1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
جرائمفرانس

فرانس میں ہائی اسپیڈ ریل سسٹم پر حملہ، مشتبہ شخص گرفتار

29 جولائی 2024

فرانسیسی وزیر داخلہ کے مطابق حکام نے ایک انتہائی بائیں بازو کے خیالات رکھنے والے شدت پسند شخص کو گرفتار کیا ہے۔ جمعے کے روز کیے گئے حملے کے بعد ملک میں ہائی اسپیڈ ٹرینوں کی آمد و رفت بحال ہو گئی ہے۔

جمعے کو فرانس کے ہائی اسپیڈ ریلوے نیٹ ورک پر آتش زنی کی صورت میں حملوں کے بعد کے مناظر
جمعے کو فرانس کے ہائی اسپیڈ ریلوے نیٹ ورک پر آتش زنی کی صورت میں حملوں کے بعد کے مناظرتصویر: Anthony Behar/Sipa USA/picture alliance

فرانسیسی وزیر داخلہ جیرالڈ دارمانیں نے آج بروز پیر کہا کہ پچھلے ہفتے ملکی ہائی اسپیڈ ریلوے نیٹ ورک پر ہونے والے حملوں کے بعد حکام نے انتہائی بائیں بازو کے خیالات رکھنے والے ایک شدت پسند شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔

فرانس کے ہائی اسپیڈ ریلوے نیٹ ورک پر آتش زنی کی صورت میں یہ حملے جمعہ کو پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب سے چند گھنٹے قبل ہوئے تھے، جن کی وجہ سے  لاکھوں مسافروں کے سفر میں خلل پیدا ہوگیا تھا۔

فرانسیسی وزیر داخلہ نے بتایا ہے کہ اس واقعے میں ملوث ہونے کے شبے پر ایک انتہائی بائیں بازو کے ایکٹیوسٹ کو اتوار کے روز اوئسل میں ایک ''ریلوے سائٹ‘‘ سے گرفتار کیا گیا۔

اس حوالے سے خبر رساں ادارے اے ایف پی کی ایک رپورٹ میں پولیس ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مشتبہ شخص کی مبینہ طور پر بائیں بازو کے لٹریچر تک رسائی تھی اور ساتھ ہی اسے فرانس کی سرکاری ریل کمپنی ایس این سی ایف کی تکنینکی تنصیبات کی چابیوں اور آلات تک بھی رسائی حاصل تھی۔

جمعے کو فرانس کے ہائی اسپیڈ ریلوے نیٹ ورک پر آتش زنی کی صورت میں حملوں کے بعد کے مناظرتصویر: Brian Snyder/REUTERS

اس کے علاوہ جیرالڈ دارمانیں کا مزید کہنا تھا کہ اس واقعے میں ملوث تخریب کاروں نے ان حملوں کے لیے جو طریقہ کار اپنایا تھا، وہ انتہائی بائیں بازو کے شدت پسندوں کے طریقہ کار سے مماثلت رکھتا ہے۔

ٹی وی چینل فرانس ٹو ٹی وی سے گفتگو کے دوران انہوں نے مزید بتایا، ''ہم نے متعدد افراد کی شناخت کی ہے۔ اس طرح کی کارروائی روایتی طور پر انتہائی بائیں بازو (کے افراد) کی جانب سے کی جاتی رہی ہے۔‘‘

لیکن ساتھ ہی انہوں نے جلد کسی نتیجے پر پہنچنے کے خلاف تنبیہ بھی کی۔ ان کا کہنا تھا، ''ہمیں محتاط رہنا چاہیے۔‘‘

جمعے کو ہائی اسپیڈ ریلوے نیٹ ورک پر حملوں کے بعد لاکھوں مسافروں کے سفر میں خلل پیدا ہوگیا تھاتصویر: Evelyn Hockstein/REUTERS

ٹرینوں کی آمد و رفت بحال

جمعہ کے واقعے کے بعد آج بروز پیر فرانس میں ہائی اسپیڈ ٹرینوں کی آمد و رفت بحال ہونے کے بعد معمول کے مطابق جاری تھی۔

فرانسیسی وزیر داخلہ جیرالڈ دارمانیں کے مطابق ملک میں اٹھائیس ہزار کلومیٹر پر پھیلے ہائی اسپیڈ ریلوے نیٹ ورک کی سکیورٹی کے لیے 50 ڈرونز کا استعمال کیا جا رہا ہے اور ساتھ ہی 250 ریل سکیورٹی ایجنٹ اور 1,000 مینٹنینس اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔

انہوں نے ماحولیات کے حوالے سے کام کرنے والے گروپ 'ایکسٹنکشن ربیلین‘ کے  45 کارکنوں کی گرفتاری کی بھی تصدیق کی۔

دریں اثنا، فرانسیسی پولیس نے کہا ہے کہ آج ملک کے چھ علاقوں میں متعدد ٹیلی کمیونیکیشن آپریٹرز کے فائبر آپٹک نیٹ ورکس کو ''تخریب کاری‘‘ کا نشانہ بنایا گیا۔

م ا ⁄ ش ر (روئٹرز، اے ایف پی)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں