فرانس نابالغ مہاجرین کو اٹلی کی جانب دھکیل رہا ہے، اٹلی
25 اکتوبر 2018
روم نے ایک بار پھر فرانسیسی پولیس پر نابالغ تارکین وطن کو اٹلی کی جانب دھکیلنے کا الزام عائد کیا ہے۔ اٹلی کا کہنا ہے کہ ایسا کرنا ڈبلن قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ فرانس نے تاہم ان الزامات کو مسترد کیا ہے۔
اشتہار
اٹلی اور فرانس کے درمیان تعلقات دونوں ممالک کے بارڈر کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں مسلسل تناؤ کا شکار ہیں۔ اطالوی وزارت داخلہ اور وال ڈی سوسا کے سرحدی علاقوں کے مئیر حضرات نے الزام عائد کیا ہے کہ فرانس کی سرحدی پولیس اُن کے بارڈر پر پہنچنے والے مہاجر بچوں کو اٹلی کی سرحد کی جانب بھیجنے کی کوشش کرتی ہے جو کہ ڈبلن قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ مونگینیورو کے سرحدی علاقے میں آج کل پیرس اور روم کے درمیان تناؤ کی یہ ایک بڑی وجہ بنی ہوئی ہے۔
اطالوی وزارت خارجہ کے ذرائع نے ایسے کئی ٹین ایجر مہاجرین کو فرانس کی طرف سے اٹلی بھیجنے کی کوشش کے بارے میں بتایا ہے جبکہ سرحدی دیہات کے میئر حضرات اور انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کا کہنا ہے کہ یہ مشق کچھ عرصے سے جاری ہے۔
تاہم فرانس نے اٹلی کی جانب سے عائد کردہ ان الزامات کو ماننے سے انکار کیا ہے۔ فرانسیسی حکام کا کہنا ہے کہ وہ نابالغ مہاجر افراد جن کے نام فرانس بھیجے جانے کی فہرست میں شامل بھی نہیں، انہیں بھی اٹلی کی سرحد کی جانب نہیں بھیجا جاتا۔ اس کے بجائے مہاجر بچوں کو اُن کے لیے بنائے گئے مراکز میں منظم طریقے سے منتقل کیا گیا ہے۔
فلاحی تنظیم ریڈ کراس کے مطابق رواں برس اب تک مونگینیورو کے علاقے میں اکیس مہاجر بچوں کو فرانس نے اٹلی کی طرف واپس دھکیلا۔ ریڈ کراس کا کہنا تھا کہ ان بچوں کو اولکس اور بارڈونیچیا کے دیہات میں حکام نے پکڑا تھا۔ اولکس کے میئر نے اس حوالے سے کہا،’’ بد قسمتی سے یہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔ میں ان تین لڑکوں سے ذاتی طور پر مِلا ہوں۔ ان میں سے ایک کی عمر اٹھارہ سال سے کم تھی۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں ہائی وے کے ایگزٹ پر چھوڑ دیا گیا تھا۔‘‘
ص ح / ع ب / نیوز ایجنسی
شامی مہاجر بچے زندگی کس طرح گزار رہے ہيں؟
شامی خانہ جنگی کے سبب اپنا گھر بار چھوڑنے والے قريب 4.8 ملين افراد ميں نصف سے زائد تعداد بچوں کی ہے۔ يورپ اور مشرق وسطیٰ کے مختلف ممالک میں قائم مہاجر کيمپوں ميں پرورش پانے والے ان بچوں کو متعدد مسائل کا سامنا ہے۔
بے بسی اور معصوميت کا ملاپ
شمالی يونانی شہر اڈومينی کے قريب مقدونيہ اور يونان کی سرحد پر ايک بچہ ريلوے ٹريک پر کھيل رہا ہے۔ بلقان روٹ کی بندش کے بعد اڈومينی کے مہاجر کيمپ ميں ہزاروں مہاجرين پھنس گئے ہيں۔ اقوام متحدہ اور کئی امدادی تنظيموں کی جانب سے بارہا خبردار کيا جا رہا ہے کہ علاقے ميں مسلسل بارشوں اور سرد موسم کے سبب حالات انتہائی خراب ہيں اور بچوں ميں کئی اقسام کی بيمارياں پيدا ہونے کے امکانات کافی زيادہ ہيں۔
تصویر: Getty Images/AFP/L. Gouliamaki
پيٹ کی خاطر
يونان اور مقدونيہ کی سرحد پر ايک شامی بچہ روٹی ليے بھاگ رہا ہے۔ ايتھنز حکومت بارہا تنبيہ کر چکی ہے کہ بلقان روٹ کی بندش کے سبب يونان ميں اڈومينی کے مقام پر پھنسے ہوئے پناہ گزينوں کی تعداد ايک لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔ ايسے ميں کھانے پيشے کی اشياء کی خاطر لڑائی جھگڑے عام ہيں۔
تصویر: Getty Images/AFP/D. Dilkoff
بے بسی اور بد حالی کی تصوير
لبنان کے دارالحکومت بيروت کے نواح ميں ايک مہاجر خاتون سڑک کے کنارے بيٹھ کر اپنے بچوں کے ساتھ کھيل رہی ہے۔ لبنان ميں تقريباً ايک اعشاريہ دو ملين سے زائد پناہ گزين مقيم ہيں، جن ميں بچوں کی شرح 53 فيصد ہے۔ سيو دا چلڈرن نامی ادارے کے مطابق لبنان ميں 313,000 بچوں کو انسانی بنيادوں پر فوری مدد درکار ہے۔
تصویر: Getty Images/AFP/K. Mazraawi
بے يار و مددگار
استنبول کے قريب موٹر وے پر حکام کی جانب سے روکے جانے پر ايک غير قانونی تارک وطن کے ہاتھوں ميں بچہ بے ساختہ رو پڑا۔ گزشتہ برس ستمبر کے بعد مہاجرين کے بحران کے عروج پر ہزاروں تارکين وطن استنبول سے اڈيرن شہر کی جانب پيش قدمی کيا کرتے تھے۔ یورپ میں تارکین وطن کا بحران شروع ہونے کے بعد پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ یونان سے مقدونیہ آنے والے پناہ گزینوں میں عورتوں اور بچوں کی تعداد مردوں سے زیادہ ہو گئی ہے۔
تصویر: Reuters/O. Orsal
ايک خواب جو پورا نہ ہو سکا
ترک شہر استنبول ميں شامی بچوں کے ليے ايک اسکول۔ اگرچہ ترکی ميں ہزارہا شامی بچے اسکول جا رہے ہيں تاہم اب بھی لاکھوں کو يہ بنيادی سہولت ميسر نہيں۔ اقوام متحدہ کی بچوں سے متعلق ايجنسی نے اسی ہفتے جاری کردہ اپنی ايک رپورٹ ميں انکشاف کيا ہے کہ اس وقت تقريباً تين ملين شامی بچے تعلیم کی سہولت سے محروم ہيں۔
تصویر: DW/K. Akyol
ہر حال ميں گزارا
اس تصوير ميں ايک شامی تارک وطن خاتون اپنے بچوں کے ہمراہ بيٹھے کھانا پکا رہی ہے۔ لبنان ميں جبل الشوف کے پہاڑی سلسلے کے قريب واقع کترمایا نامی گاؤں ميں شامی پناہ گزينوں کا ايک کيمپ قائم ہے۔ پس منظر ميں برفباری ديکھی جا سکتی ہے۔
تصویر: picture-alliance/AP Photo/Mohammed Zaatari
ہر دن ايک نئی صبح
شامی شہر کوبانی سے تعلق رکھنے والے کرد مہاجرين کے بچے عارضی خيمے لگا رہے ہيں۔ آئی او ایم کے مطابق جنوری کے مہینے میں بحیرہ ایجیئن میں ڈوبنے والے ہر پانچ تارکین وطن میں سے ایک شیر خوار بچہ تھا۔ جنوری کے مہینے ميں ترکی سے یونان جانے کی کوششوں کے دوران 272 مہاجرین ڈوب کر ہلاک ہو گئے تھے جن میں 60 بچے بھی شامل ہیں۔
تصویر: Getty Images/K. Cucel
مہاجرين کی صفوں ميں شامل تنہا بچے
جرمن دارالحکومت برلن کے ايک اسکول کے اسپورٹس ہال ميں قائم مہاجر کيمپ کا ايک منظر، جہاں ايک بچہ بستروں کے سامنے کھڑا ہوا ہے۔ گزشتہ برس جرمنی پہنچنے والے تارکين وطن ميں ستر ہزار کے لگ بھگ تنہا بچے بھی شامل تھے۔
تصویر: picture alliance/dpa/S. Kahnert
مہاجرين ميں کتنے بچے شامل
پچھلے چند مہينوں کے دوران يورپ پہنچنے والے تارکين وطن ميں مردوں، عورتوں اور بچوں کی تعداد کیا تھی۔