1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

150113 IT Palästina

Adnan ishaq15 جنوری 2013

فلسطین میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا شعبہ بہت تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ اگر کمپیوٹر کے شعبے میں یہ رجحان اسی طرح سے جاری رہا تو کیا فلسطین مستقبل میں انفارمیشن ٹیکنالوجی میں تیزی سے آگے بڑھنے والی سرزمین بن سکتا ہے؟

تصویر: Husni Abu Samrah

اسرائیلی اقتصادی مرکز تل ابیب کی سرحد مشرق کی جانب غرب اردن سے ملتی ہے۔ غرب اردن کے متعدد شہروں میں اقتصادی ترقی نہ ہونے کے برابر ہے۔ برآمدات اور سرمایہ کاری کا دور دور تک نام و نشان نہیں ہے۔ لیکن رمّلہ میں صورتحال بالکل مختلف ہے۔ وہاں ہر کونے پر نئی نئی کمپنیاں دکھائی دیتی ہیں۔ انہی میں سے ایک موبسٹائن’ Mobistine ‘ بھی ہے۔ یہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ایک چھوٹی سی کمپنی ہے اور حسنی ابو سمارہ اس کے مینیجر ہیں۔ ’’ آرڈرزکی بڑھتی ہوئی تعداد کو دیکھتے ہوئے کہا جاسکتا ہے کہ فلسطین میں آئی ٹی کا شعبہ بہت تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ اس کے علاوہ نئی کمپنیاں بھی قائم ہو رہی ہیں‘‘۔

ئن’ Mobistine ‘ 2010ء سے کام کر رہی ہے۔ یہ کمپنی عربی اور انگریزی زبان کے اسمارٹ فونز اور صحت کے شعبے کے لیے ایپلیکیشنز بناتی ہے۔ یہ عام صارف کے علاوہ خصوصی طور پر ڈاکٹرز اور مریضوں کے لیے تیار کیے جاتے ہیں۔ ابو سمارا کی کمپنی میں اس وقت پانچ افراد کام کرتے ہیں۔ یہ ملازمین اپنے شعبے کے ماہر ہونے کے ساتھ ساتھ تجربہ کار بھی ہیں۔ ابو سمارا کہتے ہیں کہ آئے دن ٹیکنالوجی کے بدلتے ہوئے رجحان اور اس شعبے میں ہونے والی دن دوگنی اور رات چوگنی ترقی کی وجہ سے نئے راستے کھل رہے ہیں اور نوجوان نسل اس جانب راغب ہو رہی ہے۔ ’’ کمپیوٹر ماہرین کے پاس مقامی اور بین الاقوامی اداروں میں کام کرنے کے مواقع موجود ہیں۔ اس کے لیے انہیں فلسطین سے باہر جانے کی بھی ضرورت نہیں ہوتی‘‘۔

فلسطینی علاقوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بڑھنے کے امکانات واضح طور پر موجود ہیںتصویر: Husni Abu Samrah

2008 میں فلسطین کی مجموعی قومی پیداوار میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا حصہ 0,8 فیصد تھا جبکہ 2012ء میں یہ بڑھ کر سات فیصد تک پہنچ گیا ہے۔ اس اضافے کی وجہ سیاسی صورتحال بھی ہے۔ انٹرنیٹ کی آزادی کی وجہ سے آئی ٹی کمپنیوں کو اسرائیل کنٹرول نہیں کر سکتا۔ تل ابیب میں قائم کمپنی سسکو نے بھی اپنے کئی آرڈرز فلسطینی کمپنیوں کو دیے ہیں۔ زیکا ابزوک سسکو کے اسرائیلی آفس میں سینیئر مینیجر ہیں۔ وہ کہتے ہیں ’’ فلسطینی علاقوں میں اس شعبے کے ماہر افراد موجود ہیں اور ان کےساتھ کام کرنے پر بھارت سے بھی کم اخراجات آتے ہیں۔ فلسطینیوں کے ساتھ کام کرنا بہت آسان ہے‘‘۔

فلسطینی علاقوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بڑھنے کے امکانات واضح طور پر موجود ہیں۔ وہاں کمپیوٹر کے شعبے میں تعلیم حاصل کرنے کے رجحان میں بہت تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ ہر سال فلسطینی علاقوں سے تقریباً دو ہزار طلبہ آئی ٹی کی پڑھائی مکمل کرتے ہیں۔

F.Mebes / ai / Ij

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں