1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتمشرق وسطیٰ

غزہ پر اسرائیلی حملوں میں مزید درجنوں فلسطینی ہلاک

21 اگست 2024

یہ تازہ حملے اور ہلاکتیں ایک ایسے وقت پر ہوئے ہیں، جب انٹونی بلنکن نے خطے کا اپنا تازہ ترین دورہ مکمل کیا ۔ تاہم اعلیٰ سطحی سفارت کاری کے باوجود غزہ میں جنگ بندی پر کوئی ٹھوس پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے ان تازہ حملوں میں حماس کو نشانہ بنایا ہے
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے ان تازہ حملوں میں حماس کو نشانہ بنایا ہےتصویر: Ayman Al Hassi/REUTERS

غزہ میں حماس کے زیر انتظام وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مختلف علاقوں میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فوجی حملوں میں کم از کم 50 فلسطینی مارے گئے ہیں۔ یہ تازہ حملے اور ہلاکتیں ایک ایسے وقت پر ہوئے ہیں، جب امریکی  وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے خطے کا اپنا تازہ ترین دورہ مکمل کیا ہے۔

تاہم وہ اسرائیل اور حماس کے مابین جنگ بندی کے جس معاہدے کوحتمی شکل دینے کی کوششوں کے سلسلے میں آئے تھے، اس پر ابھی تک کوئی ٹھوس پیش رفت دکھائی نہیں دی۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن مصری صدر عبدالفتاح السیسی کے ہمراہ تصویر: Egyptian President Office/APAimages/IMAGO

اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس کی فضائیہ کے جیٹ طیاروں نے غزہ کی پٹی میں  حماس کی سرنگوں، راکٹ لانچنگ سائٹس اور ایک مشاہداتی پوسٹ سمیت تقریباً 30 اہداف کو نشانہ بنایا۔ اس فوجی بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی  فوجیوں نے درجنوں مسلح جنگجوؤں کو ہلاک کیا اور دھماکہ خیز مواد، دستی بموں اور خودکار رائفلوں سمیت بہت سے ہتھیار بھی قبضے میں لے لیے۔

غزہ میں حماس کے زیر انتظام سول  ایمرجنسی سروس نے بتایا کہ بعد ازاں دن میں اسرائیلی فوج نے غزہ شہر میں ایک اسکول اور اس کے قریب ہی واقع ایک مکان پر بھی حملہ کیا، جس میں کم از کم تین افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوئے۔

اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ اس نے حماس کے عسکریت پسندوں کو ایک کمپاؤنڈ کے اندر واقع کمانڈ سینٹر کو نشانہ بنایا، جو پہلے اسکول کے طور پر کام کرتا تھا۔ اسرائیلی فوج حماس پر شہری تنصیبات اور عام رہائشی علاقوں کے اندر سے حملے کرنے کا الزام لگاتی ہے تاہم یہ فلسطینی عسکریت پسند گروہ ایسا کرنے سے انکار کرتا ہے۔

غزہ میں وزارت صحت کے مطابق جنوبی غزہ پٹی میں خان یونس کے قریب بنی سہیلہ کے قصبے میں ایک اسرائیلی فضائی حملے میں بے گھر ہونے والے لوگوں کے خیموں پر مشتمل ایک کیمپ میں سات فلسطینی مارے گئے۔

اسرائیلی فوج نے غزہ کے وسطی علاقے دیر البلاح کے گنجان آباد علاقے سے انخلا کے نئے احکامات بھی جاری کیےتصویر: Hatem Khaled/REUTERS

اسرائیلی فوج نے غزہ کے وسطی علاقے دیر البلاح کے گنجان آباد علاقے سے انخلا کے نئے احکامات بھی جاری کیے ہیں، جہاں لڑائی سے بے گھر ہونے والے لاکھوں فلسطینی پناہ لیے ہوئے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے انخلا کے اپنے ان احکامات کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو ''خطرناک جنگی زون‘‘ سے محفوظ کرنے کی ضرورت تھی۔

دوسری جانب بلنکن، جو گزشتہ اکتوبر میں غزہ کی جنگ شروع ہونے کے بعد مشرق وسطیٰ کا اپنا نوواں دورہ بھی مکمل کر چکے ہیں، فریقین کے درمیان جنگ کے خاتمے کے بارے میں گہرے اختلافات کو  ختم کرنے کے حوالے سے کسی قابل ذکر پیشرفت کے بغیر ہی لوٹے ہیں۔

بلنکن کے اس دورے میں بھی غزہ میں جنگ بندی کے لیے دیگر  ثالثوں مصر اور قطر کے رہنماؤں کے ساتھ ساتھ اسرائیل میں ہونے والی بات چیت پر توجہ مرکوز کی گئی تھی۔

غزہ میں جنگ کا آغاز گزشتہ سال سات اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر دہشت گردانہ حملے کے بعد ہوا تھا،  جس میں تقریباً 1,200 افراد ہلاک ہوئے تھے اور 250 کے قریب کو یرغمال بنا لیا گیا  تھا۔ غزہ میں حماس کے زیر انتظام وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کی جوابی کارروائی میں اب تک چالیس ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

 ش ر⁄ م م، ع ا (اے ایف پی، روئٹرز، اے پی)

اسرائیل فلسطین تنازعے کا حل اتنا مشکل کیوں؟

15:09

This browser does not support the video element.

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں