1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فلم ’’ فاسٹ اینڈ فیوریئس‘‘ کے اداکار پال والکر حادثے میں ہلاک

عابد حسین2 دسمبر 2013

ایکشن فلم سیریز ’’ فاسٹ اینڈ فیوریئس‘‘ میں خفیہ ایجنٹ برائن اوکونر کے کردار میں اپنی بھرپور پرفارمنس سے مشہور ہونے والے ہالی ووڈ ادارکار پال والکر ایک کار حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔

تصویر: picture-alliance/dpa

چالیس سالہ پال والکرفلم سیریز ’’ فاسٹ اینڈ فیوریئس‘‘ میں اپنی تیز رفتار گاڑی چلانے کی وجہ سے مقبول تھے۔ اس سیریز کی چھ میں سے پانچ فلموں میں انہوں نے پولیس کے خفیہ ایجنٹ برائن او کونر کا کردار ادا کیا۔ وہ اپنے دوست کے ساتھ ایک اسپورٹس کار میں سوار تھے۔ حادثے کا شکار ہونے والی سرخ رنگ کی پورشے اسپورٹس کار کو ان کا ایک دوست چلا رہا تھا۔

پال والکر پانے ساتھی اداکاروں کے ساتھتصویر: picture-alliance/dpa

گاڑی ٹریفک سگنل سے ٹکرانے کے بعد ایک درخت سے بھی ٹکرائی۔ موٹر گاڑ ی حادثے کے بعد انتہائی بڑی طرح تباہ ہو گئی تھی۔ ان کو دوسرے راہ گیروں نے فوراً پہچان لیا تھا۔ ایک شخص نے پال والکر کو جلتی گاڑی میں سے نکالنے کی کوشش بھی کی لیکن وہ کامیاب نہیں ہو سکا۔ گاڑی جس سڑک پر تیز رفتاری کے ساتھ چلائی جا رہی تھی، وہاں حد رفتار 45 میل فی گھنٹہ یا 72 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔ گاڑی ٹکرانے کے فوراً بعد آگ کی لپیٹ میں آ گئی اور دونوں سوار موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

ہالی ووڈ کے اداکار پال والکر کی کار حادثے میں ہلاکت کی ابتدائی پولیس انکوائری کی تفصیلات بھی سامنے آنا شروع ہو گئی ہیں۔ امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس کے انتظامی امور کے شیرف ڈیپارٹمنٹ کے مطابق حادثے میں تیز رفتاری سب بڑی وجہ تھی۔ لاس اینجلس کے حکام جب حادثے کے مقام پر پہنچے تو سرخ رنگ کی پورشے گاڑی شعلوں میں لپٹی ہوئی تھی۔ حادثہ لاس اینجلس شہر کے علاقے ویلنسیا میں ہوا اور وہاں پال والکر خیراتی امور کے سلسلے میں فنڈ اکھٹا کرنے گئے ہوئے تھے۔ فلپائن میں ہیان طوفان کی تباہ کاریوں سے متاثرہ افراد کی مدد کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں وہ شریک تھے۔ یہ تقریب لاس اینجلس کے علاقے ویلینسیا میں ایک خیراتی تنظیم ریچ آؤٹ ورلڈ وائڈ (ROWW) نے منعقد کر رکھی تھی۔

حادثے کا شکار ہونے والی سرخ رنگ کی پورشے اسپورٹس کار کو ان کا ایک دوست چلا رہا تھاتصویر: Porsche

سسپنس اور تھرلنگ سے بھرپور فلم ’’ فاسٹ اینڈ فیوریئس‘‘ کے اداکار پال والکر کی نئی فلم رواں برس ریلیز ہوئی تھی اور اُس نے شاندار کامیابی حاصل کی تھی۔ اس سلسلے کی ساتویں فلم اگلے سال ریلیز ہونے والی تھی۔ اُس کی عکس بندی کا آغاز ہو چکا ہے۔ پال والکر کی ایک اور فلم ’’ ہاورز‘‘ رواں مہینے کے وسط میں ریلییز کی جا رہی ہے۔ ریلیز ہونے والی فلم میں سمندری طوفان کترینا میں زخمی ہو جانے والی ایک بچی کے باپ کی جدوجہد کو دکھایا گیا ہے۔

اُن کی موت کی خبر کو فیس بُک اور ٹویٹر پر سب سے پہلے ریلیز کیا گیا۔ پال والکر کی ہلاکت کے بعد ہالی ووڈ فلم انڈسٹری کے اداکاروں نے اپنے تعزیتی پیغام فیس بُک پر شائع کرنے شروع کر دیے۔ ان کی تعزیت کے پیغامات پر دس لاکھ سے زائد افراد نے اپنا جوابی پیغام یا اُس کو کلِک کیا۔

والکر اسپورٹس گاڑیوں کو تیز رفتاری سے چلانے کے شوقین تھے۔ اس کے علاوہ وہ سمندری اسپورٹس کے بھی دلداہ تھے۔ وہ اکثر خود کو سمندر کا رسیا قرار دیا کرتے تھے۔ اپنے پیچھے وہ ایک پندرہ سالہ بیٹی چھوڑ گئے ہیں۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں