آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت ہونا طے تھی لیکن آج کوئی کارروائی نہ ہو سکی۔

ش ر ⁄ م م (نیوز ایجنسیاں)

عمران خان کی عبوری ضمانت، حالات بہتر یونے کی امید

01:33

This browser does not support the video element.

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں