فلوریڈا میں فائرنگ کا واقعہ، پانچ افراد ہلاک
7 جنوری 2017جمعے کو اس واقعے کے بعد ہوائی اڈے پر مسافر جان بچانے کے لیے اِدھر اُدھر بھاگتے دکھائی دیے۔ حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے اس واقعے میں دیگر آٹھ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے کا مبینہ ملزم 26 سالہ سابقہ امریکی فوجی ایسٹبن سینتیاگو ہے، جسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ فائرنگ کے اس واقعے کے بعد فلوریڈا کا یہ اہم ہوائی اڈہ بند کر دیا گیا۔
یہ واقعہ ہوائی اڈے کے ٹرمینل دو کے سامان وصول کرنے کے حصے میں پیش آیا، جہاں مشتبہ مسلح شخص نے نیم خودکار رائفل سے فائرنگ شروع کر دی۔ ایک عینی شاہد نے امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز کو بتایا کہ وہ اپنا بیگ وصول کر رہا تھا، جب اس نے گولی چلنے کی آوز سنی، ’اسی دوران میرے ساتھ کھڑا شخص زمین پر گرا۔ پھر ہر طرف افراتفری تھی۔‘‘
اس شخص کا کہنا تھا کہ مسلح حملہ آور ہاتھ میں گن پکڑے ہوئے تھا اور لوگوں کو نشانہ بنا رہا تھا۔
فی الحال اس واقعے کے اسباب معلوم نہیں ہو سکتے ہیں، تاہم امریکا میں، جہاں آتشیں اسلحہ حاصل کرنا آسان اور قانونی ہے، اس طرح کے واقعات تواتر سے دیکھے جا سکتے ہیں۔
میامی میں امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے FBI کے ایک اہلکار نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ملزم سینتیاگو الاسکہ سے فورٹ لاؤڈرڈیل پہنچا تھا، جب کہ راستے میں اس کی ایک شخص کے ساتھ تکرار ہوئی تھی۔
حکام کے مطابق ملزم کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بغیر گولی چلائے حراست میں لے لیا ہے۔ مقامی پولیس کے مطابق اس واقعے کے تمام تر ممکنہ محرکات بہ شمول دہشت گردی کو جانچا جا رہا ہے، تاہم واقعے کے حقیقی اسباب سامنے آنے میں کچھ وقت لگے گا۔