1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

'غلط معلومات' پھیلانے پر میٹا کو یورپی یونین کی تنبیہ

12 اکتوبر 2023

یورپی یونین نے اسرائیل پر حماس کے حملے کے بعد میٹا کے پلیٹ فارم پرغلط معلومات پھیلانے کا الزام لگایا ہے اور اس کے سی ای او مارک زکربرگ کو متنبہ کیا کہ وہ یورپی قانون کی تعمیل کریں اور 24 گھنٹے کے اندر اس کا جواب دیں۔

یورپی یونین نے میٹا کو متنبہ کیا کہ اگر اس کے پلیٹ فارمز یورپی قانون کی تعمیل نہیں کرتے تو جرمانہ ادا کرنا ہو گا
یورپی یونین نے میٹا کو متنبہ کیا کہ اگر اس کے پلیٹ فارمز یورپی قانون کی تعمیل نہیں کرتے تو جرمانہ ادا کرنا ہو گاتصویر: STR/NurPhoto/picture alliance

یورپی یونین نے بدھ کے روز میٹا کے سی ای او مارک زکر برگ کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسرائیل پر حماس کے حملے کے بعد اپنے پلیٹ فارمز پر شائع ہونے والی غلط معلومات کو فوراً ہٹا دیں۔ اور اگر اس کے پلیٹ فارمز یورپی قانون کی تعمیل نہیں کرتے تو اسے جرمانہ ادا کرنا ہو گا۔

یورپی کمشنر تھیئری بریٹن نے بدھ کے روز مارک زکربرگ کو لکھے گئے ایک خط میں کہا کہ میٹا کے پاس اس سلسلے میں جواب دینے اور یورپی قانون پر تعمیل کرنے کے لیے 24 گھنٹے کا وقت ہے۔

ایلون مسک کا ایکس (ٹوئٹر) غلط معلومات کا سب سے بڑا ذریعہ، یورپی یونین

خیال رہے کہ انسٹا گرام اور فیس بک کے ساتھ ساتھ تھریڈز جیسے مقبول سوشل میڈیا پلیٹ فارمز میٹا کی ملکیت ہیں۔

اسرائیل حماس حالیہ تنازع کے بعد غلط معلومات میں اضافہ

بریٹن نے اپنے خط میں لکھا،"متعدد سنگین پیش رفت کے مدنظر مجھے یورپی یونین ڈیجیٹل سروسز ایکٹ کے تحت مواد کے اعتدال کے متعلق آپ کو آپ کی ذمہ داریوں کو یاد دلانا ضروری ہے۔"

انہوں نے لکھا،"پہلی بات یہ کہ حماس کی طرف سے اسرائیل کے خلاف کیے گئے دہشت گردانہ حملوں کے بعد، ہم غیر قانونی مواد اور غلط معلومات میں اضافہ دیکھ رہے ہیں، جو مختلف پلیٹ فارمز کے ذریعہ یورپی یونین میں پھیلائے جا رہے ہیں، اور یہ سلسلہ جاری ہے۔ میں آپ سے کہنا چاہوں گا کہ یورپی یونین میں غیر قانونی مواد کے نوٹس کے بعد آپ سروسز کے ضابطوں، بروقت، مستعد اور معروضی کارروائی کی ضرورت کے حوالے سے ڈی ایس اے کے قوانین کی سختی سے تعمیل کو یقینی بنانے کے لیے انتہائی چوکس رہیں۔"

ٹوئٹر ڈس انفارمیشن کے خلاف کوششیں تیز کرے، یورپی یونین

یورپی کمشنرتھیئری بریٹن نے مزید کہا ہے "کمپنی نے اپنے پلیٹ فارمز پر غلط اطلاعات کو پھیلانے سے روکنے کے لیے کیا  "متناسب اور موثر اقدامات" کیے ہیں، یہ بتانے کے لیے اس کے پاس 24 گھنٹے کا وقت ہے۔"

حماس کی طرف سے اسرائیل کے خلاف کیے گئے دہشت گردانہ حملوں کے بعد سوشل میڈیا پر غیر قانونی مواد اور غلط معلومات میں اضافہ ہو گیا ہےتصویر: picture alliance / ASSOCIATED PRESS

جرمانہ بھی عائد ہو سکتا ہے

اگر میٹا غلط اطلاعات کے متعلق یورپی یونین کے ڈی ایس اے ایکٹ کے ضابطوں کی تعمیل میں ناکام رہتا ہے تو کمپنی کے پلیٹ فارمز کو جرمانے ادا کرنے ہوں گے، جس میں دنیا بھر کے سالانہ ٹرن اوور کے 6 فیصد تک ممکنہ جرمانہ شامل ہے۔

اس سے قبل یورپی یونین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کو بھی ایسے مواد کے متعلق خبردار کیا تھا۔

بریٹن نے ایلون مسک کومتنبہ کیا کہ ان کا پلیٹ فارم ایکس "غیر قانونی مواد اور غلط معلومات" پھیلا رہا ہے۔

 فیس بک نے اپنا کارپوریٹ نام بدل کر میٹا کر لیا ہے

خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق اسلامی عسکریت پسند گروپ حماس کے اسرائیل پر حملے اور اس کے جواب میں اسرائیل کی جانب سے غزہ میں جاری فضائی حملوں کے درمیان سوشل میڈیا میں اس تنازعہ کے حوالے سے غلط اطلاعات میں کافی اضافہ دیکھا گیا ہے۔ ان میں جھوٹی یا چھیڑ چھاڑ کی گئی ویڈیوز اور تصاویر بھی شامل ہیں۔

 ج ا/ ص ز (اے پی، روئٹرز، اے ایف پی)

 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں