1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فلپائن: منڈاناؤ جزیرے پر 6.9 شدت کا نیا زلزلہ

4 دسمبر 2023

فلپائن کے جزیرے منڈاناؤ میں پیر کی صبح تک شدید زلزلے کے بعد امدادی سرگرمیاں جاری رہیں۔ متعدد ضمنی جھٹکوں کے بعد 6.9 کی شدت کا ایک اور زلزلہ بھی آیا ہے۔

Philippinen | Erdbeben
تصویر: AFP/Getty Images

فلپائن  کے منڈاناؤ جزیرے کے مشرقی ساحل پر پیر کی صبح ایک اور بڑا زلزلہ آیا۔  ہفتے کے آخر میں اسی علاقے کے ارد گرد زلزلوں اور آفٹر شاکس نے پورے علاقے کو لرزا کر رکھ دیا۔ یو ایس جیولوجیکل سروے کے مطابق پیر کی صبح مقامی وقت کے مطابق صبح  چار بجے سے کچھ پہلے 6.9 شدت کا زلزلہ شمال مشرقی ساحل سے تقریباً 72 کلومیٹر کے فاصلے پر تقریباً 30 کلومیٹرکی گہرائی میں آیا۔

قبل ازیں ہفتے کے روز دیر گئے 7.6 کی شدت کا زلزلہ جس علاقہ میں آیا تھا وہیں  اتوار کو 6.6 شدت کا ایک اور جھٹکا محسوس کیا گیا۔  USGS کی ویب سائٹ پر ہفتے کے آخر میں محسوس کیے گئے زلزلے کے  درجنوں ضمنی جھٹکوں کے واقعات درج کیے گئے۔

قریب دو ہزار آفٹر شاکس ریکارڈ کیے تصویر: Shaira Ann Sandigan/AP/picture alliance

منیلا حکام نے  بتایا کہ فلپائن کے جنوبی صوبے میں آنے والے 7.4  کی شدت کے زلزلے میں کم از کم تین افراد ہلاک اور درجنوں دیگر زخمی ہوئے جبکہ سینکڑوں مکانات اور عمارتیں تباہ ہو گئیں۔ ہفتے کو آنے والے اس زلزلے کا مرکز صوبہ Surigao del Sur کے Cagwait قصبے میں، ہیناتوان شہر سے تقریباً 100 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا۔

فلپائنی انسٹی ٹیوٹ آف وولکینولوجی اینڈ سیسمولوجی کے مطابق دو دسمبر کے بعد سے اب تک قریب دو ہزار آفٹر شاکس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ اگلے چند ہفتوں میں مزید آفٹر شاکس سے بھی متنبہ کیا گیا ہے۔ متاثرہ رہائشیوں پر زور دیا کہ اگر ان کے گھروں کی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے تو وہ فی الحال وہ اپنے گھروں میں داخل نہ ہوں۔

ہیناتوان شہر کی پولیس کے ایک اسٹاف سارجنٹ جوزف لیمبو نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ تازہ ترین زلزلے نے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے قصبوں میں کے مقامی رہائشیوں کو فوری طور اپنے گھروں کو دوبارہ چھوڑنے کی ہدایات جاری کی گئیں: ''وہ پچھلی رات آنے والے زلزلے کی یاد سے گھبرائے ہوئے تھے۔‘‘ پولیس کی طرف سے املاک یا مزید جانی نقصان کی جانچ کا عمل جاری ہے۔

نومبر کے وسط میں 6.7 شدت کے ایک اور زلزلے میں متعدد افراد ہلاک ہو گئے تھےتصویر: GenSan City Police Office/Xinhua/picture alliance

سنیچر کے روز آنے والے زلزلےکے بعد  مختصر وقت کے لیے علاقے میںسونامی  کی وارننگ جاری کر دی گئی تھی لیکن بعد میں اسے اٹھا لیا گیا۔

بحرالکاہل کے ''رنگ آف فائر‘‘ کے ساتھ واقع ریاستفلپائن   میں زلزلے تقریباً روز مرہ کے واقعات ہیں۔ اس علاقے کو  شدید زلزلے اور آتش فشاں سرگرمی کا ایک بڑا خطہ مانا جاتا ہے۔  نومبر کے وسط میں 6.7 شدت کے ایک اور زلزلے میں متعدد افراد ہلاک ہو گئے تھے اور ایک شاپنگ مال جزوی طور پر منہدم ہو گیا تھا۔

ک م/ا ب ا (اے ایف پی، اے پی)

https://www.dw.com/a-67621586

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں