1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

غزہ کے لیے امداد: معائنے کی خاطر چوکیاں کھول دی گئیں

12 دسمبر 2023

اسرائیل کے مطابق کرم شالوم اور نتزانا کراسنگ پر شروع ہونے والی سکیورٹی اسکریننگ سے غزہ کی امداد کو دوگنا کرنے میں مدد ملے گی جبکہ ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نے ہیلتھ ورکرز کی طویل جانچ اور حراست پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔

Israel | Soldaten nah der Grenze zum Gazastreifen
تصویر: Ohad Zwigenberg/AP Photo/picture alliance

اسرائیل  کی طرف سے دیے گئے ایک تازہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کرم شالوم اور نتزانا کراسنگ پر منگل سے شروع ہونے والی سکیورٹی اسکریننگ غزہ  کو دی جانے والی امداد کو 'دوگنا‘ کرنے میں مدد ملے گی۔ ادھر ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نے غزہ سٹی کے ہسپتال جانے والے ایک ہنگامی قافلے میں ایک مریض کی موت کے بعد غزہ کے صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو محفوظ رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ موت ویک اینڈ پر اس وقت ہوئی جب جراحی کے آلات اور دیگر طبی سامان سمیت انتہائی نازک حالت کے 19 مریضوں کو الاہلی ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا۔

ویسٹ بینک میں پرتشدد نقل مکانی کے خوف میں جیتے فلسطینی

05:18

This browser does not support the video element.

 

ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈروس ادھانوم گیبریئسس نے منگل کے روز کہا کہ وہ ''طبی کارکنوں کی طویل جانچ اور حراست کے بارے میں شدید فکر مند ہیں کیونکہ اس سے نازک طبی حالت والے مریضوں کی زندگیوں کو مزید خطرات لاحق ہو رہے ہیں۔‘‘

مغربی کنارے کی تازہ ترین صورت حال

ادھر اسرائیل اور حماس کی سات اکتوبر سے جاری جنگ کے تناظر میں اب مغربی کنارے کی صورت حال مزید ابتر ہوتی جا رہی ہے۔ فلسطینی اتھارٹی کے مطابق تب سے اب تک مغربی کنارے میں 267 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔

اسرائیلی فوج غزہ میں داخل ہو تے وقتتصویر: Amir Cohen/REUTERS

مغربی کنارے کے شہر جنین سے منگل بارہ دسمبر کو کم از کم چار فلسطینی عسکریت پسندوں کی ہلاکت کی اطلاع ملی۔ فلسطینی میڈیا کے مطابق یہ فلسطینی اسرائیلی ڈرون حملوں میں ہلاک ہوئے اور ان ہلاکتوں کی تصدیق رام اللہ میں وزارت صحت نے بھی کر دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والوں کا تعلق عسکریت پسند گروپ الاقصیٰ بریگیڈ سے تھا۔ الاقصیٰ گروپ کو فتح پارٹی کے نزدیک سمجھا جاتا ہے اور یہیفلسطینی  سیاسی پارٹی مغربی کنارے میں غالب سیاسی قوت کی حیثیت رکھتی ہے۔ اسرائیلی فوج کی طرف سے تاہم اس آپریشن اور ان ہلاکتوں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔

غزہ پٹی میں اسرائیلی فوج کی زمینی کاررائیوں میں اضافہ

02:30

This browser does not support the video element.

جینین شہر میں ایک بڑا پناہ گزین کیمپ ہے اور اسے عسکریت پسند فلسطینیوں کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس علاقے میں اسرائیلی فوج کی کارروائی منگل کو بھی جاری رہی۔

جنوبی غزہ کے شہر رفح میں ہلاکتیں

پیر اور منگل کی درمیانی شب اسرائیلی جنگی طیاروں اور ٹینکوں نے رات بھر جنوبی غزہ پر گولہ باری کی۔ منگل کو اقوام متحدہ نے کہا کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان دو ماہ سے جاری جنگ میں شدت کی وجہ سے  غزہ کے لوگوں تک امداد کی تقسیم کا کام مشکل تر ہوتا جا رہا ہے۔ ان حالات کے شکار عام شہری اب شدید بھوک اور امداد کی کمی کا شکار ہیں۔

رفح کے رہائشی کبھی یہاں آباد تھےتصویر: Abed Rahim Khatib/dpa/picture alliance

مصر کی سرحد سے متصل جنوبی غزہ  کے شہر رفح میں محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ گزشتہ رات اسرائیلی فضائی حملے میں کئی بچوں سمیت 22 افراد ہلاک ہوئے۔ امدادی کارکن ملبے تلے دبے زخمیوں کو تلاش کر رہے ہیں۔

رفح کے رہائشیوں کا کہنا تھا کہ گولہ باری رفح شہر میں ہوئی، جہاں اسرائیلی فوج نے رواں ماہ مقامی باشندوں کو وہاں سے منتنقل ہونے کے لیے کہہ دیا تھا۔ رفح کے رہائشیوں کے مطابق اسرائیلی گولہ باری گزشتہ دنوں کی شدید  ترین بمباری تھی۔ چھ بچوں کے والد اور رفح کے ایک 40 سالہ رہائشی ابو خلیل نے نیوز ایجنسی روئٹرز کو فون پر بتایا، ''رات کو ہم بمباری اور دھماکوں کی وجہ سے سو نہیں سکتے۔ صبح ہم سڑکوں پر بچوں کے لیے کھانا تلاش کرتے ہیں، مگر کھانا میسر نہیں ہے۔‘‘

ابو خلیل کا مزید کہنا تھا، ''روٹی چاول، نمک یا پھلیوں تک کی قیمتیں کئی گنا بڑھ چکی ہیں۔ یہ حالات بھوک سے مر جانے کے مترادف ہیں۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا، ''اسرائیل ہمیں دو بار مارتا ہے، ایک بار بموں سے اور دوسری بار بھوک سے۔‘‘

مرکزی غزہ سٹی کی ایک رہائشی عمارت پر اسرائیلی فضائی حملے کے بعد کا منظرتصویر: Majdi Fathi/NurPhoto/NurPhoto/picture alliance

نیا ایڈ اسکریننگ سسٹم

اقوام متحدہ کے حکام کا کہنا ہے کہ 1.9 ملین افراد یا غزہ کی 85 فیصد آبادی بے گھر ہو چکی ہے۔ ان حکام نے غزہ کے جنوبی علاقے  کی صورت حال کو انتہائی برا قرار دیا ہے۔ رفح میں پناہ لینے والے بے گھر افراد لکڑیوں اور نائلون سے خیمے تیار کر کے وہاں سر چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کچھ گلیوں میں، سڑکوں پر یا کھلے آسمان کے نیچے راتیں بسر کر رہے ہیں۔ اسرائیل  نے کہا ہے کہ منگل سے دو بارڈر کراسنگز پر شروع ہونے والی سکیورٹی اسکریننگ غزہ کو دی جانے والی امداد کو دوگنا  کرنے میں مدد دے گی۔ کراسنگز کو کھولے بغیر بارڈر پر امدادی سامان کی اسکریننگ میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ جنگ سے پہلے زیادہ تر ٹرک اسی راستے سے غزہ میں داخل ہوتے تھے۔ دو مصری سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیل، مصر اور امریکہ کے درمیان ایک نئے معاہدے کے تحت آج منگل سے معائنہ شروع ہو رہا ہے۔

ک م/ م م، ر ب (روئٹرز، اے پی)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں