1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فلسطینی نوجوان کی ہلاکت، امریکا اور یورپی یونین کی مذمت

عابد حسین3 جولائی 2014

بارہ جون کو اغوا ہونے والے تین یہودی نوجوانوں کی ہلاکت کے جواب میں ایک سولہ سالہ فلسطینی کو زبردستی ہلاک کر دینے کے واقعے کی امریکا اور یورپی یونین نے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

تصویر: Reuters

امریکی وزیر خارجہ جان کیری کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ فلسطینی عوام کے ساتھ اِس واقعے پر افسوس کے لیے مناسب الفاظ موجود نہیں ہیں۔ کیری نے اِس ہلاکت کی پُر زور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ’انتہائی افسوسناک‘ ہے کہ ایک سڑک سے ایک نو عمر کو اٹھا کر ہلاک کر دیا جائے۔ امریکی صدر باراک اوباما کی قومی سلامتی کی مشیر سوزن رائس نے سولہ سالہ فلسطینی نوجوان محمد ابُو خضر کی ہلاکت کو ’ظالمانہ فعل‘ قرار دیا۔ انہوں نے اسرائیلی اور فلسطینیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ فلسطینی نوجوان کو تین یہودی نوجوانوں کی ہلاکت کے بدلے میں قتل کیا گیا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق محمد ابُو خضر کو تین اسرائیلی باشندوں نے زبردستی اپنی کار میں ڈالا تھا۔ بعد میں اُس کی نعش مغربی یروشلم کے قریبی جنگل میں پائی گئی تھی۔ پولیس نے نعش کو اپنے قبضے میں لے کر اُس کا ڈی این اے ٹیسٹ بھی مکمل کر لیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے اس صورت حال پر اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو سے ٹیلی فون پر گفتگو بھی کی۔ اس بات چیت میں نیتن یاہو نے فلسطینی لڑکے کی ہلاکت پر افسوس کا بھی اظہار کیا۔

جان کیری نے بینجمن نیتن یاہو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتقامی کارروائی کرنے والوں نے سارے علاقے کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کی ہے۔ امریکی وزیر خارجہ کے مطابق اس تناؤ اور کشییدگی میں اسرائیلی حکومت اور فلسطینی اتھارٹی کو جائز اور ضروری اقدامات کرتے ہوئے تشدد کے مزید واقعات کو روکنے کے ساتھ ساتھ ظالمانہ کارروائیوں میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ہو گا۔ کیری کے خیال میں ان کارروائیوں کو انتقامی جذبے سے ہٹ کر مکمل کرنا ہو گا۔ امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان جین ساکی کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے امریکی وزیر خارجہ کو بتایا کہ فلسطینی لڑکے کی ہلاکت کی تفتیش کا حکم جاری کر دیا گیا ہے اور جلد از جلد اس واردات کا ارتکاب کرنے والوں کو عدالتی عمل سے کڑی سزا دی جائے گی۔

فلسطینی نوجوان کی ہلاکت پر یورپی یونین کی جانب سے بھی مذمتی بیان جاری کیا گیا ہے۔ یونین کی خارجہ امور کی چیف کیتھرین ایشٹن کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ یروشلم میں انتقامی کارروائی کرتے ہوئے ایک فلسطینی لڑکے کی ہلاکت کی پُرزور اور سخت الفاظ میں مذمت کی جاتی ہے۔ ایشٹن نے یہ بھی کہا کہ اِس افسوسناک وقوعے میں ملوث افراد کو ہر صورت میں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ یورپی یونین کی خارجہ امور کی چیف نے فلسطینیوں اور اسرائیلیوں سے کہا ہے کہ وہ موجودہ کشیدہ صورت حال میں نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں تا کہ حالات خراب سے خراب تر نہ ہوں۔ اُدھر بدھ کے روز مشرقی یروشلم میں محمد ابُو خضر کی ہلاکت کے ردِعمل میں فلسطینیوں اور اسرائیلی پولیس کے درمیان جھڑپوں کو بھی رپورٹ کیا گیا ہے۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں