1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فارمولا ون میں شوماخر کی واپسی منسوخ

11 اگست 2009

سات بار فارمولا ون چیمپیئن بننےکا اعزاز حاصل کرنے والے جرمن ڈرائیور مشائیل شوماخر نے گردن میں تکلیف کے باعث فارمولا ون میں اپنی واپسی منسوخ کر دی ہے۔

شوماخر نے فارمولا ون میں اپنی واپسی کو منسوخ کر دیا ہےتصویر: AP

چالیس سالہ مشائیل شوماخر نے سن دو ہزار چھ میں فارمولا ون سے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا تاہم ہنگیرین گراں پری سے قبل کوالیفائنگ ریس میں فیراری ٹیم کے ڈرائیور فلیپے ماسا کے حادثے میں زخمی ہو جانے پر مشائیل شوماخر نے فیراری ٹیم کے لئے دوبارہ فارمولا ون میں آمد کا اعلان کیا تھا۔ شوماخر کو رواں ماہ کی 23 تاریخ کو یورپین گرینڈ گراں پری میں حصہ لینا تھا۔ شوماخر نے اپنی ویب سائٹ کو دئے گئے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ وہ گردن میں شدید تکلیف پر قابو پانے میں ناکام رہے ہیں، جس کے باعث فارمولا ون میں ان کی واپسی فی الحال مشکل ہے۔

شوماخر کے اس اعلان کے بعد فیراری کے ٹیسٹ ڈرائیور لُوکا باڈوئر فارمولا ون میں ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔

ایک ٹیسٹ ریس میں شوماخر موٹر سائیکل سے گر گئے تھےتصویر: AP

شوماخر موٹر سائیکل کے ایک حادثے میں گردن میں تکلیف کا شکار ہوئے تھے:’’میں اپنی گردن میں ابھی تک شدید تکلیف محسوس کرتا ہوں، میری گردن فی الحال شدید دباؤ برداشت نہیں کر سکتی۔ دو ہفتوں سے جاری معائنوں سے یہی بات سامنے آئی تھی۔ تاہم حتمی ٹیسٹ پیر کو ہوا، جس کے بعد میں نے یہ فیصلہ کیا۔‘‘

فارمولا ون میں گاڑی دوڑانے کے لئے مضبوط گردن انتہائی ضروری ہے، جو تیز رفتار کار چلاتے ہوئے دباؤ کو برداشت کر سکے۔ مشائیل شوماخر نے پیر کی شام فیراری کے صدر لُوکا دی مونتیزے میلو اور ٹیم کے سربراہ سٹیفانو ڈومینے چالی سے رابطہ کیا اور انہیں بتایا کہ وہ فارمولا ون کے لئے اپنی فٹنس کی جنگ ہار چکے ہیں۔

فیراری کے سربراہ مونتیزیے میلو نے اپنے ایک بیان میں اس اعلان پر دکھ کا اظہار کیا ہے:’’مجھے یہ جان کر نہایت دکھ ہوا کہ فٹنس مسائل مشائیل کو فارمولا ون میں واپسی سے روک رہے ہیں۔ ان کی واپسی یقینی طور پر فارمولا ون کے لئے انتہائی بہتر ہو گی اور مجھے یقین ہے کہ ہم انہیں بہت جلد دوبارہ جیت کے لئے اپنی گاڑی دوڑاتے دیکھ سکیں گے۔‘‘

انہوں نے مشائیل شوماخر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا:’’میں فراری اور ان کے تمام چاہنے والوں کی جانب سے، ہر طرح کے حالات میں ٹیم سے وابستہ رہنے پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘‘

مشائیل شوماخر نے اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے اپنی تمام تر کوشش کی کہ وہ کسی طرح فارمولا ون میں فیراری ٹیم کی نمائندگی کر سکیں تاہم وہ ناکام رہے ہیں۔

’’میں اب صرف یہ کرسکتا ہوں کہ ٹیم کے لئے آنے والی ریسوں میں اپنی طرف سے بھرپور ساتھ دوں اور ان کے لئے دعاگو رہوں۔‘‘

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : امجد علی

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں