1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

غزہ پٹی پر اسرائیلی حملے جاری، مزید شہری ہلاکتیں

خبر رساں ادارے5 جنوری 2009

غزہ پٹی میں عسکریت پسند تنظیم حماس کے خلاف اسرائیلی فوج کی فضائی اور زمینی کارروائی جاری ہے۔ پیر کے روز کئے جانے والے حملوں میں تین فلسطینی بچوں سمیت کم از کم بارہ شہری ہلاک ہوگئے ہیں۔

شمالی غزہ کی جانب پیش قدمی کرنے سے قبل اسرائیلی فوجی سرحد پر جمع ہوتے ہوئےتصویر: AP

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ حماس کی جانب سے راکٹ حملوں کے جواب میں غزہ پٹی میں ستائیس دسمبر سے شروع ہونے والی زمینی کارروائی میں اب تک بیسیوں عسکریت پسند ہلاک کئے جا چکے ہیں تاہم بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے اسرائیلی کارروائیوں میں بڑی تعداد میں شہریوں کی ہلاکت بھی ہوئی ہے، جن میں خواتین اور بچّے شامل ہیں۔

اسرائیلی وزیر خارجہ زپی لیونی نے پیر کو ایک پریس کانفرنس میں کہا :’’ دفاع کسی بھی ریاست کا حق ہے۔ حملوں میں شہریوں کی ہلاکت کی تعداد کے تعلق سے اسرائیل پر تنقید کو غلط طریقے سے استعمال کیا جارہا ہے۔‘‘

جنوبی غزہ پر اسرائیل کے ایک میزائل حملے میں یہ فلسطینی شخص زخمی ہوگیا، جس کے بعد دوسرے لوگ اُسے سہارا دے رہے ہیںتصویر: AP

دوسری جانب عسکریت پسند تنظیم حماس کے مطابق اس تنظیم کا ایک وفد امن مزاکرات کے لئے مصر روانہ ہو چکا ہے۔

خطّے کے دورے پر موجود فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی نے پیر کے روز مصری صدر حسنی مبارک کے ساتھ ملاقات کی ہے۔ مصری وزیر خارجہ احمد عبدالغیط نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے غزہ میں فوری جنگ بندی، سرحدی ناکہ بندی کے خاتمے اور اسرائیلی فوج کے زمانہ امن کی پوزیشن پر واپسی کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی۔

فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی اسرائیلی وزیر خارجہ زپی لیونی کے ہمراہ پیرس میںتصویر: AP

یورپی یونین کا امن مشن بھی جمہوریہ چیک کے وزیر خارجہ Schwarzenberg Karel کی قیادت میں میں سویڈن اور فرانس کے وزرائے خارجہ کے ساتھ خطّے میں پہنچ گیا ہے۔ اس مشن میں یورپی یونین کے خارجہ امور کے کمشنر Benita Ferrero-Waldner اور خارجہ پالیسی چیف Javier Solana بھی شامل ہیں۔ سولانا نے صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ یورپی یونین علاقے میں فوری جنگ بندی چاہتا ہے۔

متحرک توپ خانے سے کی جانے والی گولہ باری کا ایک منظر، اسرائیلی حملوں میں متعدد شہری ہلاک ہوئے ہیںتصویر: AP

اس سے قبل فرانسیسی وزیر خارجہ برناد کوشنر نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا:’’ ہمیں کچھ کرنا ہوگا، اعلانات سے زیادہ، مذمتی بیانات سے زیادہ، تاریخی یاددہانیوں سے زیادہ۔ ہم جانتے ہیں ہم مل کر کیا کر سکتے ہیں۔ صرف ہم نہیں، آپ بھی، کیونکہ یہ دنیا کے مستقبل کا حصّہ ہے۔‘‘

مصر میں مزاکرات کے بعد یورپی یونین کا امن مشن یوروشلم کے لئے روانہ ہو گیا۔

ادھر اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج غزہ پٹی کے شمالی حصّے کی جانب بڑھ رہے ہیں اور عام شہریوں کو علاقہ چھوڑنے کے لئے کہا جا رہا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق کئی خاندان اقوام متحدہ کے زیر اہتمام ایک علاقائی سکول میں پناہ لئے ہوئے ہیں۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں