1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستفن لینڈ

فن لينڈ کا نيٹو ميں شوليت کا فيصلہ، روس کا سخت رد عمل

12 مئی 2022

فن لينڈ نے نيٹو ميں شموليت کا فيصلہ کر لیا ہے جبکہ سويڈن بھی عنقريب اس بارے ميں فيصلہ کرنے والا ہے۔ روس نے ان رياستوں کی مغربی دفاعی اتحاد ميں شموليت کو جارحيت قرار ديا ہے اور جوابی اقدامات کی دھمکی دی ہے۔

Schweden | NATO Übung Northern Wind
تصویر: Naina Helen Jama/TT News Agency/AFP/Getty Images

فن لینڈ کے صدر اور وزیر اعظم نے کہہ دیا ہے کہ وہ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو میں جلد از جلد شمولیت کے حق میں ہیں۔ یوکرین میں روسی جارحیت کے تناظر میں انہوں نے کہا کہ فن لینڈ کو نیٹو کا رکن ملک بننے کی خاطر فوری طور پر درخواست جمع کرا دینا چاہیے۔ يہ بات ايک مشترکہ بيان ميں کہی گئی، جو جمعرات کو جاری کيا گيا۔

یوکرین کے لیے بھاری ہتھیار: کونسے ممالک کس طرح کا اسلحہ فراہم کر رہے ہیں؟

سویڈن اور فن لینڈ بھی اب ’نیوٹرل‘ نہیں

جرمنی میں امریکہ کی میزبانی میں یوکرین دفاعی مذاکرات

فن لینڈ اور روس کے درمیان 1,340 کلومیٹر طویل مشترکہ سرحد ہے۔ روس نے خبردار کر رکھا ہے کہ سویڈن اور فن لینڈ کی نیٹو میں شمولیت کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ ماسکو حکومت کے مطابق نیٹو میں توسیع سے یورپ یا یہ دنیا مستحکم نہیں ہو سکتی ہے۔

فن لينڈ کی جانب سے يہ فيصلہ ايک وقت پر سامنے آيا ہے، جب برطانوی وزير اعظم بورس جانسن نے ايک روز قبل ہی فن لينڈ اور سويڈن کا دورہ کيا تھا، جس دوران انہوں نے ان دونوں ملکوں کے ساتھ دفاعی تعلقات بڑھانے کے ايک معاہدے کو حتمی شکل بھی دی۔ برطانیہ نے يہ يقين دہانی بھی کرائی ہے کہ اگر شمالی یورپی رياستوں سویڈن اور فن لینڈ پر حملہ کيا گيا، تو برطانيہ ان کی مدد کرے گا۔

24 فروری کو روس کے یوکرین پر حملے کے بعد سے فن لینڈ اور سویڈن سوچ رہے ہیں کہ اپنے تاریخی، عشروں پرانے غیر جانبدار يا 'نيوٹرل‘ رہنے کے لائحہ عمل کو ترک کر کے 30 رکنی نیٹو میں شمولیت اختيار کر لی جائے۔ اگر فن لینڈ نیٹو کا رکن بن جاتا ہے تو يہ اس نورڈک ملک کی دفاعی اور سیکورٹی پالیسی میں بڑی تبدیلی ہو گی۔ دوسری عالمی جنگ ميں اس ملک نے سابق سوویت یونین کے خلاف دو جنگیں لڑیں، جن ميں اسے شکست کا منہ ديکھنا پڑا۔ پھر سرد جنگ کے دوران فن لینڈ نیٹو سے دور رہا کيونکہ وہ سوويت يونين کو نالاں نہيں کرنا چاہتا تھا۔

نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژينس اسٹولٹن برگ نے کہا ہے کہ وہ عسکری اتحاد ميں فن لینڈ اور سویڈن کا خیر مقدم کريں گے۔

نیٹو فورسز کی ناروے میں عسکری مشقیں

02:26

This browser does not support the video element.

روس کا رد عمل

دوسری جانب روس نے خبردار کیا ہے کہ اسے پڑوسی ملک فن لینڈ کی نیٹو میں شمولیت کے جواب میں عسکری سطح کے تکنیکی اقدامات کرنے ہوں گے۔ کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے صحافیوں کو بتایا کہ نیٹو کی توسیع اور روسی سرحدوں تک رسائی، دنیا اور يورپ کو زیادہ مستحکم اور محفوظ نہیں بناتی۔ روس کی وزارت خارجہ نے کہا کہ ماسکو کو 'اپنی قومی سلامتی کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے فوجی، تکنیکی اور دیگر اقدامات کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔‘ اس نے نیٹو پر الزام لگایا کہ وہ روس کے لیے ایک اور فوجی خطرہ پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

ع س / ع ب (اے پی)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں