1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتمشرق وسطیٰ

فلسطینی مہاجر کیمپ پر اسرائیلی حملہ، کم از کم 71 افراد ہلاک

13 جولائی 2024

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق غزہ پٹی میں ایک مہاجر کیمپ پر کیے جانے والے اسرائیلی حملے میں کم از کم 71 افراد ہلاک اور 289 زخمی ہو گئے ہیں۔ اسرائیل کے مطابق اس حملے میں غزہ میں حماس کے فوجی سربراہ کو نشانہ بنایا گیا۔

Gazastreifen | Angriff auf ein Zeltlager in Khan Younis
تصویر: Mohammed Salem/REUTERS

نیوز ایجنسی اے پی کے مطابق غزہ کی وزارت صحت کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ المواصی کیمپ میں اسرائیل کے '' وحشیانہ حملے‘‘ میں 71 سے زیادہ افراد ہلاک اور 289 زخمی ہو گئے ہیں۔

یہ المواصی کے علاقے میں بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کا تازہ ترین واقعہ ہے۔ اسرائیلی حملوں سے فرار ہو کر ہزاروں فلسطینی اس جنوبی علاقے کے مہاجر کیمپ میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔ اس جنگ میں عام شہریوں کی ہلاکتوں پر عالمی سطح پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے انٹیلیجنس کی بنیاد پر ''ایک ایسے علاقے میں حملہ کیا، جہاں حماس کے دو سینئر دہشت گرد‘‘ شہریوں کے درمیان چھپے ہوئے تھے۔

اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے ہفتے کے روز غزہ پر حملے میں حماس کے عسکری رہنما محمد ضیف اور خان یونس بریگیڈ کے کمانڈر رافا سلما کو نشانہ بنایا ہے۔ تاہم حماس کی جانب سے ابھی تک ان دونوں کمانڈروں کی مبینہ ہلاکت کی کوئی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی ہے۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق غزہ پٹی میں ایک مہاجر کیمپ پر کیے جانے والے اسرائیلی حملے میں کم از کم 71 افراد ہلاک اور 289 زخمی ہو گئے ہیںتصویر: Gaza Health Ministry Abed Rahim Khatib/Anadolu/picture alliance

اے ایف پی ٹی وی کی طرف سے نشر کردہ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس حملے کی جگہ سے دھوئیں کے بادل اٹھ رہے ہیں اور کچھ لاشیں سڑک کے کنارے پڑی ہوئی ہیں۔ نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اس موقعے پر ایک فلسطینی عورت زور زور سے روتے ہوئے کہہ رہی تھی، ''ہم نے کیا کیا ہے؟، ہم نے کیا کیا ہے؟ ہم تو بس ساحل کے قریب بیٹھے تھے۔‘‘

دوسری جانب اردن کے وزارت خارجہ نے المواصی کے علاقے پر اسرائیلی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

اسرائیل نے مئی میں رفح کے علاقے میں فلسطینیوں سے کہا تھا کہ وہ ساحل پر واقع المواصی میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر قائم کیے گئے ایک مخصوص علاقے میں منتقل ہو جائیں کیونکہ اسرائیلی فوج رفح میں داخل ہونے والی تھی۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق غزہ پٹی میں ایک مہاجر کیمپ پر کیے جانے والے اسرائیلی حملے میں کم از کم 71 افراد ہلاک اور 289 زخمی ہو گئے ہیںتصویر: Mohammed Salem/REUTERS

غزہ میں اس جنگ کا آغاز پچھلے سال سات اکتوبر کو جنوبی اسرائیل میں حماس کے ایک دہشت گردانہ حملے کے بعد ہوا تھا۔ اس حملے میں قریب بارہ سو اسرائیلی شہریوں کی ہلاکت کے بعد اسرائیل نے غزہ میں بڑی فضائی اور زمینی عسکری کارروائیوں کا آغاز کر دیا تھا۔ اسرائیلی فوج کی ان کارروائیوں کے نتیجے میں بڑی تعداد میں عام شہریوں کی ہلاکتوں اور غزہ میں شہری ڈھانچے کی بڑے پمانے پر تباہی کے پیش نظر اسرائیل کو عالمی سطح پر تنقید کا سامنا ہے۔

غزہ پٹی میں حماس کے زیر انتظام کام کرنے والی وزارت صحت کے مطابق جنگ شروع ہونے کے بعد سے غزہ میں اب تک کم از کم 38,443 افراد ہلاک اور 87,000 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی تھی جبکہ قریب 10 ہزار فلسطینی ابھی تک لاپتہ ہیں۔ اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق ملبے تلے دبے فلسطینیوں کی تعداد بھی اندازوں سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔

دریں اثنا، حماس اور اسرائیل کے مابین جنگ بندی کی بھرپور کوششیں جاری ہیں۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے جمعرات 11 جولائی کو واشنگٹن میں مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی سفارت کار مسائل کے باوجود جنگ بندی کے لیے بین الاقوامی ثالثوں کے ساتھ مل کر'پیش رفت‘ کر رہے ہیں۔ جو بائیڈن نے اس بات پر زور دیا تھا کہ ''اب اس جنگ کو ختم کرنے کا وقت آ گیا ہے۔‘‘

ا ا / ر ب (اے پی، اے ایف پی)

مشرقی یروشلم میں مسمار ہوتے فلسطینیوں کے گھر

04:42

This browser does not support the video element.

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں