1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
ماحولفلپائن

فلپائن کے جنوبی حصے میں 7.5 شدت کا زلزلہ، ہلاکتوں کا خدشہ

جاوید اختر اے پی، اے ایف پی، روئٹرز کے ساتھ
10 اکتوبر 2025

جمعہ کی صبح فلپائن کے جنوبی ساحلی علاقے میں 7.5 شدت کا زلزلہ آیا، جس کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کی گئی لیکن بعد میں واپس لے لی گئی۔ اب تک کم از کم ایک شخص کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔

فلپائن کے وسطی علاقے صوبہ سیبو کے شہر بوگو میں گزشتہ ہفتے شدید زلزلے سے گرنے والی ایک عمارت کے قریب فائر فائٹرز
پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر نے چند گھنٹے بعد فلپائن، پلاؤ اور انڈونیشیا کے لیے جاری کی گئی سونامی وارننگ واپس لے لیتصویر: Aaron Favila/AP Photo/picture alliance

جمعہ کی صبح فلپائن کے جنوبی ساحلی علاقے میں 7.5 شدت کا زلزلہ آیا، جس سے عمارتوں کو نقصان پہنچا، بجلی منقطع ہو گئی، کم از کم ایک شخص ہلاک ہوا اور ممکنہ سونامی کے خدشے کے باعث ساحلی علاقوں سے انخلا کرایا گیا۔

پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر نے چند گھنٹے بعد فلپائن، پلاؤ اور انڈونیشیا کے لیے جاری کی گئی سونامی وارننگ واپس لے لی۔

ادارے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا، ''اب اس زلزلے سے سونامی کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔‘‘

فلپائن کے جنوبی حصے میں جمعہ کی صبح سمندر کے اندر 7.5 شدت کے زلزلہ کے بعد کئی ممالک میں سونامی کی وارننگ جاری کی گئی۔ انڈونیشیا کے کئی علاقے بھی اس زلزے سے متاثر ہوئے ہیں۔

فلپائن کے زلزلہ پیما ادارے فلپائن انسٹی ٹیوٹ آف وولکینالوجی اینڈ سیسمولوجی (فی وولکس) نے خبردار کیا کہ اس طاقتور زلزلے سے نقصان اور آفٹر شاکس کا خطرہ ہے۔ یہ زلزلہ داؤاؤ اورینٹل کے علاقے منائے کے قریب سمندر میں آیا۔

امریکی سونامی وارننگ سسٹم نے بھی سونامی کے خطرے کی اطلاع دی اور کہا کہ زلزلے کے مرکز سے 300 کلومیٹر کے دائرے میں موجود ساحلی علاقوں میں خطرناک لہریں اٹھ سکتی ہیں۔

فلپائن کے صوبے داؤاؤ اورینٹل کے گورنر ایڈون جوباہیب نے کہا کہ جب زلزلہ آیا تو لوگ خوفزدہ ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ زلزلہ بہت طاقتور تھا اور کچھ عمارتوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاع ہے۔

زلزے کے بعد لوگ خوف زدہ ہوکر گھروں سے نکل آئےتصویر: Bobbie Alota/AFP

ریسکیو ٹیمیں تیار

صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر نے کہا کہ حکام زمینی صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں اور جیسے ہی حالات محفوظ ہوں گے، سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں روانہ کر دی جائیں گی۔

انہوں نے ایک بیان میں کہا، ''ہم دن رات کام کر رہے ہیں تاکہ ہر ضرورت مند تک امداد پہنچ سکے۔‘‘

متاثرہ علاقوں کے مقامی حکام سے فوری طور پر رابطہ نہیں ہو سکا۔

فی وولکس نے وسطی اور جنوبی فلپائن کے ساحلی قصبوں کے رہائشیوں پر زور دیا کہ وہ فوراً اونچی جگہوں کی طرف نکل جائیں یا اندرونِ ملک منتقل ہو جائیں، کیونکہ معمول کی لہروں سے ایک میٹر یا اس سے زیادہ اونچی سونامی لہریں اٹھنے کا امکان ہے۔

پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر نے بھی کہا کہ فلپائن میں معمول کی سطح سے ایک سے تین میٹر اونچی لہریں اٹھنے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ صرف دو ہفتے قبل فلپائن میں ایک دہائی سے زائد عرصے کا سب سے ہلاکت خیز زلزلہ پیش آیا تھا، جس میں سیبو جزیرے پر 72 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ وہ زلزلہ 6.9 شدت کا تھا اور وہ بھی سمندر میں آیا تھا۔

فلپائن بحرالکاہل کے "رِنگ آف فائر" پر واقع ہے اور وہاں ہر سال 800 سے زائد زلزلے آتے ہیں۔

صرف دو ہفتے قبل فلپائن میں ایک دہائی سے زائد عرصے کا سب سے ہلاکت خیز زلزلہ پیش آیا تھا، جس میں سیبو جزیرے پر 72 افراد ہلاک ہوئے تھےتصویر: Jacqueline Hernandez/AP Photo/picture alliance

انڈونیشیا اور پلاؤ کے لیے سونامی وارننگ

انڈونیشیا کے شمالی سلاویسی اور پاپوا کے علاقوں کے لیے سونامی وارننگ جاری کی گئی۔

پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر نے کہا کہ انڈونیشیا کے کچھ ساحلی علاقوں اور بحرالکاہل کی جزیرہ ریاست پلاؤ میں ایک میٹر تک اونچی لہریں اٹھ سکتی ہیں۔

ادھر انڈونیشیا میں حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ''پُرسکون رہیں اور غیر مصدقہ معلومات پھیلانے یا ان پر یقین کرنے سے گریز کریں۔‘‘

بیان میں کہا گیا، ''ایسی عمارتوں سے دور رہیں جن میں زلزلے کے باعث دراڑیں پڑ گئی ہیں یا جو نقصان زدہ ہیں۔ اپنے گھروں کا معائنہ کریں اور یقین دہانی کر لیں کہ وہ ساختی طور پر محفوظ ہیں اور زلزلے سے کوئی نقصان نہیں ہوا، اس کے بعد ہی دوبارہ اندر داخل ہوں۔‘‘

ادارت: صلاح الدین زین

جاوید اختر جاوید اختر دنیا کی پہلی اردو نیوز ایجنسی ’یو این آئی اردو‘ میں پچیس سال تک کام کر چکے ہیں۔
ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں