1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
جرائمیورپ

فرانس میں ہائی اسپیڈ ریل سسٹم تخریب کارانہ حملوں کی زد میں

26 جولائی 2024

یہ حملے ایک ایسے وقت پر کیے گئے، جب پیرس میں اولمپکس کی افتتاحی تقریب سے چند گھنٹے قبل سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے۔ فرانس کے قومی ریلوے آپریٹر کا کہنا ہے کہ کئی علاقوں میں ریلوے کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔

  ہائی اسپیڈ ریلوے ٹریکس پر حملوں کو ''تخریب کاری‘‘ کی مربوط کارروائیاں قرار دیا گیا ہے
ہائی اسپیڈ ریلوے ٹریکس پر حملوں کو ''تخریب کاری‘‘ کی مربوط کارروائیاں قرار دیا گیا ہےتصویر: Ian Langsdon/AFP

فرانس میں  پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب سے چند گھنٹے قبل آج جمعہ کے روز ملکی  ہائی اسپیڈ ریلوے نیٹ ورک پر آتش زنی کی صورت میں حملوں کی  وجہ سے  لاکھوں مسافروں کے سفر میں خلل پیدا ہوگیا۔ ان حملوں کی تحقیقات کرنے والے ایک ذریعے نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ یہ حملے ''تخریب کاری‘‘ کی مربوط کارروائیاں تھے۔

فرانس کی سرکاری ریل کمپنی ایس این سی ایف نے اے ایف پی کو بتایا، ''یہ ٹی جی وی (ہائی اسپیڈ) نیٹ ورک کو مفلوج کرنے کے لیے وسیع پیمانے پر کیا گیا ایک بڑا حملہ ہے۔ اس کی وجہ سے بہت سے ریل ٹریکس پر ٹرینوں کی آمد و رفت منسوخ کر دی جائے گی۔‘‘

فرانسیسی حکام کے مطابق ہائی اسپیڈ ٹرین نیٹ ورک کو مفلوج کرنے کے لیے وسیع پیمانے پر ایک بڑا حملہ کیا گیاتصویر: Denis Charlet/AFP

فرانس کی قومی ریل آپریٹر کمپنی کا کہنا تھا کہ اسے راتوں رات بیک وقت کئی تخریبی کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ایس این سی ایف کا مزید کہنا تھا، ''ان کارروائیوں کے نتیجے میں اس کی بحر اوقیانوس، شمالی اور مشرقی ٹرین لائنیں متاثر ہوئی ہیں۔ آتش زنی کی صورت میں حملے ہماری تنصیبات کو نقصان پہنچانے کے لیے شروع کیے گئے۔‘‘

کمپنی نے مزید بتایا کہ متاثرہ ریلوے لائنوں پر ٹریفک بہت زیادہ متاثر ہوئی اور مرمت کے کام کے دوران یہ صورت حال چند روز تک جاری رہے گی۔ ایس این سی ایف کے چیف ایگزیکٹیو ژاں پیئر فارانڈو نے کہا کہ مجموعی طور پر آٹھ لاکھ مسافر متاثر ہوئے۔ ملکی وزیر ٹرانسپورٹ پاٹریس ویرگریٹ نے ان حملوں کو ایک ''اشتعال انگیز مجرمانہ فعل‘‘ قرار دیا، جس کے ملک میں ریلوے ٹریفک کے لیے ''انتہائی سنگین نتائج‘‘ برآمد ہوں گے۔

یہ حملے ایک ایسے وقت پر کیے گئے، جب پیرس میں اولمپکس کی افتتاحی تقریب سے چند گھنٹے قبل سخت حفاظتی انتظامات کیے گئےتصویر: Mark Baker/AP Photo/picture alliance

وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ شمالی، مشرقی اور شمال مغربی فرانس کے درمیان ریل رابطے کم ہو کر نصف رہ جائیں گے۔ ایس این سی ایف نے کہا کہ ٹرینوں کو متبادل پٹڑیوں کی جانب موڑا جا رہا ہے، ''لیکن ہمیں ان ٹرینوں کی ایک بڑی تعداد کو منسوخ کرنا پڑے گا۔ جنوب مشرقی لائن متاثر نہیں ہوئی کیونکہ وہاں تخریبی عمل ناکام بنا دیا گیا۔‘‘

قومی ریل آپریٹر SNCF نے مسافروں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے سفر ملتوی کر دیں اور ٹرین اسٹیشنوں سے دور رہیں۔ یہ حملے ایک ایسے وقت پر کیے گئے، جب پیرس میں کھیلوں کے گرمائی اولمپک مقابلوں کی افتتاحی تقریب سے قبل حفاظتی انتظامات سخت تر کر دیے گئے تھے۔ افتتاحی تقریب میں تین لاکھ تک شائقین اور وی آئی پی شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔

جمعہ کی شام ہونے والی پریڈ میں حصہ لینے والے افراد 7,500 حریف کھلاڑیوں کو 85 کشتیوں کے ایک فلوٹیلا پر دریائے سین میں چھ کلومیٹر (چار میل) تک کا سفر کرتے ہوئے دیکھیں گے۔

ایس این سی ایف کے چیف ایگزیکٹیو ژاں پیئر فارانڈو نے کہا کہ مجموعی طور پر آٹھ لاکھ مسافر متاثر ہوئےتصویر: Olivier Lejeune/MAXPPP/dpa/picture alliance

یہ پہلا موقع ہوگا جب سمر اولمپکس میں مرکزی ایتھلیٹکس کا آغاز کسی اسٹیڈیم سے باہر کھلے آسمان تلے ہو گا۔ یہ فیصلہ ایک ایسے وقت پر کئی طرح کے خطرات سے بھرپور ہے، جب فرانس ممکنہ دہشت گردانہ حملوں کی روک تھام کے لیے ہائی الرٹ پر ہے۔

ش ر ⁄ م م (اے ایف پی)

پیرس اولمپکس میں جیت کے لیے پرعزم پاکستانی خاتون شوٹر

03:01

This browser does not support the video element.

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں