جاوید اختر اے پی، روئٹرز، اے ایف پی، ڈی پی اے کے ساتھ
1 اکتوبر 2025
مرکزی فلپائن میں بدھ کو آنے والے طاقتور اور کم گہرے زلزلے کی شدت 6.9 تھی، جس میں حکام کے مطابق کم از کم 69 افراد ہلاک اور 140 سے زائد زخمی ہو گئے۔
حکام کے مطابق، زلزلے نے وسطی فلپائن میں کئی عمارتوں کو نقصان پہنچایاتصویر: Alan Tangcawan/AFP
اشتہار
زلزلے کا مرکز صوبہ سیبو کے شمال مشرق میں ساحلی شہر بوگو سے تقریباً 19 کلومیٹرکے فاصلے پر اور زمین کے اندر 5 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ یہ زلزلہ منگل کی رات مقامی وقت کے مطابق رات دس بجے آیا۔
صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر نے ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور متاثرین کو فوری امداد کی یقین دہانی کرائی۔
حکام نے کیا کہا؟
فلپائن انسٹیٹیوٹ آف وولکینالوجی اینڈ سیزمولوجی(فیوالوکس) نے ابتدا میں سونامی وارننگ جاری کی اور لوگوں کو ساحل سے دور رہنے کا کہا، تاہم بعد میں اسے واپس لے لیا کیونکہ کسی غیر معمولی سمندری لہر کا سراغ نہیں ملا۔
فیوالوکس کے ڈائریکٹر تیریسیٹو باکولکول نے ریڈیو انٹرویو میں کہا کہ یہ ایک بہت طاقتور زلزلہ سمجھا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں بھاری نقصانات اور جھٹکوں (آفٹر شاکس) کی توقع ہے۔
یہ زلزلہ ایک شدید طوفان کے فوراً بعد آیا جس نے جمعہ کو سیبو کے علاقے کو متاثر کیا تھا، اس میں درخت گرنے اور سیلاب کے باعث کم از کم 27 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات تقریباﹰ دس بجے آیاتصویر: Municipality of Daanbantayan/REUTERS
وسیع پیمانے پر نقصان اور خوف و ہراس
زلزلے سے مرکزی فلپائن کی کئی عمارتیں تباہ ہو گئیں، جن میں دو چرچ اور ایک اسپورٹس کمپلیکس شامل ہیں۔
شدید جھٹکوں نے بجلی کا نظام مفلوج کر دیا، جس سے لوگ اندھیرے میں خوفزدہ ہوکر گھروں سے باہر نکل آئے۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں عمارتوں کو گرتے اور عوام کو بازار میں خوف کے عالم میں بھاگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
آفت سے نمٹنے والے ایک افسر ریکس یگوٹ نے کہا کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ممکن ہے کیونکہ حکام ایک پہاڑی گاؤں میں ملبے اور بھاری پتھروں کے نیچے دبے لوگوں کو نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
بوگو کے سیبو اسپتال میں مریضوں کا بے پناہ دباؤ ہے۔ زخمی بچے روتے رہے جبکہ بڑے علاج کے دوران چیختے رہے۔ نیلے خیموں کے نیچے اسپتال کے ڈرائیو وے پر بیڈ لگا کر علاج جاری ہے۔
سان ریمگیو قصبے کے نائب میئر، الفی رینیس نے ریڈیو پر خوراک اور پانی کی فراہمی کی اپیل کی کیونکہ زلزلے نے علاقے کا پانی کی سپلائی کا نظام تباہ کر دیا ہے۔
ادھر سیبو جزیرے کی صوبائی حکومت نے اپنے آفیشل فیس بک پیج پر طبی رضاکاروں سے مدد کی اپیل کی ہے تاکہ متاثرین کی دیکھ بھال کی جا سکے۔
فلپائن دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جو آفات کا سب سے زیادہ شکار ہوتے ہیں۔ بحرالکاہل کی "رِنگ آف فائر" پر واقع ہونے کے باعث یہاں اکثر زلزلے آتے ہیں، لیکن زیادہ تر اتنے کمزور ہوتے ہیں کہ محسوس نہیں کیے جاتے۔
فلپائن: حد سے زیادہ بھری جیلیں: ایک ’جہنم‘ کی چند جھلکیاں
فلپائن میں صدر روڈریگو ڈوٹیرٹے نے ملک میں منشیات کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی جو مہم شروع کی ہے، اُس کی وجہ سے جیلوں میں اب تِل دھرنے کو جگہ باقی نہیں رہی۔ دارالحکومت منیلا کے قریب ’سِٹی جیل‘ کے ’ہولناک‘ مناظر۔
تصویر: Getty Images/AFP/N. Celis
کھلے آسمان تلے قید
جن قیدیوں کو کوٹھڑیوں کے اندر جگہ نہیں ملتی، اُنہیں کھلے آسمان تلے سونا پڑتا ہے۔ آج کل فلپائن میں بارشوں کا موسم ہے۔ ایک طرف انتہا کی گرمی ہے اور دوسری طرف تقریباً ہر روز بارش بھی ہوتی ہے۔
تصویر: Getty Images/AFP/N. Celis
سونے کا ’کئی منزلہ‘ اہتمام
ایسے میں وہ قیدی خوش قسمت ہیں، جن کے پاس اس طرح کا کوئی جھُولا ہے، جسے وہ بستر کی شکل دے سکتے ہیں۔ ساٹھ برس پہلے تعمیر کی جانے والی اس جیل میں صرف آٹھ سو قیدیوں کی گنجائش ہے لیکن آج کل یہاں تین ہزار آٹھ سو قیدی سلاخوں کے پیچھے زندگی گزار رہے ہیں۔
تصویر: Getty Images/AFP/N. Celis
ہو گا کوئی کمرہ، جہاں ’سانس لی جا سکتی ہو گی‘
اس جیل کا ہر کونا کھُدرا کسی نہ کسی کے قبضے میں ہے۔ زیادہ تر قیدی انتہائی پتلی چادروں پر یا پھر کنکریٹ کے ننگے فرش پر سونے پر مجبور ہیں۔
تصویر: Getty Images/AFP/N. Celis
طاقتور رہنا چاہیے
ایک قیدی ’ایکسرسائز روم‘ میں ورزش کرتے ہوئے اپنے پٹھے مضبوط بنا رہا ہے۔
تصویر: Getty Images/AFP/N. Celis
سخت قواعد و ضوابط
جگہ جگہ لگی تختیاں جیل کے قواعد و ضوابط کی یاد دہانی کراتی ہیں۔ ہتھکڑیاں پہنے یہ قیدی اپنے مقدمات کی کارروائی کے منتظر ہیں۔
تصویر: Getty Images/AFP/N. Celis
صفائی ستھرائی کی ’سروس‘
ایک قیدی ٹائلٹ صاف کر رہا ہے جبکہ دوسرے قیدی کسی نہ کسی طرح اپنا وقت کاٹنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
تصویر: Getty Images/AFP/N. Celis
نہانے دھونے کا کمرہ
ان قیدیوں کو اپنے پسینے، بدبو اور غلاظت سے نجات حاصل کرنے کے مواقع کبھی کبھی ہی ملتے ہیں۔
تصویر: Getty Images/AFP/N. Celis
ایک اور مشکل رات
ایک پہرے دار شام کو ایک گیٹ کو تالا لگا رہا ہے جبکہ سلاخوں کے پیچھے لیٹے ہوئے قیدی گنجائش سے کہیں زیادہ نفوس پر مشتمل اس جیل میں ایک اور رات گزارنے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔
تصویر: Getty Images/AFP/N. Celis
کوئی سمجھوتہ نہیں
ان ’غیر انسانی‘ حالات کے لیے نو منتخب صدر ڈوٹیرٹے کو قصور وار قرار دیا جاتا ہے، جنہوں نے منشیات کے خلاف ایک ’بے رحمانہ‘ مہم شروع کر رکھی ہے۔ انہوں نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ منشیات کے عادی لوگوں کو مار ڈالیں، جس پر اس جنوب مشرقی ایشیائی ملک میں لوگوں کی جانب سے قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کے واقعات بڑھ گئے ہیں۔ عدالتی نظام چھ لاکھ ڈیلرز اور نشئیوں کے خلاف مقدمات کے باعث دباؤ میں ہے۔