1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فٹبال ورلڈ کپ 2018: شائقین کے لیے سات اہم مشورے

10 جون 2018

فٹبال ورلڈ کپ کے لیے قریب 10 لاکھ شائقین روس پہنچیں گے۔ دوسرے میں ملک میں مختلف رسوم و رواج مگر ساتھ ہی مختلف طرح کے خطرات بھی موجود ہوتے ہیں۔ ڈی ڈبلیو کے نامہ نگار میہودراگ زورچ نے شائقین کے لیے کچھ مشورے تحریر کیے ہیں۔

Russland | Moskau
تصویر: DW/Soric

1۔   سڑک پر چلتے ہوئے احتیاط

ماسکو کی سڑکوں پر ایک نہایت ہی سادہ سے اصول چلتا ہے، اور وہ ہے کہ طاقتور کو برتری حاصل ہے۔ ماسکو کی انتہائی کشادہ اور 10 لین پر مبنی شاہراہیں دیکھنے میں یقیناﹰ بہت خوبصورت لگتی ہیں مگر ان سڑکوں پر ٹریفک لائٹس یا زیبرا کراسنگز کی کچھ زیادہ اہمیت نہیں ہے۔ اس لیے پیدل چلنے والوں کے لیے بہترین مشورہ یہ ہے کہ وہ ان شاہراہوں کو زیر زمین بنے راستوں سے کراس کریں۔ اس طرح بھلے آپ کو چند سے میٹر زائد تو چلنا پڑیں گے مگر جان زیادہ قیمتی ہے۔

2۔   میٹرو کا استعمال

میٹرو بس میں اگر کوئی زائد عمر کی خاتون داخل ہوتی ہے تو اکثر مرد اسے اپنے نشست پیش کر دیتے ہیں۔ مگر میٹرو میں کسی روسی شہری کے ساتھ بات چیت کا امکان انتہائی کم ہے اس کی بڑی وجہ میٹرو میں انتہائی زیادہ شور ہے۔ لہٰذا زیادہ تر روسی اپنے موبائل پر ہی گھورتے رہتے ہیں۔

بسوں وغیرہ میں وائی فائی مفت دستیاب ہے۔ مگر یہ غیر محفوظ کنکشن ہوتا ہے۔ لہٰذا جب آپ اس نیٹ ورک سے منسلک ہیں اور اپنا کوئی پیغام پڑھ رہے ہیں تو ممکن ہے کہ کوئی آپ کے موبائل پر موجود معلومات تک رسائی حاصل کیے ہوئے ہو۔

پیدل چلنے والوں کے لیے بہترین مشورہ یہ ہے کہ وہ ان شاہراہوں کو زیر زمین بنے راستوں سے کراس کریں۔تصویر: DW/Soric

3۔   پاسپورٹ ہمیشہ اپنے ساتھ رکھیے

سوویت یونین تو ختم ہو چکا مگر ’’دستاویزات‘‘ سے محبت آج بھی قائم ہے۔ یہی وجہ ہے کہ روس کے دورے پر آئے ہوئے ہر شہری کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنا پاسپورٹ ہر وقت اپنے ساتھ رکھے۔ کوئی بھی اہلکار آپ سے بس میں، سڑک پر یا پھر اسٹیڈیم میں آپ کے پاسپورٹ کے بارے میں پوچھ سکتا ہے۔ اور اگر آپ کے پاس پاسپورٹ نہیں تو آپ کے لیے مسئلہ ہو سکتا ہے۔ فٹبال ورلڈ کپ کے دوران پولیس کی طرف سے خاص طور پر زیادہ سختی ہو گی۔

4۔   سڑکوں گلیوں میں کھانے سے گریز کریں

فٹبال میچوں کے دوران پرچم لہرانے، نعرے لگانے یا اسٹیڈیم میں موجود دیگر تماشیوں کے ساتھ مل کر انجوائے کرنے سے یقیناﹰ آپ کو بھوک بھی لگے گی۔ لیکن اگر آپ کا پیٹ جلد خراب ہو جاتا ہے تو پھر آپ کو کھلی جگہوں پر دستیاب کھانے پینے کی اشیاء سے اجتناب کرنا چاہیے۔ ورنہ آپ اسٹیڈیم کی بجائے کئی دن آرام بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔ زیادہ تر لوگوں ریستورانوں کا ہی انتخاب کرتے ہیں اور یہ نسبتاﹰ سستے بھی ہیں۔

لیکن اگر آپ کو پیاس لگی ہے تو کواس Kvass نامی مشروب آپ ضرور ٹرائی کر سکتے ہیں۔ یہ مشروب دیگر ملکوں میں عام طور پر نہیں ملتا۔ یہ روٹی کے خمیر سے بنایا جاتا ہے مگر یہ بیئر کی طرح تیز نہیں ہوتا اور نہ ہی لیمونیڈ کی طرح بہت میٹھا، مگر اسے پی کر فرحت کا احساس ہوتا ہے۔ اورنج براؤن رنگ کا یہ مشروب عام طور پر اسٹیڈیم اور گلیوں بازاروں میں مل جاتا ہے، بہت کم پیسوں میں۔ اسے ضرور آزمائیے۔

اگر آپ کو پیاس لگی ہے تو کواس Kvass نامی مشروب آپ ضرور ٹرائی کر سکتے ہیں۔تصویر: DW/Soric

5۔   گلیوں سڑکوں سے خریداری سے گریز

سڑکوں وغیرہ کے کنارے بکتی کوئی چیز جو شاید آپ کو بہت سستی لگے مگر وہ بہت مہنگی ثابت ہو سکتی ہے کیونکہ عام طور پر وہ کام ہی نہیں کرے گی۔ مثال کے طور پر ٹرین اسٹیشن کے باہر بکنے والے سِم کارڈز یا چارجنگ کیبل یا پھر بچوں کے کھلونے۔ سیاح البتہ ٹرین اسٹیشن کے اندر یا سب وے میں بنی ہوئی چھوٹی دکانوں سے عام استعمال کی چیزیں بہت  کم قیمت میں خرید سکتے ہیں مثلاﹰ چھتریاں، جرابیں، یادگاری اشیاء وغیرہ۔

6۔   گاہک ہیمشہ درست نہیں ہوتا

برطانوی خیال کہ ’’گاہک ہمیشہ درست ہوتا ہے‘‘ روس میں ابھی تک جگہ نہیں بنا سکا۔ کسٹمر خاص طور پر باہر سے آئے ہوئے لوگ، اکثر دکانداروں، بیروں یا پھر میزبانوں کے رویے سے پریشان ہو جاتے ہیں۔ روس میں بہت جدید چیزیں بننے کے باوجود کاروبار زیادہ ترقی نہیں کر رہا اور اس کی ایک وجہ اچھی سروس کا فقدان ہے۔

مثال کے طور پر آپ کسی ریستوران میں کھانا کھا رہے ہیں تو عین ممکن ہے کہ آپ کے آخری نوالہ منہ میں ڈالنے سے پہلے ہی ویٹر آ کر میز صاف کر دے۔

سیاح ٹرین اسٹیشن کے اندر یا سب وے میں بنی ہوئی چھوٹی دکانوں سے عام استعمال کی چیزیں بہت  کم قیمت میں خرید سکتے ہیں مثلاﹰ چھتریاں، جرابیں، یادگاری اشیاء وغیرہ۔تصویر: DW/Soric


7۔   ووڈکا پینے کے مقابلے سے پرہیز

شراب پینے کے معاملے میں روسی بہت ہی غیر محتاط یا لاپرواہ ہیں۔ پارٹی وغیرہ میں تو عام طور پر تہذیب کا مظاہرہ کیا جاتا ہے مگر کبھی کبھی صورتحال قابو سے باہر بھی ہو سکتی ہے۔ اس  لیے سیاحوں کے لیے بہتر یہی ہے کہ وہ کسی روسی باشندے کے ساتھ روس کی مخصوص شراب ووڈکا پینے کے مقابلے سے گریز ہی کریں۔

ا ب ا / ع ت (میہودراگ زورچ)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں