1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فلوجہ: عراقی حکومت کی آزمائش کا مقام

عابد حسین11 جنوری 2014

عراقی صوبے الانبار کے اہم شہر فلُوجہ اور صدر مقام رمادی کے بعض حصوں پر القاعدہ سے وابستگی رکھنے والے سنی انتہا پسند اب قابض ہیں۔ فلوجہ شہر کی بازیابی کو بغداد حکومت کا سخت امتحان سمجھا جا رہا ہے۔

تصویر: Reuters

عراق کے صوبے الانبار کے ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ خضیر شلال نے نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ گزشتہ دوہفتوں کے دوران 60 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ شلال کے مطابق انتہا پسند جنگجوؤں اور عراقی سکیورٹی فورسز کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے دوران 43 افراد رمادی جبکہ 17 فلوجہ میں ہلاک ہوئے ہیں۔ زخمیوں کی تعداد 300 کے قریب بتائی گئی ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ اگلے دنوں میں کسی بڑی لڑائی کی صورت میں فریقین کے ساتھ ساتھ عام سویلین ہلاکتوں کا بھی امکان ہے۔

فلوجہ شہر کی بازیابی کو بغداد حکومت کا سخت امتحان سمجھا جا رہا ہے۔تصویر: Reuters

الانبار میں موجودہ صورتحال گزشتہ برس 28 دسمبر سے شروع ہوئی جب حکومت نے عسکریت پسندوں کے ایک کیمپ کو زبردستی ختم کر دیا تھا اور اُس کے بعد القاعدہ سے وابستگی رکھنے والی انتہا پسند تنظیم اسلامی ریاست برائے عراق و شام کے مسلح جنگجوؤں نے مقامی گروپوں کی مدد سے فلوجہ شہر پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے کے علاوہ صوبائی صدر مقام رمادی کے بعض حصوں کو بھی اپنے قبضے میں لے لیا۔ الانبار صوبے کی صورت حال پر جہاں نوری المالکی کی حکومت پریشان ہے وہیں اُس کے بڑے اتحادی امریکا نے اپنی تشویش کا اظہار بھی کیا ہے۔

انتہا پسندوں کے قبضے میں آئے ہوئے شہر فلوجہ کے اندر مقامی لوگوں نے خود کو مسلح کرنا شروع کر دیا ہے اور ان میں کچھ ایسے گروپ بھی ہیں جو عراق میں امریکی فوج کے خلاف بھی مسلح کارروائیوں میں شریک ہو چکے ہیں۔ یہ امر اہم ہے کہ عراق میں پانچ ہزار کے قریب مرنے والے امریکی فوجیوں میں سے ایک تہائی کی ہلاکت فلوجہ میں ہوئی تھی۔ اِس میں سن 2004 میں ہونے والی فلوجہ کی جنگ بہت اہم خیال کی جاتی ہے۔ امریکی کمانڈوز کو فلوجہ میں سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اِس تناظر میں بغداد حکومت کو فلوجہ پر دوبارہ قبضے کے لیے بڑی مشکل اور آزمائش کا سامنا ہے۔

انتہا پسند تنظیم اسلامی ریاست برائے عراق و شام کے مسلح جنگجوؤں نے مقامی گروپوں کی مدد سے فلوجہ شہر پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیاتصویر: Reuters

عراقی صوبہ الانبار کے صدر مقام رمادی سے جاری ہونے والے ایک اعلان کے مطابق شہر کے نواحی علاقوں مالعب اور فُرسان کو انتہا پسندوں کے قبضے سے آزاد کروا لیا گیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع نے خیال ظاہر کیا ہے کہ القاعدہ سے وابستگی رکھنے والی تنظیم اسلامی ریاست برائے عراق و شام کے جنگجوؤں کی گرفت اب فلوجہ اور رمادی کے بعض حصوں پر کمزور ہونے لگی ہے۔ تاہم اِس وقت بھی فلوجہ شہر پر انتہا پسندوں کا مکمل کنٹرول ہے۔ اسی طرح رمادی شہر کے بعض علاقے انتہا پسندوں کے قبضے میں ہیں۔

دوسری جانب اقوام متحدہ اور غیر سرکاری تنظیموں نے بتایا ہے کہ مقبوضہ مقامات میں عام لوگوں تک رسائی ناممکن ہو چکی ہے۔ مقبوضہ مقامات میں عام لوگ ضروریات زندگی کے لیے پریشان ہیں۔ دریں اثنا امریکا نے بغداد حکومت سے ایک بار پھر مطالبہ کیا ہے کہ وہ سیاسی مصالحت کے عمل کو شروع کرے۔ اِس سے قبل امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے عراق میں ایک مرتبہ پھر امریکی فوجوں کو بھیجنے کی نفی کر دی تھی۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں