1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستلبنان

غزہ پر اسرائیلی حملوں میں ایک درجن سے زائد فلسطینی ہلاک

9 نومبر 2024

اسرائیلی فوج نے گزشتہ شب غزہ پٹی اور حزب اللہ کے مضبوط گڑھ سمجھے جانے والے علاقےضاحیہ پر متعدد حملے کیے۔ عراقی وزیر اعظم نے نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مشرق وسطیٰ میں جاری تنازعات ختم کرانے کی اپیل کی ہے۔

Gaza Krieg I Gaza-Todesopfer laut UN oftmals Kinder und Frauen
تصویر: AFP

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ شمالی غزہ میں جبالیہ کی مہاجر بستی میں جاری زمینی فوجی آپریشن میں 'درجنوں دہشت گرد ہلاک‘ کر دیے گئے ہیں اور ہتھیاروں کی ایک ذخیرہ گاہ بھی تباہ کر دی گئی ہے۔

غزہ پٹی کے جنوبی علاقے رفح میں بھیاسرائیلی فوجی کارروائیاں جاری ہيں اور بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے وہاں عسکریت پسندوں اور 'دہشت گردی کے انفراسٹرکچر‘ کو تباہ کر دیا۔

 

واضح رہے کہ گزشتہ برس سات اکتوبر کو جنوبی اسرائیل میں حماس کے ایک دہشت گردانہ حملے میں بارہ سو سے زائد اسرائیلی شہریوں کی ہلاکت اور قریب ڈھائی سو افراد کو یرغمال بنا لیے جانے کے بعد اسرائیل نے غزہ میں بڑی عسکری کارروائیوں کا آغاز کیا تھا۔

شمالی غزہ میں اسرائیلی بڑی عسکری کارروائیوں میں مصروف ہےتصویر: AFP

جمعے اور ہفتے کی درمیان شب چودہ  ہلاکتیں

غزہ کے شہری دفاع کے محکمے کے مطابق جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب غزہ پٹی میں ہونے والے مختلف اسرائیلی فضائی حملوں میں خواتین اور بچوں اسمیت کم از کم 14 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ دوسری جانب اسرائیل نے شمالی غزہ میں 'درجنوں جنگجوؤں‘ کی ہلاکت کا بتایا ہے۔

غزہ کے شہری دفاع کے محکمے کے ترجمان محمد باصل کے مطابق ایک فضائی حملہ جنوبی شہر خان یونس میں قائم ایک خیمہ بستی پر کیا گیا، جس کے نتيجے میں نو افراد ہلاک ہوئے۔ فلسطینی ہلال احمر نے بھی اس حملے اور ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے اور بتایا کہ مزید گیارہ افراد اس حملے میں زخمی بھی ہوئے جنہیں ناصر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

باصل کے مطابق ایک اور حملہ غزہ سٹی کے التفاح ضلع میں فرہاد الصباح نامی اسکول کی عمارت پر ہوا، جس میں پانچ افراد ہلاک اور بائیس زخمی ہوئے۔

بیروت کے جنوب میں متعدد مقامات پر حملے کیے گئے ہیںتصویر: Hassan Ammar/AP Photo/picture alliance

غزہ میں حماس کے زیرنگرانی کام کرنے والی وزارت صحت کے مطابق اکتوبر دو ہزار تئیس سے غزہ میں جاری عسکری کارروائیوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر تينتالیس ہزار پانچ سو آٹھ فلسطینی ہلاک ہوئے ہیں۔

اسرائیلی فوج کی بیروت کے نواح میں شدید بمباری

اسرائیلی فوج کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹیلی گرام پر بتایا گیا ہے کہ بیروت کے نواح میں ضاحیہ نامی علاقے میں ایران نواز شیعہ عسکری گروہ حزب اللہ کے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا۔ فوجی بیان کے مطابق اس جگہ حزب اللہ کی ہتھیار ساز فیکٹری اور کمانڈ سینٹرز موجود تھے۔ واضح رہے کہ بیروت کے جنوب میں داحیہ شیعہ اکثریتی علاقہ ہے اور اسے حزب اللہ کا ایک مضبوط گڑھ تصور کیا جاتا ہے۔

اسرائیلی فوج کے مطابق انسانی جانوں کے ضیاع سے بچنے کے لیے حملوں سے قبل انتباہی اور احتیاطی اقدامات کیے گئے تھے۔

ٹرمپ مشرق وسطیٰ میں جاری لڑائی بند کروائیں، عراقی وزیراعظم

عراقی وزیراعظم محمد شیعہ السوڈانی نے نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے کہا ہے کہ وہ اپنے انتخابی وعدوں پر عمل کرتے ہوئے مشرق وسطیٰ میں جاری جنگی تنازعات ختم کروائیں۔ انہوں نے یہ بات ڈونلڈ ٹرمپ کو کی گئی ایک ٹیلی فون کال میں کہی۔

اسرائیل اور غزہ پر ٹرمپ اور ہیرس کا موقف کیا ہے؟

01:37

This browser does not support the video element.

السوڈانی گو کہ ایران نواز سیاسی جماعتوں کی حمایت سے وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں، تاہم غزہ اور لبنان میں جاری اسرائیلی کارروائیوں کے تناظر میں انہوں نے ایک قدرے متوازن موقف برقرار رکھا ہے۔ ان کا مقصد ہے کہ عراق اس جنگ کا حصہ نہ بنے۔ عراقی وزیراعظم کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ اقدامات کے ذریعے اہداف کے حصول پر اتفاق کیا۔

یہ بات اہم ہے کہ دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ کے انسداد کے لیے امریکہ نے اپنے ڈھائی ہزار فوجی عراق میں تعینات کیے تھے۔ تاہم حالیہ عرصے میں ایران نواز عسکری گروہوں کی جانب متعدد مرتبہ عراق میں  امریکی فوجی اڈوں پر راکٹ اور ڈرون حملے کیے جاتے رہے ہیں جب  کہ یہ گروہ اسرائیل پر بھی راکٹ حملوں کے دعوے کرتے رہے ہیں۔

ع ت، ش ر، ع س (اے پی، روئٹرز، اے ایف پی)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں