فرانسوا اولانڈ نے صدر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا
15 مئی 2012فرانسوا اولانڈ نے چھ مئی کو انتخابات کے دوسرے مرحلے میں باون فیصد کے قریب ووٹ حاصل کر کے سابق صدر نکولا سارکوزی کو واضح فرق سے شکست دی تھی۔
آج پیرس میں ہونے والی ایک مختصر تقریب میں فرانسوا اولانڈ نے باضابطہ طور پر ملک کا منصب صدارت سنبھال لیا۔ چار سو کے قریب مہمانوں کے سامنے اپنی افتتاحی تقریب میں اولانڈ نے کہا کہ وہ خسارے میں کمی لانے کی پالیسیوں کی بجائے نمو میں اضافہ کرنے کے اقدامات کے لیے یورپی معاہدے میں ترامیم لانے کی کوششیں کریں گے۔
فرانس کے صدر نے کہا کہ اُن کے ملک کو اس وقت بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے۔
’’مجھے آج ان مسائل کا احساس ہے جن کا بوجھ ہمارے ملک پر ہے، ان میں انتہائی زیادہ قرضہ، کم شرح نمو، بیروزگاری کی بلند شرح، کمزورمسابقت اور بحران سے نکلنے کی جدوجہد کرنے والا یورپ شامل ہیں۔‘‘
انہوں نے اپنی تقریر میں فرانسیسی عوام پر زور دیا کہ وہ مستقبل کے بارے میں پر امید رہیں۔
’’میں آج فرانس کے عوام کو اعتماد کا پیغام دے رہا ہوں۔ ہم ایک عظیم ملک اور تاریخی ورثے کے حامل ہیں۔ ہمارا ملک ہمیشہ سے آزمائشوں اور چیلنجوں کا جرات سے مقابلہ کرتا آیا ہے۔‘‘
فرانسوا اولانڈ کے صدر بننے کے بعد پہلی ترجیح ملک کی معیشت کو سدھارنا ہے۔
منگل کی شام کو ہی ان کی جرمن چانسلر انگیلا میرکل سے برلِن میں ملاقات طے ہے۔ اس ملاقات کو کافی اہم خیال کیا جا رہا ہے کیونکہ برلِن نئی پیرس حکومت سے یہ توقع رکھتا ہے کہ وہ بچتی اقدامات کی سابقہ پالیسیوں کو جاری رکھیں گے۔ فرانس اور جرمنی کو یورو زون کے دو مضبوط ستون تصور کیا جاتا ہے۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے فرانس کے سابق صدر نکولا سارکوزی کے ساتھ ہی مل کر یورو زون کے مالیاتی معاہدے کو وضع کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
فرانسیسی صدر اولانڈ جمعرات کو کابینہ کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ وہ اسی ہفتے کے آخر میں امریکا روانہ ہوں گے، جہاں وہ جی ایٹ اور نیٹو کے سربراہی اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔
(hk/km (AFP, Reuters