1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فرانسیسی پادریوں کے ہاتھوں لاکھوں بچوں کا جنسی استحصال

6 اکتوبر 2021

پاپائے روم نے فرانسیسی کیتھولک چرچ میں پادریوں کے ہاتھوں بچوں کے بہت وسیع پیمانے پر جنسی استحصال سے متعلق تازہ ترین انکشافات پر گہرے صدمے کا اظہارکیا ہے۔ ان انکشافات نے دراصل رومن کیتھولک چرچ کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

Kardinal Philippe Barbarin, Erzbischof von Lyon
تصویر: Robert Deyrail/abaca/picture alliance

 

پوپ فرانسس نے ان واقعات کو اپنے لیے ذاتی طور پر اور پورے کیتھولک چرچ کے لیے 'باعث شرم‘ قرار دیا۔ پوپ فرانسس نے ویٹیکن سٹی میں ایک دعائیہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ''بدقسمتی سے بچوں کے جنسی استحصال کے واقعات کی ایک قابل ذکر تعداد سے متعلق رپورٹ منظر عام پر آئی ہے۔ میں متاثرین کے دکھ میں اپنا برابر کا دکھ شامل کرنا چاہوں گا۔ یہ میرے، ہمارےاور چرچ کے لیے، سب کے لیے شرمناک بات ہے کہ اتنے طویل عرصے تک کلیسا ایسے واقعات کی روک تھام میں ناکام رہا۔‘‘ پوپ فرانسس نے تمام بشپس اور اعلیٰ مذہبی شخصیات سے تمام ضروری اقدامات کا مطالبہ کیا تاکہ ایسی المناک صورت حال پھر کبھی پیدانہ ہو۔

بچوں کا جنسی استحصال: کئی مذہبی تنظیموں کے خلاف تحقیقات

‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍‍پوپ کے یہ بیانات دراصل فرانس میں کیتھولک بشپس کانفرنس کے مقرر کردہ ایک کمیشن کی تازہ ترین رپورٹ سے ہونے والے انکشافات کے بعد سامنے آئے ہیں۔ اس رپورٹ میں فرانسیسی پادریوں کی طرف سے گزشتہ 70 برسوں کے دوران دو لاکھ سے زائد بچوں کے جنسی استحصال کی تفصیلات شائع کی گئی ہیں۔ اس رپورٹ کے مصنف نے کیتھولک کلیسا پر اس ہولناک حقیقت سے مسلسل چشم پوشی کا الزام بھی عائد کیا ہے۔

رپورٹ کیا کہتی ہے؟

اس کمیشن کے سربراہ ژاں مارک ساو، جنہوں نے اس رپورٹ کو مکمل کیا، کا کہنا ہے، ''کیتھولک چرچ نے سالوں تک، گہری، مکمل اور یہاں تک کہ ظالمانہ سرد مہری کا مظاہرہ کیا۔‘‘

بچوں کی جنسی تشدد سے حفاظت، یہ اقدامات ضرور کریں!

فرانس کے ایک سابق پادری پر جنسی حملوں کا الزام، 8 سال کی قید کی سزاتصویر: AFP/P. Desmazes

ژاں مارک کے بقول، ''چرچ نے منظم جنسی استحصال کے شکار بچوں کو تحفظ دینے کے بجائے خود اپنا دفاع کیا۔‘‘ اس رپورٹ کے مطابق جنسی زیادتی کا شکار ہونے والے بچوں میں زیادہ تر لڑکے تھے، جن میں سے اکثر کی عمریں 10 تا 13 برس تھیں۔

فرنچ کیتھولک بشپس کانفرنس کے الزامات

فرانس میں ہونے والے ان تازہ ترین انکشافات نے دراصل رومن کیتھولک چرچ کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ کمیشن کی رپورٹ میں چرچ کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس نے بچوں کے جنسی استحصال کو روکنے کے لیے نہ تو کوئی ضروری اقدامات کیے اور نہ ہی اس بارے میں معلومات جاری کی۔

اس رپورٹ میں یہاں تک کہا گیا ہے کہ بعض اوقات جان بوجھ کر بچوں سے زیادتی کرنے والوں کے بچوں سے رابطے کروائے گئے۔ فرانسیسی بشپس کانفرنس کے سربراہ ایرک دے مولیں بوفور نے کہا کہ چرچ اس خبر کے عام ہو جانے پر شرمندہ ہے اور انہوں نے چرچ کی جانب سے معافی کی درخواست کی ہے اور ایسے واقعات کے خلاف اقدامات کا وعدہ بھی کیا ہے۔

پولش کیتھولک چرچ میں بچوں کے جنسی استحصال کی سینکڑوں نئی شکایات

گزشتہ 70 برسوں میں فرنچ کیتھولک چرچ میں مبینہ طور پر ہزاروں پادری بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی میں ملوث رہےتصویر: Eric Cabanis/AFP

چرچ کو اصلاح کی ضرورت

فرانسیسی کیتھولک بشپس کانفرنس کے مقرر کردہ کمیشن کے سربراہ ژاں مارک ساو نے اس رپورٹ کے منظر عام پر آنے کے بعد گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیتھولک چرچ کی طرف سے چند موضوعات سے متعلق دی جانے والی تعلیمات دراصل اس نوعیت کے واقعات سے متعلق معلومات کے چھپے رہنے کا سبب بنتی ہیں، اور اسی وجہ سے اتنے بڑے پیمانے پر ہونے والی زیادتیوں کا پتہ اتنی دیر سے چلتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنسیت، اطاعت اور پادریوں کی تقدیس و حرمت کے بارے میں دی جانے والی تعلیمات اندھی تقلید کا سبب بنتی ہیں، جو پادریوں کو بچوں سے جنسی زیادتیوں کے مواقع فراہم کرتی ہیں۔ ژاں مارک ساو  کے بقول، ''کیتھولک چرچ کو ان مسائل سے نمٹنے کے لیے مناسب اقدامات کے سلسلے میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔ چرچ کو دوبارہ معاشرے کا اعتماد حاصل کرنا ہوگا۔‘‘

بھارت:جنسی استحصال کا شکار ہزاروں بچے انصاف سے محروم

رپورٹ شائع کرنے والے کمیشن نے کہا ہے کہ جو کچھ ہوا اس کی ذمہ داری چرچ کو قبول کر لینا چاہیے۔ ساتھ ہی کلیسا اس امر کی یقین دہانی بھی کرائے کہ یہ رپورٹیں عدالتی حکام تک بھی پہنچا دی گئی ہیں۔ نیز متاثرین کو زر تلافی بھی ادا کیا جانا چاہیے۔ ژاں مارک کا کہنا تھا، ''گرچہ زر تلافی متاثرین کو ان جنسی زیادتیوں سے پہنچنے والے ذہنی صدمے کا ازالہ نہیں کر سکتا، اس کے باوجود اس کی ادائیگی ناگزیر ہے۔ اس سے انصاف کے عمل کی تکمیل ہو سکے گی۔‘‘

’یہ میرے، ہمارےاور چرچ کے لیے، سب کے لیے شرمناک بات ہے‘ پوپ کا بیانتصویر: YARA NARDI/REUTERS

بہت بڑے پیمانے پر ہونے والا جنسی استحصال

جامع تحقیق کے ذریعے وسیع پیمانے پر مکمل کی جانے والی اسٹڈی سے اندازہ لگایا گیا ہے کہ چرچ میں پادریوں کے ہاتھوں جنسی زیادتی کا نشانہ بننے والے بچوں کی تعداد تقریباﹰ دو لاکھ 16 ہزار بنتی ہے۔ اس کے علاوہ آرکائیوز میں مزید ہزاروں کیسز کے ریکارڈ بھی ملے ہیں۔ اگر پادریوں کے علاوہ دیگر کلیسائی اہلکاروں کی طرف سے بچوں کے جنسی استحصال کے واقعات کو بھی شامل کیا جائے، تو یہ تعداد تین لاکھ تیس ہزار سے تجاوز کر جائے گی۔

پادريوں کے ہاتھوں بچوں کا جنسی استحصال، پوپ کيا کر پائيں گے؟

ژاں مارک ساو  نے کہا، ''اتنے بڑے پیمانے پر بچوں کے جنسی استحصال کی کوئی مثال نہیں ملتی۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 70 برسوں میں فرنچ کیتھولک چرچ میں مبینہ طور پر دو ہزار نو سو سے لے کر تین ہزار دو سو تک ایسے پادری گزرے ہیں، جو بچوں سے جنسی رغبت رکھنے والے یا پیڈوفائل تھے۔

ک م / م م (روئٹرز، اے پی)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں