1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فرانس بار بار دہشت گردوں کے نشانے پر، آغاز پچيس برس قبل

25 جولائی 2020

پچیس سال قبل فرانس ايک بڑے دہشت گردانہ حملے سے لرز اٹھا تھا۔ مسلم انتہا پسندوں کے اس حملے نے جہاں ايک طرف فرانسيسی سماج ميں تفريق پر سے پردہ اٹھايا وہيں دہشت گردوں کی ايک نئی نسل کو بھی جنم ديا۔

Frankreich Paris | Anschlag | Metrostation Saint-Michel
تصویر: picture-alliance/dpa

ایک چوتھائی صدی قبل فرانسیسی دارالحکومت پیرس کا وسطی حصہ شام ساڑھے پانچ بجے ایک زور دار دھماکے سے لرز اٹھا تھا۔ اس دھماکے سے آٹھ افراد ہلاک اور قريب ایک سو زخمی ہو گئے تھے۔ يہ دھماکا ساں مشیل نوٹرے ڈیم میٹرو اسٹیشن پر ہوا تھا۔ دھماکے کے مقام تک فوری طور پر پہنچنے والے وزیر اعظم آلاں ژوپے اور صدر ژاک شیراک اس بات سے بے خبر تھے کہ پچیس جولائی سن 1995 کو ہونے والا یہ دھماکا، سارے ملک میں وقفے وقفے سے ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کی شروعات تھی۔

ابتدائی تفتيش سے پتا چلا کہ دھماکوں میں الجزائر سے مہاجرت کرنے والے مسلمان خاندانوں کی نئی نسل کے کچھ ايسے نوجوان ملوث ہیں، جن کا تعلق 'آرمڈ اسلامک گروپ ‘ (GIA) نامی ايک شدت پسند گروہ سے تھا۔ ان دھماکوں نے شمالی افریقی ملک الجزائر میں مسلمان انتہا پسندوں اور فوج کے درمیان جاری مسلح تحریک کو ايک طرح سے فرانس میں لا کھڑا کیا، جو اس ملک کا سابقہ حکمران بھی تھا۔

تصویر: picture-alliance/dpa

تفتیشی عمل میں فرانسیسی حکومت نے سلامتی کے تمام ادروں کو متحرک کیا۔ اس دوران کئی اقدامات اٹھائے گئے جن میں بڑے فرانسیسی شہروں کے اُن مضافاتی علاقوں کی نگرانی بھی تھی جہاں مسلمان تارکین وطن کثرت سے آباد تھے۔ اسی دوران سکیورٹی اہلکار پچیس جولائی کے حملوں میں ملوث افراد کے گرد گھیرا تنگ کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ يہ سبھی الجزائر میں پیدا ہونے والے وہ نوجوان تھے، جن کو ان کے والدین ہجرت اختیار کرتے وقت ساتھ فرانس لے آئے تھے۔

پیرس میں بم نصب کرنے والا چوبیس سالہ خالد کلکال لیوں شہر کا رہائشی تھا۔ کلکال لیوں کے قریبی جنگلاتی علاقے میں گرفتاری کے خلاف مزاحمت کرتے ہوئے مارا گیا اور اس کے بقیہ ساتھیوں کو عدالت نے عمر قید کی سزائیں سنا دیں تھیں۔

ان دہشت گردانہ حملوں نے فرانسیسی حکومتی حلقوں کو مختلف شہروں کے مضافاتی علاقوں پر توجہ مرکوز کرنے کا احساس بھی دلایا۔ اندازه لگایا گیا کہ یہی علاقے دہشت گردی کی افزائش کے مقامات ہیں۔ بیس برس بعد سات جنوری سن 2015 میں ہونے والے ایک درجن دہشت گردانہ حملوں نے ایک پھر واضح کر دیا کہ فرانس کو 'داخلی دہشت گردی‘ کا سامنا ہے۔ سات جنوری کے حملوں میں بھی دو الجزائری نژاد حملہ آور شامل تھے۔

جرمن فرنچ انسٹیٹيوٹ (DFI) کے محقق اشٹیفان زائیڈنڈورف کا خیال ہے کہ یہ صورتحال فرانس کے نوآبادیاتی ماضی سے جڑی ہے کیونکہ الجزائر وہ واحد ملک تھا جس کو 'مین لینڈ‘ میں ضم کر دیا گیا تھا۔ سن 1962 میں الجزائر کی آزادی پر بحیرہ روم کے آر پار فرانس کی سرزمین کا خاتمہ ہو گیا۔ زائیڈنڈورف کا کہنا ہے کہ فرانس میں آباد الجزائری خاندانوں کی تیسری اور چوتھی نسل بہتر زندگی بسر کرنے کی جدوجہد میں مصروف ہے اور فرانس کا بہتر سماجی سہولیات کا وعدہ بھی ابھی تک ادھورا ہی ہے۔ زائیڈنڈورف کے مطابق وعدے اور حقیقت میں تفریق ہی اصل مسئلہ ہے۔

’فرانس یورپ میں دہشت گردی کا مرکز‘

03:31

This browser does not support the video element.

اندریاس نول (ع ح، ع س)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں