1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تاريخقطر

فٹبال ورلڈ کپ کا میزبان قطر، تاریخ اور سیاست کے آئینے میں

12 نومبر 2022

قطر کی انتیس لاکھ کی آبادی میں سے صرف دس فیصد ہی اس کے شہری ہیں۔ یہاں کسی غیرملکی کو شہریت دینا ایک نایاب عمل ہے۔ اسلام کی سخت گیر شکل نافذ ہونے کے باوجود یہاں غیرملکی شراب پی سکتے ہیں۔

Katar Traditioneller Markt von Souq Waqif
تصویر: Markus Gilliar/GES/picture alliance

ایک چھوٹا، لیکن توانائی کے وسائل سے مالا مال خلیجی ملک قطر اب دنیا کے سامنے اسٹیج پر اس طرح جلوہ گر ہو گا، جس طرح یہ پہلے کبھی بھی سامنے نہیں آیا ہوگا۔ اس شہرت کی وجہ قطر کی جانب سے اس ماہ کے آخر میں 2022ء کے فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی ہے۔ اس بظاہر ایک چھوٹے سے ملک نے دنیا بھر میں اپنی ساکھ میں اضافہ کیا ہے۔ دوحہ کے حکمرانوں نے اپنی قوم کو دنیا کے امیر ترین فی کس آمدنی والے شہریوں میں سے ایک بنانے کے لیے اپنی وسیع آف شور قدرتی گیس فیلڈز کا استعمال کیا ہے۔

قطر فیفا ورلڈ کپ کا میزبان بن کر دنیا کے اسٹیج پر ایک منفرد انداز میں جلوہ گر ہوا ہےتصویر: Qatar's Supreme Committee for Delivery and Legacy/AFP

انہوں نے اس رقم کو دنیا میں کھیل کے سب سے بڑے ٹورنامنٹ کی میزبانی کے لیے، عرب دنیا کا سب سے زیادہ تسلیم شدہ سیٹلائٹ نیوز چینل الجزیرہ قائم کرنے، امریکی فوجیوں کی میزبانی  کے لیے ایک بہت بڑے فوجی اڈے کی تعمیر کے لیے بھی استعمال کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ قطر طالبان سمیت دیگر فریقین کے ساتھ بات چیت کے لیے مغرب کا ایک قابل اعتماد مذاکرات کار بھی ہے۔

فیفا ورلڈ کپ، شراب نوشی کے شوقین تماشائیوں کے لیے مشکلات

دنیا میں قطر کا مقام

قطرجزیرہ نما عرب میں واقع ہے اور اس کی زمینی سرحد سعودی عرب کے ساتھ متصل ہے۔ یہ جزیرہ نما ملک بحرین اور متحدہ عرب امارات کے بھی قریب بھی ہے۔ یہ ایران سے خلیج فارس کے اس پار واقع ہے اور اس کے ساتھ سمندر میں وسیع قدرتی گیس کے وسائل کا شریک ہے۔

قطری سمندری حدود میں بیش قیمت قدرتی مائع گیس کے بے تحاشہ ذخائر ہیںتصویر: Karim Jaafar/AFP

قطر کا حجم امریکی ریاست ڈیلاویئر سے تقریباً دوگنا ہے۔ اس کی 2.9 ملین آبادی میں سے اکثریت اس کے مشرقی ساحل پر واقع دارالحکومت دوحہ کے آس پاس رہتی ہے۔ قطر بنیادی طور پر ایک ہموار، ریگستانی ملک ہے، جہاں گرمیوں میں درجہ حرارت زیادہ نمی کے ساتھ 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے اوپر چلا جاتا ہے۔

جرمن حکومت کا ’دوہرا معیار‘ ہے، قطر

قطر میں گورننس

قطر ایک مطلق العنان ریاست ہے، جس کی نگرانی اس کے حکمران امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کرتے ہیں۔ 42 سالہ شیخ تمیم نے اپنے والد کی طرف سے امارت چھوڑ دینے کے بعد جون 2013ء میں اقتدار سنبھالا تھا۔ ملک میں 45 نشستوں پر مشتمل ایک شوریٰ ہونے کے باوجود امیر مطلق العنان حکمران ہیں۔

بیالیس سالہ شیخ تمیم بن حماد الثانی اپنے والد کے اقتدار چھوڑنے کے بعد دو ہزار تیرہ میں قطر کے حکمران بنےتصویر: Vyacheslav Prokofyev/SNA/IMAGO

یہاں دیگر خلیجی عرب ممالک کی طرح سیاسی جماعتوں پر پابندی عائد ہے۔ یونین سازی اور ہڑتال کے حقوق انتہائی محدود ہیں۔ ملک میں انسانی حقوق کی کوئی آزاد تنظیمیں کام نہیں کر رہی ہیں۔ قطر کی کل آبادی کا صرف دس فیصد ہی اس کے شہری ہیں، جو گود سے لے کر گور تک وسیع سرکاری فوائد سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ نیچرلائزیشن یعنی کسی کو شہریت دینے کا عمل نایاب ہے۔

 

قطر کی تاریخ

الثانی خاندان نے 1847ء سے قطر پر حکومت کی ہے، حالانکہ یہ پہلے عثمانی اور پھر برطانوی سلطنتوں کے ماتحت تھا۔ 1971ء میں برطانیہ کے اس خطے سے نکل جانے کے بعد قطر ایک آزاد ملک بن گیا۔ یہاں تیل کی برآمدات دوسری جنگ عظیم کے بعد شروع ہوئیں، تاہم قطر کی جانب سے دنیا کو مائع قدرتی گیس کی ترسیل1997ء میں شروع کی گئی۔ اس نئی رقم نے قطر کے علاقائی عزائم کو تقویت دی۔ اس نے سیٹلائٹ نیوز نیٹ ورک الجزیرہ کی بنیاد رکھی، جس نے ذرائع ابلاغ میں ایک عرب نقطہ نظر پیش کیا۔ اس چینل نے 2011ء کی عرب بہار کے احتجاج کو ہوا دینے میں مدد کی۔ اس نے مشرق ومغرب کے سفر کے لیے ایک بڑی ایئر لائن، قطر ایئرویز بھی شروع کی۔

قطر ائیر ویز کا شمار دنیا کی چند بڑی ہوائی کمپنیوں میں ہوتا ہےتصویر: Wang Zicheng/HPIC/dpa/picture alliance

قطر کی بین الاقوامی سیاست

قطر سنی اسلام کی ایک انتہائی قدامت پسند شکل کی پیروی کرتا ہے جسے وہابیت کہا جاتا ہے، حالانکہ پڑوسی سعودی عرب کے برعکس یہاں غیر ملکیوں کو شراب پینے کی اجازت ہے۔ قطر کا عقیدہ اس کی سیاست کا بھی پتہ دیتا ہے۔ قطر نے 2011ء کی عرب بہار میں اسلام پسندوں کی حمایت کی، جن میں مصر کی اخوان المسلمین اور مصر کے سابق صدر محمد مرسی کے ساتھ ساتھ شام کے صدر بشار الاسد کے خلاف کھڑے ہونے والے بھی شامل تھے۔

چھوٹی سی خلیجی ریاست قطر کے افغانستان سے جُڑے بڑے مفادات

قطر نے امریکہ کے ساتھ ہمیشہ سے ہی قریب اور گرمجوشی والے تعلقات استوار رکھے ہیں

الجزیرہ ٹی وی القاعدہ کے رہنما اسامہ بن لادن کے بیانات چلانے کے لیے مشہور ہوا۔ قطر نے عسکریت پسند گروپ حماس کے ساتھ ساتھ امریکہ اور طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے میزبان کے طور پر بھی کام کیا، جس کی وجہ سے امریکہ 2021ء میں افغانستان سے نکل گیا۔ اسلام پسندوں کی حمایت کی وجہ سے بحرین، مصر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی طرف سے قطر کا ایک سال تک بائیکاٹ کیا گیا۔ یہ بائیکاٹ صدر جو بائیڈن کے وائٹ ہاؤس میں داخل ہونے کی تیاریوں کے دوران ختم ہوا۔

قطر کی فوجی اہمیت

1991ء کی خلیجی جنگ کے دوران مغربی فوجیوں کو ملک میں قیام کی اجازت دینے کے بعد، قطر نے ایک بلین ڈالر سے زیادہ کی لاگت سے اپنا سب سے بڑا العدید ایئر بیس بنایا۔ امریکی فوجیوں نے 11 ستمبر 2001ء کے دہشت گردانہ حملوں اور اس کے نتیجے میں افغانستان پر حملے کے بعد خفیہ طور پر اس اڈے کا استعمال شروع کر دیا تھا۔

قطر امریکا سے بارہ ارب مالیت کے جنگی جہاز خریدے گا، معاہدہ طے

قطری دار لحکومت دوحہ ہی وہ مقام تھا جہاں امریکہ اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات کے نتیجے میں امیکی فوجیں گزشتہ برس اگست میں افغانستان نے نکل گئی تھیںتصویر: Stringer/REUTERS

مارچ 2002ء میں اس وقت کے نائب صدر ڈک چینی کے دورے کی وجہ اس اڈے کی مشرق وسطیٰ میں موجودگی عام ہو گئی، حالانکہ وہاں امریکی موجودگی کے بارے میں حساسیت برسوں تک جاری رہی۔ اس کے بعد امریکہ نے 2003ء میں امریکی فوج کی سنٹرل کمانڈ کے ہیڈ کوارٹر کو العدید بیس میں منتقل کر دیا اور افغانستان، عراق اور شام میں داعش سمیت دیگر گرپوں کے خلاف  فضائی کارروائیاں شروع کیں۔ اس اڈے کو کابل سے انخلا میں مدد کے لیے بھی استعمال کیا گیا۔

امریکہ اور طالبان کے درمیان دوحہ میں بات چیت

اس اڈے پر آج بھی تقریباً 8,000 امریکی فوجی موجود ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ  ترکی بھی  قطر میں ایک فوجی اڈہ رکھتا ہے۔

ش ر ⁄ ع آ  (اے پی)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں