1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہفرانس

غزہ میں طبی امداد، فرانس کا بحری جہاز روانگی کے لیے تیار

19 نومبر 2023

فرانس غزہ میں طبی امداد فراہم کرنے کے لیے اپنا ڈکسمیوڈ ہیلی کاپٹر بردار بحری جہاز مشرقی بحیرہ روم بھیجنے کی تیاری کر رہا ہے۔ یہ بات فرانسیسی صدارتی دفتر کی طرف سے بتائی گئی ہے۔

Gazastreifen | Verletzte im Al-Shifa-Krankenhaus in Gaza-Stadt
تصویر: Saeed Jaras/APA Images/ZUMA/picture alliance

فرانسیسی صدر ایمانویل ماکرون کے دفتر کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر بردار فرانسیسی جنگی بحری جہاز ڈکسمیوڈ ہفتے کے آغاز میں روانہ ہوگا اور آنے والے دنوں میں مصر پہنچے گا۔

فرانس پہلے ہی ٹونر نامی اپنا ہیلی کاپٹر بردار بحری جہاز اس خطے میں تعینات کر چکا ہے جس میں تقریبا 60 بستر اور دو آپریٹنگ بلاکس موجود ہیں۔
آغاز ہفتہ پر 10 ٹن سے زیادہ طبی سامان ایک چارٹرڈ پرواز کے ذریعے بھیجنے کا بھی منصوبہ بنایا گیا ہے۔

غزہ کا سب سے بڑا ہسپتال ’’ڈیتھ زون‘‘ بن چکا ہے، ڈبلیو ایچ او

’الشفا ہسپتال ایک گھنٹے میں خالی کر دیا جائے‘، اسرائیلی فوج

فرانسیسی صدارتی دفتر کے مطابق فرانس طبی سازوسامان کے ساتھ 23 اور 30 نومبر کو بھیجی جانے والی یورپی پروازوں میں بھی اپنا حصہ ڈالے گا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے، ’’ فرانس غزہ پٹی سے ہنگامی دیکھ بھال کی ضرورت والے زخمی اور بیمار بچوں کو اپنے ہسپتالوں میں منتقل کرنے کے لیے اپنے تمام دستیاب ذرائع کو متحرک کر رہا ہے۔‘‘

فرانسیسی صدر ایمانویل ماکرون کے دفتر کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر بردار فرانسیسی جنگی بحری جہاز ڈکسمیوڈ ہفتے کے آغاز میں روانہ ہوگا اور آنے والے دنوں میں مصر پہنچے گا۔تصویر: Yves Herman/AP/picture alliance

ماکرون نے ہفتہ 18 نومبر کو قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے غزہ میں حماس کے زیر حراست یرغمالیوں کی رہائی کے لیے جاری مذاکرات کے بارے میں بات چیت کی تھی۔

فرانس کے وزیر دفاع سیباستیان لیکرنو بھی ہفتے کے روز قطر میں تھے جو ثالثی کی کوششوں کی قیادت کر رہا ہے۔

فرانسیسی صدر اور ان کے مصری ہم منصب نے غزہ میں داخل ہونے والے ٹرکوں کی تعداد بڑھانے اور انسانی امداد کی فراہمی اور زخمیوں کے علاج کے لیے تعاون کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ 

غزہ: ہسپتال کا عملہ اجتماعی قبریں کھودنے پر مجبور

02:15

This browser does not support the video element.

اسرائیلی حکام کے مطابق سات اکتوبر کو حماس کے حملے کے دوران اسرائیل میں تقریبا 1200 افراد ہلاک ہوئے جن میں زیادہ تر عام شہری تھے اور 240 کے قریب افراد کو یرغمال بنا لیا گیا تھا۔

حماس کے زیر انتظام غزہ پٹی کے فلسطینی علاقے کے حکام کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیل کی جوابی کارروائیوں میں اب تک 12,300 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں پانچ ہزار سے زائد بچے بھی شامل ہیں۔

ا ب ا/ک م (اے ایف پی، روئٹرز)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں