1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اطالوی مافیا کوسا نوسترا کا باس جیل گارڈ کی انگلی کھا گیا

8 ستمبر 2020

عمر قید کی سزا کاٹنے والا اٹلی کا ایک بدنام زمانہ مافیا باس جیل میں ایک گارڈ کے ساتھ لڑائی میں اس کی انگلی کھا گیا۔ جوزیپے فانارا نامی یہ سابقہ مافیا لیڈر اطالوی دارالحکومت روم کی ایک جیل میں قید تھا۔

کوسا نوسترا کا شمار سسلی کے جزیرے کے انتہائی طاقت ور مافیا گروپوں میں ہوتا ہے، تصویر میں اس گروہ کے مرکزی رہنماؤں میں سے ایک اپنی گرفتاری کے وقتتصویر: picture alliance/dpa/ANSA/IO. Petyx

روم سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق اطالوی اخبار اِل میساجیرو نے منگل آٹھ ستمبر کے روز بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب جیل کا ایک محافظ معمول کی چیکنگ کے لیے فانارا کے سیل میں گیا تھا۔

وہاں اس کی اطالوی جزیرے سسلی کے اس بدنام مافیا لیڈر سے تلخ کلامی کے بعد ہاتھا پائی شروع ہو گئی، جس دوران فانارا نے اس گارڈ کے ایک ہاتھ کی ایک انگلی دانتوں سے کاٹ دی۔

'گارڈ کی انگلی غائب ہو گئی‘

اطالوی اخبار اِل میساجیرو نے لکھا ہے کہ فانارا نے اپنے کمرے کی تلاشی کے لیے آنے والے محافظوں میں سے ایک گارڈ کے دائیں ہاتھ کی چھوٹی انگلی دانتوں سے کاٹ لی تھی۔ لیکن جب اس مجرم پر چند دیگر گارڈز کی مدد سے قابو پا لیا گیا، تو تلاشی کے باوجود گارڈ کی کٹی ہوئی انگلی کہیں نہ ملی۔ اس پر سرکاری دفتر استغاثہ کو قانونی طور پر یہ نتیجہ اخذ کرنا پڑا کہ فانارا گارڈ کی انگلی کھا گیا تھا۔

اطالوی پولیس نے گزشتہ برس جولائی میں بھی کوسا نوسترا کے خلاف ایک بڑے آپریشن میں اس گروہ کے کئی سرکردہ ارکان کو گرفتار کر لیا تھاتصویر: picture-alliance/AP Photo/I. Petix

اس واقعے کے وقت روم کی ریبیبیا نامی جیل میں عمر قید کی سزا کاٹنے والا 60 سالہ فانارا ماضی میں سسلی کے انتہائی خطرناک سمجھے جانے والے مافیا گروپ کوسا نوسترا کا سربراہ رہا ہے۔ اس کی سزائے قید ختم ہونے میں ابھی نو سال باقی تھے۔

اٹلی کے انتہائی سخت اینٹی مافیا قوانین

اٹلی میں، جہاں کے منظم جرائم پیشہ مافیا گروپوں کی تعداد درجنوں میں بنتی ہے، ایسے گروہوں کے خلاف خاص طور پر بہت سخت قوانین نافذ ہیں۔ اپنی گرفتاری کے بعد ایسے گروپوں کے سربراہ جیلوں سے بھی اپنی مجرمانہ سرگرمیاں جاری نہ رکھ سکیں، اس امر کو یقینی بنانے کے لیے مافیا گروپوں کے سرغنے ہمیشہ قید تنہائی میں رکھے جاتے ہیں۔

اطالوی حکام کے مطابق اس 'حملے‘ کے بعد فانارا کو روم کی ریبیبیا جیل سے اور بھی زیادہ سخت سکیورٹی انتظامات والی جزیرے سارڈینیا کی ساساری جیل میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ فانارا کو اب اپنے خلاف جیل کے عملے کے خلاف جسمانی مزاحمت اور پرتشد حملے کے الزامات کا سامنا بھی کرنا پڑے گا۔

م م / ا ا (اے ایف پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں