1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فارمولا ون: فیٹل نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

29 جولائی 2022

چار بار کے فارمولا ون عالمی چیمیئن جرمن ڈرائیور سیباستیان فیٹل نے رواں سیزن کے اختتام پر فارمولاون کارریسنگ سے سبکدوشی کا اعلان کیا ہے۔

Formel 1 l FIA F1 Saison 2022 Test in Barcelona , Sebastian Vettel
تصویر: Jerry Andre/Laci Perenyi/picture alliance

35 سالہ فارمولا ون جرمن ڈرائیور سیباستیان فیٹل نے کہا ہے کہ وہ رواں سیزن کے اختتام کے بعد فارمولا ون کاریسنگ سے علیحدگی اختیار کر لیں گے۔ انہوں نے اس فیصلے کو 'ایک مشکل فیصلہ‘ قرار دیا۔ اس سے قبل جمعرات کے روز فارمولا ون ٹیم ایسٹن مارٹن نے بھی اعلان کیا تھا کہ فیٹل رواں سیزن کے اختتام پر اس کھیل سے ریٹائرمنٹ لے لیں گے۔ سیباستیان کےریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد فارمولا ون کی جانب سے متعدد ٹوئٹر پوسٹس میں انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔

فارمولا ون سیزن شروع: آسٹریلین گراں پری ریس فیٹل کے نام

فارمولا ون: فیٹل کی نویں مسلسل کامیابی

اہداف تبدیل ہو گئے

فیٹل نے اپنے بیان میں کہا، ''ریٹائرمنٹ کا اعلان میرے لیے ایک مشکل فیصلہ تھا اور اس کے لیے میں نے بہت سوچ بچار کی۔‘‘

فیٹل کے مطابق وہ اب رواں برس کے اختتام پر کچھ وقت لیں گے تاکہ یہ فیصلہ کر سکیں کہ وہ آئندہ کیا کرنا چاہتے ہیں۔ تاہم فارمولا ون اسٹار کے لیے فی الحال اپنے اہل خانہ کے ساتھ وقت بسر کرنا ایک اہم موضوع لگتا ہے۔ فیٹل کہتے ہیں، ''ریسنگ کے ساتھ ساتھ میں نے اپنی ایک فیملی بنائی اور مجھے ان کے ساتھ ہونا بے حد اچھا لگتا ہے۔ وقت کے ساتھ میرا ہدف ریس جیتنے اور چیمپیئن شپ کی لڑائی لڑنے سے اپنے بچوں کو بڑھتے دیکھنے، انہیں اپنی اقدار سونپنے اور گرنے پر انہیں اٹھانے کی جانب مڑتا چلا گیا۔‘‘

فیٹل نے اپنے اس بیان میں اپنے مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا، ''آج اس کھیل کو خدا حافظ کہنے کا دن نہیں ہے بلکہ یہ کہنے کا دن ہے کہ آپ سب کا بہت بہت شکریہ۔ خاص طور پر مداحوں کا، جن کے جنون کے بغیر فارمولا ون کبھی قائم نہیں رہ سکتی۔‘‘

چار ٹائٹل اور 53 ریسوں میں فتح

فیٹل نے سن 2010 تا 2013 تک مسلسل عالمی چیمپیئن کا اعزاز اپنے پاس رکھا تاہم اپنے بچپن کے ہیرو میشائیل شوماخر کی طرح فتوحات کا یہ تسلسل بعد میں برقرار رکھنے میں ناکام رہے۔ انہوں نے 2010 تا 2013 تک فیراری ٹیم کے لیے خدمات انجام دیں اور اس کے بعد چھ برس تک سکوڈریا میں رہنے کے بعد برطانوی لگژری کار ساز ادارے ایسٹن مارٹن کی فارمولا ون ٹیم کا حصہ بن گئے۔

اپنے کرئیر میں فیٹل نے 53 گراں پری ریسیں جیتیں، یوں وہ شوماخر اور اپنے حریف لوئیس ہیملٹن کے بعد تیسرے سب سے زیادہ ریسیں جیتنے والے شخص ہیں۔ انہیں اس کھیل کے کامیاب ترین ڈرائیوروں میں شامل کیا جاتا ہے، جب کہ وہ فارمولا ون ریسنگ کے سب سے کم عمر چیمپیئن بننے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔

ع ت/ ک م (کرن تھوماس روُبرٹ بُرکے)

 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں