1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فرانس میں صدارتی الیکشن، ووٹنگ شروع ہو گئی

22 اپریل 2012

فرانس میں صدارتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں آج ووٹنگ جاری ہے۔ ووٹنگ کا آغاز صبح آٹھ بجے ہوا تھا اور وہ شام چھ بجے اور بڑے شہروں میں آٹھ بجے تک جاری رہے گی۔

تصویر: Reuters

ان انتخابات میں قدامت پسند صدر نکولا سارکوزی اپنے دوبارہ انتخاب کے لیے امیدوار ہیں۔ اُن کے سب سے بڑے حریف سوشلسٹ امیدوار فرانسوا اولاند ہیں۔

خبر ایجنسی روئٹرز نے رائے عامہ کے جائزوں اور سیاسی ماہرین کے تبصروں کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ان انتخابات میں فرانس کی کمزور اقتصادی صورتحال فیصلہ کن کردار ادا کر سکتی ہے۔ اس الیکشن میں فرانس میں بے روزگاری کی بلند شرح بھی ایک اہم موضوع ہے۔

تصویر: Reuters

روئٹرز کے مطابق ان انتخابات کے ممکنہ نتائج کے بارے میں یقین سے کچھ کہنا اگرچہ مشکل ہے تاہم اگر نکولا سارکوزی ہار گئے تو وہ گزشتہ تین عشروں سے بھی زائد عرصے میں ایسے پہلے فرانسیسی صدر ہوں گے جن کی دوبارہ انتخاب کی کوشش ناکام رہی۔

ان انتخابات میں مجموعی طور پر دس امیدوار حصہ لے رہے ہیں جن میں سے صرف سارکوزی اور اولاند ہی حقیقی معنوں میں مضبوط امیدوار ہیں۔ اسی لیے یہ دونوں سیاستدان کہہ چکے ہیں کہ نئے سربراہ مملکت کے طور پر انتخاب کے لیے اصل مقابلہ انہی کے درمیان ہو گا۔

تصویر: dapd

انتخابی قوانین کی رو سے عوامی رائے دہی کے پہلے مرحلے میں آج اگر کُل امیدواروں میں سے کوئی بھی سیاستدان قطعی اکثریت حاصل نہ کر سکا تو پھر فیصلہ دوسرے مرحلے کی رائے دہی میں ہو گا۔ دوسرے مرحلے کی رائے دہی چھ مئی کے روز عمل میں آئے گی جس میں پہلے مرحلے میں سب سے زیادہ عوامی تائید حاصل کرنے والے دو امیدوار ایک دوسرے کے مد مقابل ہوں گے۔

روئٹرز کے مطابق فرانس میں بہت سے رائے دہندگان کو شکایت ہے کہ موجودہ صدر نکولا سارکوزی سیاست میں مبینہ طور پر اپنی شہرت پر زیادہ توجہ دیتے ہیں۔ اسی لیے وہ ملک میں بے روزگاری میں کمی لانے میں ناکام رہے ہیں۔ دوسری طرف گزشتہ ہفتوں کے دوران اپوزیشن کے سوشلسٹ امیدوار فرانسوا اولاند کی مقبولیت میں کافی اضافہ ہوا ہے۔ دونوں ہی سیاستدان یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ اپنی اپنی کامیابی کی صورت میں ملکی معیشت پر سب سے زیادہ توجہ دیں گے۔

تصویر: dapd

رائے دہی سے پہلے تک کے انتخابی جائزوں میں فرانسوا اولاند کو نکولا سارکوزی کے مقابلے میں دس فیصد سے بھی زیادہ کی برتری حاصل تھی۔ اگر ان انتخابات میں فرانسوا اولاند کو کامیابی ملی تو یہ ستاون سالہ سیاستدان فرانسیسی جمہوریہ کے بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے اب تک کے صرف دوسرے صدر ہوں گے۔

فرانسیسی جمہوریہ کے بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے پہلے منتخب صدر فرانسوا مِتراں تھے۔

پیرس میں ملکی وزارت داخلہ کے مطابق آج دوپہر تک اس الیکشن میں ووٹروں کی شرکت کا تناسب انتیس فیصد کے قریب ہو چکا تھا۔

ij/hk/Reuters

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں