فلسطینی وزیراعظم نے استعفیٰ پیش کر دیا
11 اپریل 2013سلام فیاض کو عالمی برادری خصوصاﹰ امریکا کی حمایت حاصل ہے۔ محمود عباس کی قطر کے دورے پر ہیں، جہاں سے وہ آج واپس پہنچے گے۔ لیکن ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ وہ فیاض کا استعفیٰ ایک ایسے وقت میں قبول کریں گے یا نہیں، جب امریکا اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے لیے کوششیں کر رہا ہے۔
امریکا کے وزیر خارجہ جان کیری پر امید ہیں کہ اسرائیل مغربی کنارے میں معاشی منصوبوں کی تکمیل کے لیے منظور ی دے دیگا۔ فیاض، جو کہ ایک مشہور اقتصادی ماہر کے طور پر جانے جاتے ہیں، ان منصوبوں پر عمل درآمد کے لیے بہت ہی اہم شخصیت سمجھے جاتے ہیں۔
وزیراعظم سلام فیاض سن 2007 سے فلسطینی اتھارٹی کے وزیراعظم ہیں۔ محمود عباس اور سلام فیاض کے درمیان تعلقات کافی عرصہ سے ناخوشگوار چلے آ رہے ہیں اور وزیراعظم نے گزشتہ سال محمود عباس کو اس بات سے آگاہ کر دیا تھا کہ وہ استعفی دینا چاہتے ہیں۔ گزشتہ ماہ فلسطینی اتھارٹی کے وزیر خزانہ نبیل کاسیس کی جانب سے استعفیٰ دینے کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان تعلقات مزید کشیدہ ہو گئے تھے۔ فیاض نے وزیر خزانہ کا استعفی قبول کر لیا تھا جبکہ محمود عباس نے وزیراعظم کے اس اختیار کو چیلنج کرتے ہوئے ان کے حکم کو مسترد کردیا تھا۔
گزشتہ چند دنوں کے دورانسلام فیاض نے اپنے قریبی ساتھیوں کو یہ بتا دیا تھا کہ وہ وزیراعظم کا عہدہ چھوڑ رہے ہیں۔ فلسطینی اتھارٹی کے تین حکام نے خبر رساں ایجنسی اے پی سے انٹرویو میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ سلام فیاض نے اپنا استعفیٰ صدر محمود عباس کو پیش کر دیا ہے۔ ایک عہدہ دار کے مطابق سلام فیاض نے فروری کے مہنیے میں محمود عباس کو اپنا استعفیٰ پیش کیا تھا جبکہ دوسرے دو عہدہ داروں کے مطابق فیاض نے اپنا استعفیٰ گزشتہ ہفتے حکام کے ذریعے پیش کیا۔
zh/ia(AP)