1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
آفاتایشیا

فلپائن میں طاقتور زلزلے نے ملک کو ہلا کر رکھ دیا

27 جولائی 2022

فلپائن کے جزیرے لوزون میں ری ایکٹر اسکیل پر 7.1 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جب کہ منیلا میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے ریکارڈ کیے گئے۔ ملک کے شمال میں زلزلے کے سبب زمین کھسکنے کے واقعات بھی پیش آئے۔

Philippinen - Erdbeben in der Provinz Abra
تصویر: dpa

فلپائن میں بدھ کے روز لوزون کے جزیرے پر 7.1 کی شدت کا ایک طاقتور زلزلہ آیا، جس سے عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے اور متعدد علاقوں میں زمین کھسکنے کے واقعات پیش آئے ہیں۔ اس کے جھٹکے دارالحکومت منیلا تک محسوس کیے گئے، جہاں بلند و بالا عمارتوں کو بھی خالی کرا لیا گیا۔

اب تک کی اطلاعات کے مطابق زلزلے سے کم از کم ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ تاہم جانی نقصان کی یہ ابتدائی اطلاعات ہیں، کیونکہ بہت سے عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ احتیاطی تدابیر کے طور پر کچھ متاثرہ علاقوں میں بجلی کی سپلائی کو منقطع کر دیا گیا۔

ریاست میں محکمہ ارضیات کی ڈائریکٹر ریناٹو سولیڈم نے کہا کہ ''یہ ایک بڑا زلزلہ ہے اور ہمیں شدید قسم کے آفٹر شاکس کی بھی توقع ہے۔ زیادہ توجہ ابرا اور اس کے قریبی صوبوں پر مرکوز کی جا رہی ہے۔''

تصویر: AP

زلزلے کا مرکز ابرا صوبہ

حکام کے مطابق زلزلے کا مرکز ابرا صوبے کے شہر لگنگیلانگ کے قریب تھا۔ اس صوبے میں تقریباً ڈھائی لاکھ افراد مکین ہیں اور اس کے چاروں طرف ناہموار پہاڑ ہیں۔

ابرا کے صوبائی نائب گورنر جوئے برنوس نے ایک مقامی ٹیلی ویژن کو بتایا، ''ہم اب بھی ہر 15 منٹ بعد آفٹر شاکس محسوس کر رہے ہیں۔''

زلزلے کے سبب ابرا میں ایک ہسپتال جزوی طور پر منہدم ہو گیا تاہم حکام کے مطابق اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ابرا صوبے میں زلزلے کے مرکز کے قریب لگانگیلانگ کے میئر، روولین ولامور نے ایک مقامی ریڈیو اسٹیشن سے بات چیت میں کہا، ''ہم ابھی تک آفٹر شاکس کا سامنا کر رہے ہیں۔ ہمیں مکانات کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ لیکن ابھی تک کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔''

ملکی صدر بونگ بونگ مارکوس کے دفتر کا کہنا ہے کہ انہوں نے امداد اور امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں کی جانب روانہ کر دی ہیں۔

ابرا کے ایک وزیر جوئے برن نے مقامی ٹیلی ویژن نیوز پروگرام سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہر 15 منٹ بعد جھٹکے محسوس کیے جا رہے ہیں۔

تصویر: AP/picture alliance

عمارتوں کو خالی کرا لیا گیا

ایک مقامی رہنما نے مقامی ریڈیو سے بات چیت میں کہا کہ ''زلزلے کے جھٹکے 30 سیکنڈ یا اس سے بھی زیادہ وقت تک جاری رہے۔ مجھے لگا کہ میرا گھر گر جائے گا۔ اب، ہم لوگوں تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں... ابھی تک تو جھٹکے آرہے ہیں اس لیے ہم اپنے گھر سے باہر کھڑے ہیں۔''

ادھر دارالحکومت منیلا میں اس کی وجہ سے میٹرو ریل کے نظام کو روک دینا پڑا اور سینیٹ سمیت اہم عمارتوں کو خالی کرا لیا گیا۔

فلپائن بحرالکاہل کے ''رنگ آف فائر'' کے ساتھ ہی واقع ہے اور بحر الکاہل کے اس پار ہی فالٹس لائن کا ایک وسیع علاقہ ہے جہاں اکثر زلزلے آتے رہتے ہیں۔

ص ز/ ج ا (روئٹرز، اے پی، اے ایف پی)

پہلے سے بحران زدہ افغانستان میں تباہ کن زلزلے کی ہلاکت خیزی

01:44

This browser does not support the video element.

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں