فرینچ اوپن: کوسنیٹسووا نے ٹورنامنٹ جیت لیا
7 جون 2009تئیس سالہ کوسنیٹسووا نے دینارا سافینا کو پیرس منعقدہ فرینچ اوپن کے فائنل میں چھ چار اور چھ دو سے شکست دی۔ یہ ان کی کسی بھی گرینڈ سلیم میں دوسری فتح ہے۔ اس سے قبل وہ سن دو ہزار چار میں یو ایس اوپن جیت چکی ہیں۔
عالمی نمبر ایک دینارا سافینا نے فائنل میں شکست پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ وہ جنوری میں کھیلے جانے والے آسٹریلین اوپن کے فائنل میں سیرینا ولیمز سے ہار گئی تھیں۔ فرینچ اوپن کے فائنل میں ان کو گزشتہ برس بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ میچ کے بعد انہوں نے کہا کہ وہ امید کرتی ہیں کہ ایک روز وہ فرینچ اوپن جیت پائیں گی۔
میچ مجموعی طور پر یک طرفہ رہا اور دینارا سافینا نے کئی بار ’ڈبل فالٹ‘ کیا۔ میچ پوائنٹ پر بھی سافینا نے ’ڈبل فالٹ‘ کی۔
عالمی نمبر سات روسی کھلاڑی کوسنیٹسووا کے مطابق ان کو امید نہیں تھی کہ وہ اس برس فرینچ اوپن جیت پائیں گی۔ ان کے مطابق فرینچ اوپن ان کا پسندیدہ ٹورنامنٹ ہے۔
مردوں کا فائنل اتوار کے روز عالمی نمبر دو راجر فیڈرر اور سولڈرلنگ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ فیڈرر یہ فائنل جیت کر اپنا پہلا فرینچ اوپن اور چودہواں گرینڈ سلیم جیت کر امریکی ٹینس کھلاڑی پیٹ سیمپراس کا ریکارڈ برابر کر سکتے ہیں۔