1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستاسرائیل

غزہ میں اسرائیلی بمباری، کم از کم تیس افراد ہلاک

3 جنوری 2025

طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ غزہ میں جمعرات کی شب اور جمعے کی صبح کیے گئے اسرائیلی حملوں میں کم از کم تیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب اسرائیل کی جانب سے وسطی غزہ میں حملوں کا انتباہ جاری کیا گیا ہے۔

کمال عدوان ہسپتال پر اسرائیلی حملے کے بعد کا منظر
اسرائیل کی جانب سے شمالی غزہ میں اکتوبر کے مہینے سے شدید کارروائیوں کا آغاز کیا گیا تھاتصویر: Khalil Ramzi Alkahlut/Anadolu/picture alliance

غزہ کے طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعرات کی رات اور جمعے کی صبح اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں متعدد بچوں سمیت کم از کم 30 افراد ہلاک ہو گئے۔ اسی دوران حماس کے راکٹ حملوں کے تناظر پورے اسرائیل میں بھی انتباہی سائرن سنائی دیے۔ دوسری جانب اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ میں فائربندی کے حوالے سے تعطل کا شکار مذاکرات دوبارہ شروع ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے غزہ کے الاقصیٰ شہداء ہسپتال کے عملے کے حوالے سے بتایا ہے کہ وسطی غزہ کے مختلف علاقوں جیسے النصیرات، زویدا، المغازی، اور دیر البلاغ میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں ایک درجن سے زیادہ خواتین اور بچے ہلاک ہوئے۔ جمعرات کو دن کے وقت بھی وسطیٰ غزہ میں اسرائیل کی جانب سے متعدد فضائی حملے کیے گئے، جن میں کئی افراد ہلاک ہوئے۔یوں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہلاک ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 56 ہو گئی ہے۔

غزہ میں اسرائیل کی بڑی عسکری کارروائیاں جاری ہیںتصویر: Omar AL-QATTAA/AFP

اسرائیلی فوج نے حالیہ حملوں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ تاہم جمعہ کے روز ایک بیان میں اسرائیلی فوج نے کہا کہ گزشتہ دن کے دوران اس نے غزہ بھر میں حماس کے متعدد مقامات اور کمانڈ سینٹرز کو نشانہ بنایا، جہاں حملوں کی منصوبہ بندی کی جا رہی تھی۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ شہری نقصان کو کم کرنے کے لیے درست ہتھیاروں کا انتخاب اور فضائی نگرانی جیسے اقدامات کیے گئے ہیں۔

وسطی غزہ کے لیے اسرائیلی انتباہ

اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ جمعرات کو کیے گئے ان حملوں میں حماس کے سکیورٹی عہدیداروں کو نشانہ بنایا گیا۔ اے پی کے مطابق جمعے کی صبح ہلاک ہونے والوں میں ایک فری لانس صحافی عمر الدرعی بھی شامل تھے۔

جمعے کے روز اسرائیل نے وسطی غزہ کے ایک علاقے کو فوری طور پر خالی کرنے کی وارننگ جاری کی۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہاں سے اسرائیل پر راکٹ حملوں کے بعد اس علاقے کو ہدف بنایا جانے والا ہے۔

اسرائیل پر راکٹ حملے

جمعے کی صبح اسرائیلی شہریوں نے بھی راکٹ حملوں کے تناظر میں اپنے دن کا آغاز کیا۔ اسرائیلی بیان میں کہا گیا ہے کہ یمن سے اسرائیل پر میزائل داغے گئے، جس کے نتیجے میں یروشلم اور وسطی اسرائیل میں فضائی حملے کے سائرن بجائے گئے اور لوگ محفوظ مقامات پر پناہ لیتے دکھائی دیے۔

اسرائیل میں انتباہی سائرن بجنے کے بعد بہت سے شہری محفوظ جگہ پر پناہ لیے ہوئے ہیںتصویر: Matias Delacroix/AP/dpa/picture alliance

فی الحال ان حملوں کے نتیجے میں اسرائیل میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاعات سامنے نہیں آئی ہیں تاہم بتایا گیا ہے کہ یروشلم میں ایک ہلکا دھماکا سنائی دیا، جو ممکنہ طور پر حملہ آور میزائل کو فضا میں تباہ کرنے کے نتیجہ تھا۔

جنگ بندی کی کوششیں

غزہ میں اسرائیلی حملوں میں شدت کے باوجود جنگ بندی مذاکرات کی آج کے روز سے بحالی کی توقع کی جا رہی ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق اسرائیلی خفیہ ادارے موساد کے سربراہ، داخلی سلامتی ایجنسی اور فوج کے وفد کو قطر میں امن مذاکرات جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔

غزہ کے بچے، بقا کی جدوجہد میں

02:21

This browser does not support the video element.

امریکی، مصری اور قطری ثالثی میں جاری یہ مذاکرات گزشتہ 15 ماہ سے جاری اس مسلح تنازعے میں بار بار تعطل کا شکار ہوئے ہیں۔ سات اکتوبر 2023کو جنوبی اسرائیل میں حماس کے دہشت گردانہ حملے میں تقریباﹰ بارہ سو اسرائیلی شہریوں کی ہلاکت اور ڈھائی سو کے یرغمالی بنا لیے جانے کے بعد اسرائیل نے غزہ میں وسیع تر عسکری کارروائیوں کا آغاز کیا تھا جو تاحال جاری ہیں۔ مختلف ڈیلز کے نتیجے میں اب تک درجنوں یرغمالیوں کو رہا کرایا جا چکا ہے، تاہم ان میں سے تقریباً 100 یرغمالی ابھی بھی غزہ میں موجود ہیں، جن میں سے کم از کم ایک تہائی کے ہلاکت کا خدشہ ہے۔

اسرائیل کے جوابی حملے میں غزہ میں 45,500 سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔ حماس کے زیر نگرانی کام کرنے والی غزہ کی وزارت صحت کے مطابق ہلاک شدگان میں سے نصف سے زائد تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔

ع ت، ر ب/ ع ا (روئٹرز، اے پی)

 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں