1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فارمولا وَن: مِشاَعیل شُوماخر کی واپسی

23 دسمبر 2009

سات مرتبہ فارمولا وَن ورلڈ ڈرائیورز چیمپئن شپ جیتنے والے جرمن کھلاڑی مِشاعیل شُوماخر ، جنہوں نے سن دو ہزار چھ میں اپنا کیریئر ختم کرنے کا اعلان کر دیا تھا، اگلے سیزن میں پھر سے اِس کھیل میں واپس آ رہے ہیں۔

تصویر: AP

جرمن اخبار ’’بِلڈ‘‘ کے مطابق اسے معلومات ملی ہیں کہ منگل کے روز شُوماخر نے برطانیہ کے شہر بریکلے میں، جہاں مرسیڈیز کی گراں پری ٹیم کا نیا ہیڈکوارٹر ہے، ایک سال کے معاہدے پر دستخط کر دئے ہیں۔ اخبار کے مطابق شُوماخر کو سات ملین یورو ادا کئے جائیں گے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ شُوماخر جنوری میں اپنی نئی گاڑی آزمائشی طور پر چلا کر دیکھیں گے۔ اگلے سیزن کی پہلی گراں پری ریس چَودہ مارچ کو بحرین میں ہو گی۔

مایہ ناز کار ریسر گراں پری ریسنگ مقابلوں میں اکیانوے بار کامیابی حاصل کر چکے ہیںتصویر: picture-alliance/ dpa

منگل کی شام خبر رساں ادارے DAPD کے رابطہ کرنے پر شُوماخر کی ترجمان زابِینے کیہم نے کہا کہ ابھی شُوماخر اِس اخباری رپورٹ پر کوئی ردّ عمل ظاہر نہیں کرنا چاہتے۔ تاہم یہ کہ شُوماخر اِس بارے میں بہت جلد کوئی بیان جاری کریں گے۔ مِشاعیل شُوماخر فارمولا وَن ورلڈ ڈرائیورز چیمپئن شپ کی تاریخ کے کامیاب ترین ڈرائیور ہیں۔

شُوماخر نے، جو تین جنوری کو اکتالیس برس کے ہو جائیں گے، اِس سال موسمِ گرما میں بھی فیراری ٹیم میں شمولیت کے بارے میں سوچ بچار کیا تھا۔ تاہم تب اُن کے سر اور گردن میں لگی وہ چوٹ ابھی تازہ تھی، جو اُنہیں ایک موٹر سائیکل ریس میں آئی تھی۔ اِسی بناء پر اِس کھیل میں واپسی کے سلسلے میں تب اُن کے ارادے تکمیل کو نہ پہنچ سکے تھے۔

رپورٹ : امجد علی

ادارت : شادی خان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں