1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

غزہ پر برسے بموں سے بنے فن پارے

شامل شمس2 اکتوبر 2014

فلسطینی فنکار حسام الضابوس کے گھر کے ایک کمرے میں آپ کو چار دل کش گل دان رکھے نظر آئیں گے۔ جب آپ انہیں قریب سے جا کر دیکھیں گے تو معلوم ہو گا کہ یہ تو اسرائیلی ٹینکوں سے غزہ پر داغے گئے بموں کے خول ہیں۔

REUTERS/Mohammed Salem
تصویر: Reuters

غزہ پٹی میں مہاجرین کے ایک کیمپ کا یہ باسی کھنڈر بنی عمارتوں سے اسرائیلی فوج کی جانب سے چلائے گئے بموں کی باقیات اکھٹا کرتا ہے اور انہیں فن پاروں میں تبدیل کرتا ہے۔ یہ فنی نمونے اس حالیہ تنازعے کی یاد تازہ کر دیتے ہیں جس میں کم از کم بائیس سو فلسطینی اور ستر اسرائیلی ہلاک ہوئے تھے۔

تینتیس سالہ الضابوس کا اس انوکھے تجربے کے بارے میں خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کچھ یہ کہنا تھا: ’’میں یہ چیزیں یادگار کے طور پر رکھنا چاہتا تھا، مگر میرے رشتے دار اور پڑوسی اس سے غیر مطمئن سے ہو گئے تھے، سو میں نے سوچا کہ ان پر رنگ کر دیا جائے اور انہیں خوب صورت بنایا جائے۔‘‘

الضابوس کے ہاتھ میں آ کر جیسے اس جنگی اسلحے کو ایک نئی زندگی مل جاتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا، ’’جب میرے بچے بڑے ہوں گے تو میں انہیں یہ چیزیں دکھا سکوں گا، ان کو بتا سکوں گا کہ یہ سن دو ہزار چودہ کی جنگ کی باقیات ہیں۔ یہ کہ اس جنگ میں دو ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے، اور کس طرح میں نے موت کے اس سامان کو متاعِ زیست میں تبدیل کر دیا تھا، بموں کو گل دان بنا ڈالا تھا۔‘‘

الضابوس کے لیے حیرت کا سبب یہ بات بنی کہ اب اس کی تخلیقات کے لیے فرمائشیں آنا شروع ہو گئی ہیں، اور لوگ ان کو خریدنا بھی چاہتے ہیں۔ اس باعث الضابوس کو اس طرح کے مزید اسلحے کی تلاش کے لیے پولیس کے پاس جانا پڑتا ہے۔ ’’درجنوں افراد کی خواہش ہے کہ میں ان کے لیے ایسے فن پارے تخلیق کروں، سو میں پولیس کے پاس گیا۔ انہوں نے مجھے ایسا بہت سا مواد فراہم کیا، مگر اس شرط پر کہ یہ صرف فن کاری ہی کے لیے استعمال ہو۔‘‘

بتیس سالہ قدیر ابو نادہ، جس کا کاروبار جنگ کے دوران تباہ ہو گیا تھا، بھی الضابوس سے ایک گل دان بنوانا چاہتے ہیں۔ ’’مجھے یہ خیال اچھا لگا کہ جن بموں نے ہمیں تباہ کیا ہے ان سے خوب صورتی کا پہلو بھی نکالا جا سکتا ہے۔‘‘

ابو نادہ نے اپنی بات ان الفاظ پر ختم کی: ’’خدا کرے کہ غزہ میں امن لوٹ آئے۔‘‘

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں