1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فارمولان ون: ہسپانوی گراں پری کے فاتح مارک ویبر

9 مئی 2010

فارمولا ون موٹر ریسنگ کی امسالہ چیمپیئن شپ کی اتوار کو بارسلونا میں ہونے والی ہسپانوی گراں پری دوڑ آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے ریڈ بُل رینالٹ ٹیم کے ڈرائیورMark Weber نے جیت لی۔ وہ اس ریس میں پول پوزیشن سے شامل ہوئے تھے۔

تصویر: AP

ہسپانوی گراں پری فارمولا ون کے امسالہ سیزن کے کل 19 مقابلوں میں سے پانچویں ریس تھی، جس میں مارک ویبر نے بارسلونا سرکٹ پر 66 راؤنڈز میں مجموعی طور پر 307.1 کلومیڑ کا فاصلہ ایک گھنٹہ پینتیس منٹ اور 44.1 سیکنڈز میں طے کیا۔

ان کے بعد دوسرے نمبر پر اٹلی کی فیراری ٹیم کی گاڑی چلانے والے اسپین کے ڈرائیور فیرنانڈو آلانسو رہے، جو مارک ویبر سے قریب 24 سیکنڈز پیچھے تھے۔ ہسپانوی گراں پری میں جرمنی سے تعلق رکھنے والے نوجوان ڈرائیور سیباستیان فیٹل تیسرے نمبر پر رہے جو پہلے پوزیشن پر آنے والے مارک ویبر کی طرح ریڈ بُل رینالٹ ٹیم کی گاڑی چلا رہے تھے۔

جرمنی ہی سے تعلق رکھنے والے اور فارمولا ون میں ریکارڈ حد تک عالمی چیمپیئن کا اعزاز حاصل کرنے والے مشہور ڈرائیور میشاعیل شوماخر، جو امسالہ چیمپیئن شپ میں اپنی ریٹائرمنٹ سے واپسی کے بعد پہلی مرتبہ حصہ لے رہے ہیں، موجودہ سیزن میں اپنی اب تک کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب رہے اور مجموعی طور پر بارسلونا میں چوتھے نمبر پر رہے۔

مرسیڈیز ٹیم کی گاڑی چلانے والے اور آبائی طور پر جرمنی کے شہر Kerpen سے تعلق رکھنے والے میشاعیل شوماخر کے بعد ہسپانوی گراں پری میں پانچویں پوزیشن حاصل کرنے والے ڈرائیور برطانیہ کے جینسن بٹن تھے جو میکلارین مرسیڈیز ٹیم کی گاڑی میں سوار تھے۔

میشاعیل شوماخر نے بارسلونا میں چوتھی پوزیشن حاصل کیتصویر: AP

ہسپانوی گراں پری کے بعد ڈرائیوروں کی عالمی چیمپیئن شپ کے لئے اب تک میکلارین مرسیڈیز ٹیم کے برطانوی ڈرائیور جینسن بٹن اپنے 70 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، فیراری ٹیم کے ہسپانوی ڈرائیور فیر نانڈو آلانسو 67 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ جرمنی کے ریڈ بُل رینالٹ ٹیم کی گاڑی چلانے والے بہت نوجوان ڈرائیور سیباستیان فیٹل اپنے 60 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

فارمولا ون کی سالانہ عالمی چیمپیئن شپ ڈرائیوروں کے علاوہ مینو فیکچررز کی عالمی چیمپیئن شپ بھی ہوتی ہے۔ موجودہ سیزن میں اب تک مینوفیکچررز چیمپیئن شپ کی دوڑ میں میکلارین مرسیڈیز کی ٹیم اپنے 119 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، فیراری ٹیم 116 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ ریڈ بُل رینالٹ کی ٹیم 113 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

دوہزار دس کے فارمولا ون سیزن کی اگلی یعنی چھٹی گراں پری ریس سولہ مئی اتوار کے روز مونٹی کارلو میں ہو گی اور موناکو گراں پری کہلانے والی اس دوڑ میں شامل ڈرائیوروں کو 78راؤنڈز میں 260.52 کلومیڑ کا فاصلہ طے کرنا ہو گا۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں