فرانسیسی چور کو سیلفی کا شوق لے ڈوبا
13 اگست 2015مغربی فرانس کے شہر روش فوغ Rochefort سے جمعرات تیرہ اگست کو ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق پولیس نے آج بتایا کہ اس بائیس سالہ چور کو موبائل فون پر اپنی ہی تصویر یا سیلفی بنانے کا شوق تھا اور اس کی گرفتاری کی وجہ بھی اس کی اپنی ہی کھینچی ہوئی ایک تصویر بنی۔
پولیس کے مطابق اس ملزم نے جولائی کے مہینے میں اسی شہر سے ایک شخص کا موبائل فون چوری کیا تھا۔ کافی دن گزر جانے کے بعد اس نے شہر میں گھومتے پھرتے اس فون سے اپنی ایک سیلفی بنائی لیکن اسے یہ علم نہیں تھا کہ اس اسمارٹ فون کے مالک نے فون کی سیٹنگز ایسی کر رکھی تھیں کہ اس کے ذریعے اتاری گئی ہر تصویر خود بخود اس شہری کے گھر کے کمپیوٹر پر منتقل ہو جاتی تھی۔
اس ملزم نے اپنی جو سیلفی بنائی، وہ فوراﹰ ہی فون کے مالک کے گھر پر اس کے کمپیوٹر تک پہنچ گئی۔ اس نے وہ تصویر پرنٹ کر کے فوراﹰ پولیس تک پہنچا دی اور نتیجہ تصویر میں نظر آنے والی جگہ کو دیکھتے ہوئے کچھ ہی دیر بعد ملزم کی گرفتاری کی صورت میں نکلا کیونکہ پولیس کو ملزم کو پہچاننے میں قطعاﹰ کوئی مشکل پیش نہ آئی۔
اے ایف پی کے مطابق پولیس حکام نے اس چور کو گرفتار کرنے کے بعد بتایا کہ وہ ماضی میں بھی کئی جرائم کا مرتکب ہو چکا ہے اور عبوری طور پر رہا کیا گیا تھا۔ گرفتاری کے بعد ملزم کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ عبوری ضمانت منسوخ ہو جانے کے بعد اس ملزم کو اب کم از کم بھی 31 مہینے جیل کاٹنا پڑے گی۔