میں عمران خان سے ملاقات کے لیے ان کی رہائش گاہ زمان پارک پہنچا تو اس عمران خان کے گھر کو میڈیا اور سیکورٹی والوں نے گھیر رکھا تھا۔ میں نے دیکھا کہ عمران خان سچ مچ زخمی تھے لیکن ان کے چہرے پر شکست کے کوئی آثار نہیں تھے۔
اشتہار
میڈیا کے نمائندوں کو بغیر وقت لیے عمران خان کے گھر کی طرف جانے کی اجازت نہیں ہے۔ عمران خان کے گھر کے چاروں طرف مسلح سیکورٹی اہلکاروں کا پہرہ ہے۔ سڑک پر گاڑیاں روکنے والی روکاوٹیں لگائی گئی ہیں۔ علاقے کے بعض حصوں کو خاردار تاریں لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ شام ہوتے ہیں گھر کے آس پاس تیز روشنی والی سرچ لائیٹیں جلا دی جاتی ہیں۔ لانگ مارچ پر حملے کے بعد عمران خان کی سیکورٹی نمایاں طور پر سخت کر دی گئی ہے۔
کافی انتظار کے بعد صحافیوں کے ایک چھوٹے سے وفد کے ہمراہ ہم گھر کی عمارت میں داخل ہوئے یہاں بھی سیکورٹی مراحل موجود تھے۔ سلیقے سے سجے ایک بڑے ڈرائنگ روم سے ہوتے ہوئے جب ہم عمران خان کے کمرے میں پہنچے تو وہ ایک آرام دے کرسی پر بیٹھے تھے اور سامنے رکھے گئے سٹول پر انہوں نے ٹانگ رکھی ہوئی تھی۔
عمران خان کالے رنگ کا بین والا کرتا اور ہلکے نیلے رنگ کا پاجامہ پہنا ہوا تھا، جس کو ایک طرف سے کاٹ کر پوری ٹانگ پر پٹیاں کی ہوئی تھیں۔ عمران خان سچ مچ زخمی تھے لیکن ان کے چہرے پر شکست کے کوئی آثار نہیں تھے۔ عمران خان غیر رسمی طور پر ایک صحافی کو بتا رہے تھے کہ اس واقعے کے بعد ان کے لیے ایکسرسائز کرنا ممکن نہیں رہا تھا۔ اس لیے انہیں بھوک بھی نہیں لگتی اور وہ معمول کے مطابق کھانا بھی نہیں کھا سکتے۔ عمران خان کا کمرہ قیمتی فرنیچر سے مزین تھا۔ دیواروں پرنظر آنے والی پینٹنگز میں آرٹ اور مذہب کے رنگ نمایاں تھے۔
ہم سب عمران خان کے ارد گرد بیٹھ گئے، بات شروع ہوئی۔ میں نے پوچھا کہ خان صاحب لانگ مارچ ہو گیا، لوگ موبلائز ہو گئے اگر اب بھی آپ کا الیکشن والا مطالبہ نہیں مانا جاتا تو پھر آپ کے پاس پلان بی کیا ہے؟ عمران خان نے جواب دیا کہ اگر الیکشن فوری طور پر نا بھی ہوں یا اکتوبر میں ہو جائیں تو اس سے بھی پی ٹی آئی کی مقبولیت پر کوئی خاص فرق نہیں پڑے گا لیکن وہ سمجھتے ہیں کہ اس عرصے میں ملک کو بہت نقصان ہو گا اور عوام کی مشکلات بہت بڑھ جائیں گی۔ میں نے پوچھا کہ کیا واقعی آپ کو لگتا ہے کہ صرف عوامی مقبولیت کی بنا پر اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مفاہمت کیے بغیر آپ اقتدار میں آ جائیں گے؟ ان کا کہنا تھا کہ اب پاکستان بہت بدل چکا ہے نوعمر بچے بھی پولیٹیسائز ہو چکے ہیں، ''ہم نے الیکشن کمیشن کی حمایت رکھنے والی درجن بھر جماعتوں کو اکیلے شکست دی ہے۔ پاکستانی معاشرے میں نئی حقیقتیں جنم لے چکی ہیں، ہمیں اٹھا کر گیم سے باہر پھینک دینا اب ممکن نہیں رہا ہے۔‘‘
کسی نے پوچھا کہ جنرل باجوہ کے قریبی رشتہ داروں کے جو غیر معمولی اثاثے منظر عام پر آئے ہیں کیا ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے؟ عمران خان کا موقف تھا کہ ایسے سارے مسائل کا حل قانون کی حکمرانی ہے، ''رول آف لا ہو گا تو سب کا احتساب ممکن ہو سکے گا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ نیب قوانین میں حالیہ ترامیم کے بعد اس وائیٹ کالر جرائم پر کاروائی نہیں ہو سکے گے۔ اس قانون میں کہا گیا ہے کہ کرپشن کی نشاندہی کرنے والے کو ہی اس کا ثبوت دینا ہو گا اور اگر کوئی کرپشن کرکے پیسہ باہر منتقل کر دے تو پھر اس سے تو پوچھ گچھ ہی نہیں ہو گی۔ بار بار پوچھے جانے والے اس سوال کے جواب میں کہ کیا آپ آرمی چیف کی تعیناتی کے معاملے عدالت سے رجوع کریں گے؟ عمران خان نے اس کا واضح جواب نہیں دیا البتہ ان کا کہنا تھا کہ صدر علوی آرمی چیف کی سمری پر دستخط کرنے سے پہلے ان سے مشورہ کریں گے اور وہ اسے قانون کے مطابق ڈیل کریں گے۔
گھنٹے بھر کی ملاقات کے بعد ایک فوٹو سیشن ہوا۔ اس ملاقات کے بعد باہر نکلتے ہوئے ایک صحافی نے دوسرے کے کان میں کہا اس گھر میں چائے نہیں ملتی کیا۔ دوسرے نے اسے گھور کر دیکھا اور کہا شکر کرو اس سے ٹائم مل گیا اور ملاقات ہو گئی۔ کیا یہ کافی نہیں۔ اس پر ایک زوردار قہقہہ لگا اور ہم سب عمران خان کے گھر سے باہر نکل آئے۔
جب ہم عمران خان سے گھر سے نکل رہے تھے، اس وقت مولانا طارق جمیل کی گاڑی وہاں گھر میں داخل ہو رہی تھی۔
پاکستان کا کون سا وزیر اعظم کتنا عرصہ اقتدار میں رہا؟
پاکستان کی تاریخ میں کوئی وزیر اعظم اپنی پانچ سالہ مدت پوری نہیں کر سکا۔ انہیں مختلف وجوہات کی بنا پر مقررہ مدت سے پہلے ہی عہدہ چھوڑنا پڑا عمران خان 22ویں وزیر اعظم تھے۔
تصویر: STF/AFP/GettyImages
لیاقت علی خان: 4 سال، 2 ماہ کی حکومت
لیاقت علی خان پاکستان کے پہلے وزیر اعظم تھے۔ انہوں نے 15 اگست 1947 ء کو وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالا۔ انہیں 16 اکتوبر 1951ء کو راولپنڈی میں ایک شخص نے گولی مار کر قتل کر دیا۔ وہ اپنی موت سے قبل مجموعی طور پر 4 سال 2 ماہ تک وزیر اعظم رہے۔
تصویر: Wikipedia/US Department of State
خواجہ ناظم الدین: 1 سال 6 ماہ
لیاقت علی خان کے قتل کے ایک دن بعد 16 اکتوبر 1951 ء کو خواجہ ناظم الدین نے اقتدار سنبھالا۔ 17 اپریل 1953 ءکو ناظم الدین کو گورنر جنرل نے وزیر اعظم کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔ خواجہ ناظم الدین پاکستان کے دوسرے گورنر جنرل کے بطور بھی فرائض انجام دے چکے تھے۔
تصویر: Douglas Miller/Keystone/Hulton Archive/Getty Images
محمد علی بوگرہ: 2 سال 3 ماہ
17 اپریل 1953ء کو گورنر جنرل محمد علی نے بوگرہ کو وزیر اعظم مقرر کیا۔ تاہم 12 اگست 1955ء کو انہیں استعفیٰ دینے پر مجبور کر دیا گیا۔
تصویر: gemeinfrei/wikipedia
چودھری محمد علی: 1 سال 1 مہینہ
12 اگست 1955ء کو چودھری محمد علی کو پاکستان کے چوتھے وزیر اعظم کے طور پر نامزد کیا گیا۔ چودھری محمد علی کا نام آج بھی پاکستان میں 1956 ء کے آئین میں ان کے اہم کردار کے لیے لیا جاتا ہے۔ تاہم، انہوں نے 12 ستمبر 1956 ء کو پارٹی کے ارکان کے ساتھ تنازعہ کی وجہ سے استعفیٰ دے دیا۔
تصویر: akg images/picture alliance
حسین شہید سہروردی: 1 سال، 1 مہینہ
حسین شہید سہروردی 12 ستمبر 1956ء کو وزیر اعظم بنے۔ لیکن صدر سکندر مرزا سے اختلاف کی وجہ سے اسکندر نے 16 اکتوبر 1957 ءکو استعفیٰ دے دیا۔
تصویر: gemeinfrei/Wikipedia
ابراہیم اسماعیل چندریگر: 2 ماہ سے بھی کم
آئی آئی چندریگر کے نام سے معروف ابراہیم اسماعیل چندریگر 18 اکتوبر 1957 ء کو چھٹے وزیر اعظم کے طور پر مقرر ہوئے۔ انہوں نے اسی سال 16 دسمبر کو استعفیٰ دے دیا۔
تصویر: gemeinfrei/wikimedia
ملک فیروز خان نون: 10 ماہ سے کم
16 دسمبر 1957 ءکو اسکندر مرزا نے فیروز خان نون کو پاکستان کے وزیر اعظم کے عہدے کے لیے نامزد کیا۔ تاہم، سات کتوبر 1958 ء کو جنرل ایوب خان نے نون کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا۔
تصویر: Fox Photos/Hulton Archive/Getty Images
نورالامین: 13 دن
6 دسمبر 1971 ء کو 13 سال کے مارشل لاء کے بعد نورالامین کو فوجی آمر یحییٰ خان کی انتظامیہ میں وزیر اعظم بنا دیا گیا۔ مشرقی پاکستان کے سقوط کے بعد، عہدہ سنبھالنے کے صرف تیرہ دن بعد 20 دسمبر کو انہیں عہدے سے ہٹا دیا گیا۔
تصویر: gemeinfrei/wikipedia
ذوالفقار علی بھٹو، 3 سال 11 ماہ
ذوالفقار علی بھٹو 14 اگست 1973 ءکو وزیر اعظم بنے۔ وہ 1976 ء میں دوبارہ الیکشن لڑے اور جیت گئے۔ تاہم، فوجی بغاوت کے بعد انہیں قید کر دیا گیا اور چار اپریل 1979 ءکو انہیں پھانسی دے دی گئی۔
تصویر: imago/ZUMA/Keystone
محمد خان جونیجو: 3 سال، 2 ماہ
محمد خان جونیجو 23 مارچ 1985 ء کو وزیراعظم منتخب ہوئے۔ تاہم 29 مئی 1988 ء کو جونیجو کی حکومت برطرف کر دی گئی۔
تصویر: Sven Simon/IMAGO
بے نظیر بھٹو: 1 سال 6 ماہ
ذوالفقار علی بھٹو کی صاحبزادی بے نظیر بھٹو 2 دسمبر 1988 ء کو پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم منتخب ہوئیں۔ چھ اگست 1990 ء کو صدر غلام اسحاق خان نے ان کی حکومت برطرف کر دی۔
تصویر: ZUMA Wire/IMAGO
نواز شریف: 2 سال، 6 ماہ
نواز شریف نے 8 نومبر 1990 ء کو چارج سنبھالا۔ تاہم، 1993ء میں دوبارہ صدر غلام اسحاق خان نے ایک منتخب حکومت کو برطرف کر دیا۔ بعد ازاں سپریم کورٹ نے شریف حکومت کو بحال کر دیا۔ لیکن پھر 18 جولائی 1993 ء کو نواز شریف مستعفی ہو گئے۔
تصویر: picture-alliance/AP Photo/K. M. Chaudary
نواز شریف: 2 سال، 6 ماہ
17 فروری 1997 ء کے انتخابات کو نواز شریف دوبارہ وزیر اعظم منتخب ہوئے۔ تاہم 12 اکتوبر 1999 ءکو جنرل پرویز مشرف نے ملک میں مارشل لا نافذ کر کے نواز شریف کو اقتدار سے ہٹا دیا۔
تصویر: K.M. Chaudary/AP/dpa/picture alliance
میر ظفر اللہ خان جمالی: 1 سال، 6 ماہ
نومبر 2002 ء میں ظفر اللہ خان جمالی پرویز مشرف کے دور میں پہلے وزیر اعظم بنے۔ تاہم 26 جون 2004 ء کو انہوں نے اچانک استعفیٰ دے دیا۔
تصویر: Aamir Qureschi/AFP
چودھری شجاعت حسین: 2 ماہ
چودھری شجاعت حسین 30 جون 2004 کو پارلیمانی انتخابات کے ذریعے وزیراعظم بنے۔ انہوں نے شوکت عزیز کے وزیر اعظم منتخب ہونے تک تقریباﹰ دو ماہ اپنی خدمات انجام دیں۔
تصویر: Bilawal Arbab/dpa/picture alliance
شوکت عزیز، 3 سال 2 ماہ
شوکت عزیز 26 اگست 2004 ءکو وزیراعظم مقرر ہوئے۔ انہوں نے پارلیمنٹ میں اپنی مدت پوری کرنے کے بعد 15 نومبر 2007 ء کو پارلیمان کی مدت پوری ہونے پر سبکدوش ہو گئے۔ اس حوالے سے وہ پہلے پاکستانی وزیراعظم تھے، جو پارلیمانی مدت کے خاتمے کے ساتھ سبکدوش ہوئے۔
تصویر: Yu Jie/HPIC/picture alliance
یوسف رضا گیلانی: 4 سال، ایک ماہ
25 مارچ 2008 ء کو عام انتخابات کے بعد یوسف رضا گیلانی وزیراعظم بنے۔ ان کی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے قومی اسمبلی میں اکثریت حاصل کی۔ تاہم انہیں 2012 ء میں توہین عدالت کے مقدمے میں مختصر سزا سنائے جانے کے بعد یہ وزارت عظمیٰ کا منصب چھوڑنا پڑا۔
تصویر: AP
راجہ پرویز اشرف: 9 ماہ
راجہ پرویز اشرف نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی حکومت کی باقی ماندہ مدت مکمل کرنے کے لیے وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالا۔ وہ 22 جون 2012 ء سے 24 مارچ 2013 ء تک اس عہدے پر فائز رہے۔
تصویر: dapd
نواز شریف: 4 سال، 2 ماہ
5 جون 2013 ءکو نواز شریف تیسری بار وزیر اعظم بنے۔ وہ ایسے پہلے پاکستانی رہنما ہیں، جو تین بار وزارتِ عظمیٰ کے منصب پر فائز ہوئے۔ 26 جولائی 2016 ء کو سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد انہیں اقتدار چھوڑنا پڑا۔
تصویر: Reuters/F. Mahmood
شاہد خاقان عباسی: ایک سال سے بھی کم
نواز شریف کی برطرفی کے بعد شاہد خاقان عباسی کو وزیر اعظم مقرر کیا گیا۔ انہوں نے اگست 2016 ء میں یہ ذمہ داری سنبھالی تھی۔ تاہم ان کی وزارت عظمیٰ پارلیمان کی مدت مکمل ہونے پر یکم جون 2018 ء کو ختم ہو گئی۔
تصویر: Reuters/J. Moon
عمران خان: تین سال 6 ماہ
عمران خان 18 اگست2018 ءکو وزیراعظم منتخب ہوئے۔ 10اپریل 2022 ءکو عمران خان قومی اسمبلی میں عدم اعتماد کے ووٹ کے بعد اقتدار سے محروم ہو گئے۔ وہ ایسے پہلے پاکستانی رہنما ہیں، جو پارلیمان کی جانب سے عدم اعتماد کے نتیجے میں وزارت عظمیٰ سے محروم ہوئے۔