1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

غیر قانونی باؤلنگ ایکشن کی جڑ ٹیپ بال کرکٹ

طارق سعید، لاہور8 دسمبر 2014

محمد حفیظ کو باؤلنگ کے لیے نا اہل قرار دینے کا آئی سی سی کا فیصلہ پاکستان کرکٹ پر بجلی بن کر گرا ہے۔ پی سی بی کے ڈائریکٹر کہتے ہیں کہ باؤلرز کے غیر قانونی ایکشن کے مسئلہ کی جڑیں بہت گہری ہیں۔

تصویر: AFP/Getty Images/A. Qureshi

محمد حفیظ گز شتہ تین سال سے پاکستانی باؤلنگ میں ریڑھ کی ہڈی بن چکے تھے اور ان کے رن دینے کی شرح دنیا میں سب کم تین اعشاریہ آٹھ تھی۔ڈوئچے ویلے سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر اور ماضی کے مشہور ٹیسٹ کرکٹر ہارون رشید کا کہنا تھا کہ سعید اجمل کے بعد اچانک محمد حفیظ پر پابندی کا نقصان نا قابل تلافی ہے۔ ہارون کے بقول پاکستان کے پاس باؤلرز کی کوئی کمی نہیں مگر محمد حفیظ ٹو ان ون تھے۔ ان کے باؤلنگ نہ کرنے سے پاکستان کو ایک بیٹسمین کی قربانی دینا پڑے گے۔

واضح رہے کہ چونتیس سالہ محمد حفیظ نے پیر کو دبئی میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں کیریئر میں پہلی بار اسپیشلسٹ بیٹسمین کی حیثیت سے شرکت کی۔

ہارون رشید، جو پاکستان کرکٹ بورڈ میں ڈائریکٹر گیم ڈویلپمنٹ ہیں کہتے ہیں کہ پاکستان میں غیرقانونی باؤلنگ ایکشن کے مسئلے کا تعلق کھلاڑیوں کی بچپن میں عدم تربیت سے ہے، ’’یہاں سہولتوں کے فقدان ہے اور غربت کی وجہ سے ابتدائی عمر میں کھلاڑی ننگے پاؤں ٹیپ بال سے کھیلتے ہیں۔ تیز سے تیز تر باؤلنگ کرنے کے شوق میں وہ باؤلنگ ایکشن قوانین کی پرواہ نہیں کرتے۔ بعد میں بڑی کرکٹ میں جب وہ پہنچتے ہیں تو ہمارے لیے ان کے ایکشن کی اصلاح مشکل ہو جاتی ہے کیونکہ اس وقت تک ان کے جسم غیر لچکیلے ہو چکے ہوتے ہیں۔‘‘

ہارون رشید کے مطابق محمد حفیظ اور سعید اجمل کے بازوؤں میں خم کا فرق واضح ہے۔ سعید اجمل کو اپنا ایکشن سرے سے ہی تبدیل کرنا پڑا جبکہ محمد حفیظ کو صرف اصلاح کی ضرورت ہے اور کرکٹ کی دنیا میں بطور باؤلر واپس آسکتے ہیں۔

ہارون کے مطابق سعید اجمل کے ایکشن میں بھی بہتری آرہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ڈائریکٹر گیم دویپلمنٹ کا کہنا تھا پاکستان کے پاس اجمل اور حفیظ کی عدم موجودگی میں یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر جیسے اسپنرز موجود ہیں۔ ذولفقار بابر نے خود کو ہر طرح کی کرکٹ میں منوایا ہے اور یاسر شاہ کا مستقبل بھی ٹیسٹ کرکٹ میں تابناک ہے۔

غور طلب بات یہ ہے کہ محمد حفیظ پر عالمی کپ دو ہزار پندرہ کے لیے تیس ممکنہ کھلاڑیوں کے اعلان کے چوبیس گھنٹوں بعد باؤلنگ کی پابندی لگا ئی گئی ہے۔ سعید اجمل اور محمد حفیظ دونوں کا نام تیس کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہے۔ عالمی کپ کے لیے حتمی پندرہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان سات جنوری کو ہوگا۔

ماضی میں پاکستانی آف اسپنرحسیب احسن اور فاسٹ باؤلر شبیر احمد کا کیریئرغیر قانونی باؤلنگ ایکشن کی وجہ سے ختم ہو چکا ہے۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں