فلم سنسر کرنے کے مطالبے پر مودی کی پارٹی تنقید کی زد میں
21 اکتوبر 2017خبر رساں ادارے اے ایف پی نے بھارتی میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی سیکرٹری ایچ۔ راجہ کی طرف سے تامل زبان کی فلم ’میرسل‘ کا ایک سین سنسر کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے، جس میں راجہ کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف نفرت پھیلانے کی کوشش کی گئی ہے۔ دیوالی پر ریلز کی گئی اس بڑے بجٹ کی فلم میں مرکزی کردار حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہتا ہے کہ وہ عوام کو صحت عامہ کی مفت سہولت فراہم کرنے میں ناکام ہو گئی ہے۔
میرسل نامی اس فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والے مشہور تامل اداکار وجے ایک سین میں کہتے ہیں کہ حکومت جی ایس ٹی کی مد میں اٹھائیس فیصد لے رہی ہے لیکن پھر بھی وہ عوام کو مفت طبی سہولیات فراہم نہیں کر سکی ہے۔
اس کردار میں وجے مزید کہتے ہیں، ’’سنگاپور میں عوام جی ایس ٹی کی مد میں سات فیصد ادا کرتے ہیں اور حکومت انہیں مفت طبی سہولیات دیتی ہے۔ بھارتی حکومت شہریوں سے اٹھائیس فیصد جی ایس ٹی وصول کرتی ہے لیکن پھر وہ عوام کو مفت طبی سہولت فراہم کیوں نہیں کرتی؟‘‘
تامل فلم میرسل کے اس سین پر بھارتی حکمران سیاسی پارٹی کے کچھ حلقوں میں بے چینی دیکھی گئی جبکہ بی جے پی کے اعلیٰ اہلکار ایچ۔ راجہ نے الزام عائد کر دیا ہے کہ یہ سین ’مودی مخالف اور نفرت انگیز‘ ہے۔ انہوں نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ اس سین کو فلم سے سنسر کر دیا جائے۔ انہوں نے ایک ٹوئٹ میں کہا، ’’یہ جھوٹ ہے کہ سنگاپور میں طبی سہولیات مفت ہیں۔‘‘
بھارتیہ جنتا پارٹی کی طرف سے اس سین کو فلم سے نکالنے کے مطالبے پر سوشل میڈیا پر ایک بحث شروع ہو چکی ہے، جس میں لوگ مودی کی سیاسی جماعت کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ ہفتے کے دن بھارت میں #Mersal اور #MersalvsModi ٹرینڈ کرتا رہا۔
ٹوئٹر کے کئی صارفین نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی آزادی رائے پر قدغن لگانے کی کوشش میں ہے۔ دریں اثنا اپوزیشن کانگریس پارٹی کے نائب صدر راہل گاندھی نے بھی اپنے ایک ٹوئٹ میں مودی کی پارٹی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ تامل ثقافت میں سینما اظہار خیال کا ایک اہم آلہ ہے، اس لیے حکومت کو اس میں مداخلت کی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔
میرسل فلم دیوالی کے موقع پر بدھ کے دن ریلز ہوئی تھی۔ ابتدائی باکس آفس جائزوں کے مطابق اتلی کمار کی یہ فلم ریکارڈ بزنس کر رہی ہے۔ اس فلم میں وجے نے ٹرپل رولز ادا کیے ہیں۔ اس فلم کی موسیقی مشہور موسیقار اے آر رحمان نے ترتیب دی ہے۔