فلپائن کے ليے جرمن امداد
12 نومبر 2013
جرمن شہر فرينکفرٹ سے امدادی سامان لے کر ايک A 340 طيارہ دس نومبر کے روز روانہ ہو کر اب فلپائنی دارالحکومت منيلا پہنچ چکا ہے۔ اس سامان ميں قريب ساڑھے پانچ ہزار کمبل، تين ہزار ٹينٹ اور متعدد اقسام کی طبی اشياء شامل ہيں۔ اس کے علاوہ جرمنی کی ايجنسی برائے تکنيکی امداد (THW) کی جانب سے پانچ ماہرين بھيجے گئے ہيں، جو وہاں مقامی افراد کو پينے کا صاف پانی فراہم کرنے سے متعلق کام کريں گے۔ يہ پانچ رکنی ٹيم ملک کے سب سے زيادہ متاثر ہونے والے اور دور دراز کے علاقوں کا دورہ کرے گی تاکہ وہاں صاف پانی فراہم کرنے والی تنصيبات کا جائزہ ليا جا سکے اور ضرورت کے تحت پانی صاف کرنے اور اسے پينے کے قابل بنانے کے ليے پلانٹ لگائے جا سکيں۔
فلپائن ميں اب بھی نظام نقل و حمل اور مواصلات درہم برہم ہيں اور اسی وجہ سے امدادی کاموں ميں کافی دشوارياں پيش آ رہی ہيں۔ جرمن امدادی اداروں کی تنظيم (Aktion Deutschland Hilft) کی ماريہ روتھر کا اس بارے ميں کہنا تھا، ’’لوگوں تک امداد پہنچانے سے قبل سڑکوں وغيرہ سے ملبہ ہٹانا ضروری ہے۔‘‘
امدادی کاموں ميں جرمن پوسٹ کے کارکنان بھی حصہ لے رہے ہيں۔ قدرتی آفات سے نمٹنے کے ليے اس ادارے کی اپنی ايک ايجنسی ہے اور اس ايجنسی کے ماہرين متاثرہ علاقوں ميں رسد يا انتظامی معاملات ميں معاونت فراہم کرتے ہيں۔
ايک اور جرمن امدادی تنظيم سے تعلق رکھنے والی کورڈيلا واسر نے بتايا کہ جرمن امدادی تنظيميں فلپائن ميں فعال ديگر تنظيموں کے ساتھ مل کام کر رہی ہيں تاکہ کام منظم انداز ميں ہو سکے۔ جرمن امدادی اداروں کی تنظيم سے تعلق رکھنے والی ماريہ روتھر کے بقول فلپائن ميں امدادی کاموں کے ليے کئی ملين يورو درکار ہوں گے۔
قبل ازیں جرمن وزير خارجہ گيڈو ويسٹر ويلے نے اپنے ايک بيان ميں فلپائن کے ليے ابتدائی طور پر پانچ لاکھ يورو کی امداد کا اعلان کيا تھا۔ جرمنی کی وفاقی ايجنسی برائے تکنيکی امداد کے ترجمان نيکولاس ہيفنر نے بھی بتايا تھا کہ ان کا ادارہ جو ٹيم بھيجے گا وہ اس بات کا جائزہ لے گی کہ جرمنی کہاں کہاں مدد فراہم کر سکتا ہے۔ جرمن صدر يوآخم گاؤک نے بھی اپنے فلپائنی ہم منصب کے ساتھ بات چيت ميں وہاں اتنی زيادہ ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کيا تھا۔
واضح رہے کہ فلپائن ميں گزشتہ جمعے آٹھ نومبر کے روز آنے والے ’ہيان‘ نامی سمندی طوفان کو تاريخ کی بد ترين قدرتی آفات ميں شامل کيا جا رہا ہے۔ اندازوں کے مطابق اس شديد سمندری طوفان کے سبب قريب دس ہزار افراد ہلاک ہوئے ہيں۔