1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکہ پاکستانی فوج کے ترجمان کے بیان سے متفق

15 اپریل 2022

امریکہ نے ایک بار پھر کہا کہ پاکستان میں عمران خان حکومت کی برطرفی کے لیے مبینہ امریکی سازش کے الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ اور واشنگٹن اس حوالے سے پاکستانی فوج کے ترجمان کے حالیہ بیان سے متفق ہے۔

USA Ned Price
تصویر: Nicholas Kamm/AP Photo/picture alliance

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ وہ پاکستانی فوج کے اس بیان سے اتفاق کرتے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کی حکومت کے خلاف "سازش" میں امریکہ کے ملوث ہونے کے شواہد نہیں ہیں۔

جمعے کے روز معمول کی پریس بریفنگ میں جب امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان سے پوچھا گیا کہ پاکستان فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت کے خاتمے کی دھمکی یا سازش میں امریکہ کے ملوث ہونے کے شواہد نہیں ملے ہیں، اس پر آ پ کیا کہیں گے؟ تو اس کے جواب میں نیڈ پرائس نے کہا،"ہم ان سے اتفاق کرتے ہیں۔"

جب نیڈ پرائس سے کہا گیا کہ پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان اپنے دعوے پر قائم ہیں اور اب بھی امریکہ پر ہی الزام عائد کررہے ہیں تو انہوں نے کہا،"اس حوالے سے ہمارا پیغام واضح ہے۔"

تصویر: Faridullah Khan/DW

عمران خان کا دعویٰ

نیڈ پرائس نے مزید کہا،"ان الزامات میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔ ہم آئینی اور جمہوری اقدار، جن میں انسانی حقوق بھی شامل ہیں، کی پرامن پاسداری کی حمایت کرتے ہیں۔"  انہوں نے ایک بار پھر زور دیتے ہوئے کہا،"ہم پاکستان یا دنیا میں کہیں بھی کسی ایک سیاسی جماعت پر دوسری کو ترجیح نہیں دیتے۔"

یاد رہے کہ پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے جمعرا ت کو پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے میں کسی "سازش" کا ذکر نہیں ہے۔

واضح رہے کہ عمران خان گزشتہ کئی روز سے امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر کی جانب سے لکھے گئے ایک خط کا ذکر کرتے رہے ہیں۔ عمران خان کا دعویٰ رہا ہے کہ ان کی حکومت گرانے کے لیے سازش امریکہ نے تیار کی تھی اور اسی سازش کے تحت اپوزیشن ان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لائی تھی۔

تصویر: National Assembly of Pakistan/AP/picture alliance

پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کا وعدہ

امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکہ پاکستان میں امن اور خوشحالی کے فروغ کے لیے پاکستان کی حکومت کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا۔

نیڈ پرائس نے کہا کہ امریکہ اورپاکستان کے تعلقات گزشتہ 75برس سے اہم رہے ہیں اور "واشنگٹن اسلام آباد کے ساتھ مل کر پاکستان اور خطے میں امن و ترقی کے لیے کام کرنے کو تیار ہے۔"

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کی خواہش کے تحت ہی امریکہ نے نو منتخب وزیر اعظم شہباز شریف کی نئی حکومت کے قیام کے بعد انہیں مبارک باد کا پیغام بھیجا۔

نیڈ پرائس کا کہنا تھا،"ہم پاکستان میں امن اور خوشحالی کے فروغ کے لیے پاکستان کی حکومت کے ساتھ مل کر کام جاری رکھیں گے، اور اسی نیت سے ہم نے وزیراعظم شہباز شریف کو پاکستان کی پارلیمان کی جانب سے منتخب کیے جانے پر مبارکباد دی۔"

ج ا / ص ز (ایجنسیاں)

وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سے ملیے!

02:38

This browser does not support the video element.

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں