1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتمقبوضہ فلسطینی علاقے

فلسطینی علاقوں میں نئی اسرائیلی فوجی کارروائیاں، چھ ہلاکتیں

20 ستمبر 2023

فلسطینی حکام کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے اور غزہ پٹی میں بدامنی کے نئے واقعات اور اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں چھ فلسطینی مارے گئے ہیں۔ مرنے والوں میں تین مبینہ فلسطینی عسکریت پسند بھی شامل ہیں۔

جنین میں ایک ہسپتال کے باہر ایک ایمبولنس کے قریب کھڑے فلسطینی
جنین کے مہاجر کیمپ میں اسرائیلی فوجی کارروائی کے دوران چار فلسطینی مارے گئےتصویر: Raneen Sawafta/REUTERS

یہ نئی ہلاکتیں تشدد کے اس سلسلے کی تازہ ترین کڑی ہیں، جس نے گزشتہ ایک سال سے بھی زیادہ عرصے سے اس خطے کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ فلسطینی خود مختار انتظامیہ کے محکمہ صحت کے حکام نے ان تازہ ہلاکتوں کی تصدیق کر دی ہے جبکہ مرنے والوں میں سے تین کے بارے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہ عسکریت پسند تھے۔

تل ابیب سے بدھ 20 ستمبر کے روز موصولہ رپورٹوں کے مطابق کل رات تک تازہ ترین بدامنی میں ہلاکتوں کی تعداد چار تھی۔ پھر آج صبح فلسطینی حکام نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نئی بدامنی اور اسرائیلی دستوں کی تازہ مسلح کارروائیوں میں مرنے والوں کی تعداد چھ ہو گئی ہے۔

اوسلو معاہدہ، غزہ کی امید جو چور چور ہو گئی

فلسطینی حکام کے مطابق اسرائیلی دستوں نے ویسٹ بینک کے شمالی حصے میں جنین کے مہاجر کیمپ میں جو کارروائی کی، اس میں چار افراد ہلاک اور 30 دیگر زخمی ہو گئے۔

اس کے علاوہ ایک دوسرے مہاجر کیمپ میں بھی ایک فلسطینی مارا گیا جبکہ ہلاک ہونے والا چھٹا فلسطینی وہ تھا، جسے غزہ پٹی کے علاقے میں بدامنی کے دوران اسرائیلی دستوں نے گولی مار دی۔

فلسطینی اتھارٹی کے لیے پہلی مرتبہ سعودی سفیر تعینات

ویسٹ بینک کے فلسطینی علاقے میں صورت حال کی نگرانی کرتے ہوئے اسرائیلی فوجیتصویر: Mohammed Nasser/APAimages/IMAGO

مرنے والوں میں سے تین مبینہ عسکریت پسند

اسرائیل کی فوج نے بدھ کے روز بتایا کہ گزشتہ رات اس کے دستے عقبہ جبر کے فلسطینی مہاجر کیمپ میں آپریشن کر رہے تھے کہ ایک فلسطینی نے ان پر ایک سے زائد مرتبہ دھماکہ خیز مواد پھینکنے کی کوشش کی۔ اس پر فوجیوں نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں یہ فلسطینی مارا گیا۔

فلسطینی صدر کا جنین مہاجر کیمپ کی تعمیر نو کا عزم

عقبہ جبر نامی فلسطینی مہاجر کیمپ جیریکو کے اس فلسطینی شہر کے قریب ہی واقع ہے، جہاں حالیہ عرصے سے اسرائیلی دستوں کی طرف سے بار بار مارے جانے والے چھاپوں کے دوران مسلح کارروائیاں کی جاتی رہی ہیں۔ مقامی طبی ذرائع کے مطابق مرنے والا یہ فلسطینی ایک انیس سالہ نوجوان تھا۔

اسرائیلی فوج کے ہاتھوں گزشتہ برس بیالیس فلسطینی بچے مارے گئے، اقوام متحدہ

جنین میں مارے جانے والے چار فلسطینیوں میں سے تین کے بارے میں یہ بتایا گیا ہے کہ وہ عسکریت پسند تھے، جن کا تعلق یا تو عسکریت پسند تنظیم حماس سے تھا یا ایک اور فلسطینی عسکریت پسند تنظیم جہاد اسلامی سے۔ یہ تینوں فلسطینی بھی نوجوان تھے اور ان کی عمریں تیئیس، چوبیس اور انتیس برس تھیں۔

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق اس سال صرف ویسٹ بینک کے مقبوضہ فلسطینی علاقے میں ہونے والے پرتشدد واقعات میں ہی اب تک تقریباﹰ 190 فلسطینی مارے جا چکے ہیں۔

م م / ش ر، ا ا (اے پی، اے ایف پی)

اسرائیل اور فلسطینی مکالمت کی راہ اختیار کریں، پوپ کا پيغام

02:30

This browser does not support the video element.

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں