1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتمشرق وسطیٰ

غزہ اور مغربی کنارے میں اسرائیلی حملے، چودہ فلسطینی ہلاک

22 اگست 2024

اسرائیلی فوج کی ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ فوج نے بیت لاہیا میں ایک ’دہشت گردانہ ہدف‘ پر حملہ کیا ہے۔ اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف تشدد کے الزام میں چار مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

بیت لاہیا میں اسرائیلی حملے کا نشانہ بننے والا مکان
بیت لاہیا میں اسرائیلی حملے کا نشانہ بننے والا مکان تصویر: Mahmoud Issa/REUTERS

فلسطینی خبر رساں ادارے وفا کے مطابق آج بروز جمعرات شمالی غزہ  کے قصبے بیت لاہیا میں ایک گھر پر ایک اسرائیلی حملے میں بچوں سمیت 11 افراد ہلاک ہو گئے۔ غزہ میں طبی عملے کے مطابق اس حملے میں چھ دیگر افراد زخمی بھی ہوئے، جن میں ایک مقامی صحافی بھی شامل ہے۔

اسرائیلی فوج کی ایک ترجمان نے کہا کہ یہ حملہ ایک 'دہشت گردانہ ہدف‘ پر کیا گیا اور فوج کو اب تک اس میں کسی اور کی ہلاکت کا علم نہیں ہے۔

بیت لاہیا میں ایک گھر پر اسرائیلی حملے کے بعد لوگ ملبہ ہٹا رہے ہیںتصویر: Mahmoud Issa/REUTERS

دریں اثنا اسرائیلی ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) نے کہا ہےکہ غزہ کی پٹی کے دیگر حصوں میں لڑائی جاری ہے۔  حماس کے زیر انتظام غزہ کی وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ غزہ پٹی میں دس ماہ سے جاری اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں اب تک 40,265  فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔

اسرائیل کی غزہ پٹی میں فوجی مہم کا آغاز گزشتہ سال سات اکتوبر کو  حماس کے اسرائیل پر دہشت گردانہ  حملے کے بعد ہوا تھا۔ اس حملے کے نتیجے میں 1,200 افراد ہلاک ہوئے تھے اور حماس کے جنگجو 250 کے قریب افراد کو یرغمال بنا کر غزہ لے گئے تھے۔ گزشتہ برس نومبر میں عارضی جنگ بندی کے دوران نصف سے کم یرغمالیوں کو رہا کر دیا گیا تھا۔

حماس کو اسرائیل، امریکہ، جرمنی اور کئی دیگر ممالک ایک دہشت گرد گروہ قرار دیتے ہیں۔

مقبوضہ مغربی کنارے میں تین فلسطینی ہلاک

فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں جمعرات کو ایک گھر پر اسرائیلی حملے میں تین افراد مارے گئے۔ وزارت صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ حملہ  تلکرم پناہ گزین کیمپ میں کیا گیا تھا۔ تاہم حکام نے یہ نہیں بتایا کہ ہلاک ہونے والے جنگجو تھے یا عام شہری۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے فوری طور پر اس بارے میں کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے میں تقریباﹰ روزانہ کی بنیاد پر چھاپے مارے جاتے ہیںتصویر: Leo Correa/AP Photo/picture alliance

حماس کے سات اکتوبر کو اسرائیل پر  کیے گئے حملے کے بعد سے مقبوضہ مغربی کنارے میں تشدد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ اسرائیلی فورسز مغربی کنارے میں تقریباﹰ روزانہ کی بنیاد پر چھاپے مارتی ہیں، جو اکثر ان کی  فلسطینیوں کے ساتھ جھڑپوں کی وجہ بنتے ہیں۔

فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مغربی کنارے میں غزہ کی جنگ کے آغاز سے اب تک اسرائیلی فائرنگ سے کم از کم 637 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔

مغربی کنارے کے گاؤں پر آباد کاروں کا حملہ، چار افراد گرفتار

اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے کے فلسطینی گاؤں جِت پر عسکریت پسند اسرائیلی آباد کاروں کے حملے کے ایک ہفتے بعد چار مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ اسرائیل کی ایک انٹیلیجنس ایجنسی شن بیت نے اس حملے کو ''سنگین دہشت گردی کا واقعہ‘‘ قرار دیا تھا۔

یہ واقعہ گزشتہ جمعرات کو پیش آیا تھا، جس میں درجنوں نقاب پوش آباد کاروں نے ایک گاؤں پر دھاوا بول دیا تھا۔ اس حملے میں ایک 23 سالہ فلسطینی نوجوان  ہلاک اور ایک اور مقامی رہائشی زخمی ہو گیا تھا۔

گزشتہ جمعرات کو جِت نامی فلسطینی گاؤں پر درجنوں نقاب پوش آباد کاروں نے دھاوا بول دیا تھاتصویر: Jaafar Ashtiveh/AFP/Getty Images

مقامی باشندوں نے بتایا کہ اس حملے میں چاقوؤں اور آتشیں اسلحے سے لیس تقریباً 100 اسرائیلی آباد کاروں نے کاروں اور گھروں کو آگ لگا دی تھی۔

اس حملے کی اسرائیلی حکام کے ساتھ ساتھ امریکا، اقوام متحدہ اور یورپی ممالک نے بھی شدید مذمت کی تھی۔

اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے چاروں مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے اور تفتیش جاری ہے۔

 ش ر⁄ م ا، م م (اے پی، اے ایف پی اے، ڈی پی اے، روئٹرز)

اسرائیل ویسٹ بینک میں فلسطینی زمین کی تخصیص کیسے کر رہا ہے؟

05:12

This browser does not support the video element.

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں